اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ قزاقستان کی مختلف جماعتوں کو امسال بھی عیدالفطر ادا کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔ اکثر جماعتوں میں عید الفطر کے بعد احباب جماعت کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام تھا اور بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔ مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے: جماعت الماتی: الماتی میں روس کی پہلی مسجد موجود ہے جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت بیت الرحمان عطا فرمایاہے۔ اس میں ہر سال کی طرح امسال بھی نماز عید الفطر ادا کی گئی۔ نماز عید الفطر میں کل 103؍افراد شامل ہوئے۔ جن میں تین پاکستانی و ہندوستانی طلبہ کے علاوہ تمام تر لوکل احمدی احباب تھے نیز دو غیر از جماعت احباب نےبھی نماز عید میں شمولیت کی۔ نماز عید کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ الحمد للہ چار احباب نے رمضان المبارک میں چہل احادیث مکمل یاد کیں جبکہ 15؍احباب نے 20؍احادیث یاد کرکے سنائیں اسی طرح چھ افراد جماعت نے نماز سادہ بھی مکمل یاد کی۔ جماعت شمکنت: قزاقستان کے شہر شمکنت میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی جس میں کل 42؍افراد نے شرکت کی۔ جماعت سیمی: جماعت احمدیہ سیمی کے سنٹر میں نماز عیدالفطر کا اہتمام کیا گیا۔ نماز عید کے بعد ریفریشمنٹ کے ساتھ مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا سوالات کے جواب مکرم آقان صاحب (مقامی معلم) نے دیے۔ نماز میں 37؍افراد جبکہ 3؍ غیر از جماعت دوستوں نے شرکت کی۔ جماعت آستانہ: آستانہ جماعت میں نماز عید الفطر روسی نژاد پہلے مربی سلسلہ مکرم جری اللہ انتون صاحب نے پڑھائی جس میں کل 23؍افراد نے شرکت کی۔ جماعت پاولادار: جماعت احمدیہ پاولادار میں عید الفطر کے موقع پر حاضری 12؍رہی۔ جماعت تلدی کورغان: قزاقستان کے شہر تلدی کورغان میں عید الفطر مکرم باؤر جان استائیف صاحب (مقامی معلم) نے پڑھائی جس میں 7؍افراد شامل ہوئے۔ جماعت اقتاؤ: قزاقستان کے شہراقتاؤ میں عید الفطر مکرم جسلان بئیمبیت صاحب مقامی معلم نے پڑھائی۔ نماز کے بعد علمی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔اعزاز پانے والے احباب میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ جماعت قاراغندا: قاراغندا جماعت میں عید الفطر کے بعد بچوں کے مابین علمی مقابلہ جات کروائے گئے اور انعامات سے نوازا گیا۔ جماعت اتراؤ: جماعت احمدیہ اتراؤ مغربی قزاقستان میں خطبہ عیدالفطر مقامی قازق زبان میں تیارکرکے دیا گیا۔ نمازعیدمیں کل 6؍افراد شامل ہوئے۔ جماعت تراز: الحمد للہ پہلی دفعہ قزاقستان کی نوزائیدہ جماعت تراز میں عید الفطر کا اہتمام کیا گیا۔ مکرم اسامہ سرور صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز عید پڑھائی۔ کل 4؍افراد نے شرکت کی۔ (رپورٹ: عطاء الرب چیمہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ہندوستان کے مختلف شہروں میں منعقدہ بُک فیئرز میں جماعت احمدیہ کا بُک اسٹال