https://youtu.be/NDnWDwfLk28 محض خدا تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقفِ نو بینن کے زیر انتظام مورخہ یکم تا ۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو ملک بھر میں ہفتہ وقفِ نو منانے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذٰلک ہفتہ کے انعقاد کی ہدایت مرکز کی طرف سے موصول ہونے کے بعدبینن کے تمام ریجنز میں ان ہدایات کو فرنچ زبان میں ترجمہ کرکے بھجوایا گیا۔ جس میں واقفینِ نو کے والدین کی ذمہ داریاں، ۱۵سال سے زائد عمر کے واقفینِ نو کا تجدید وقف کرنا، رضاکارانہ طور پر جماعت کے مختلف شعبہ جات میں خدمت کے لیے واقفینِ نو کا خود کو پیش کرنا اور دروس و خطباتِ جمعہ کے لیے وقفِ نو کی اہمیت کو احباب پر اجاگر کرنا جیسی ہدایات شامل تھیں۔ دورانِ ہفتہ ریجن کوتونو (Cotonou)، پورتونوو (Porto-Novo)، کالاوی (Calavi) اور بوہیکوں (Bohicon) میں ریجنل سیمینارز کا انعقاد عمل میں آیا۔ ان سیمیناز میں نا صرف واقفینِ نو بچوں نے شرکت کی بلکہ ان کے والدین بھی شامل ہوئے اور سیمینارز کے بعد مجالس سوال و جواب کا بھی انعقاد ہوا۔ ان سیمینارز میں ۳۹ واقفینِ نو جبکہ ۲۵ والدین نے شرکت کی۔ دورانِ ہفتہ ۶ ریجنز میں وقفِ نو کلاسز کا اجراء ہوا، ۱۷ مساجد میں خطباتِ جمعہ برعنوان وقفِ نو ہوئے جبکہ ۲۷ دروس دیے گئے۔ اس کے علاوہ ۹۰ واقفین سے بالمشافہ و ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان تمام کاوشوں کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں اپنی رضا کی راہوں پر چلنے والا بنائے۔ آمین (رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نیشنل سیکرٹری وقفِ نو و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ یوگنڈا کے ۳۵ویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد