https://youtu.be/3y0c1HWJFWI خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سُرینام کو دسمبر۲۰۰۱ء سے رمضان المبارک کے مقدس ایام میں روزانہ پندرہ منٹ کا ایک ٹی وی پروگرام پیش کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔اس روایت کو قائم رکھتے ہوئے امسال بھی ہم نے فروری کے شروع میں مختلف ٹی وی چینلز سے رابطے کیے۔ملک کے ایک مشہور ٹی وی چینل ‘‘راسونک ٹی وی’’ (Rasonic TV) کی انتظامیہ نےایام رمضان میں روزانہ اپنے مین ٹی وی چینل7.1اور 7.8 کے ساتھ ساتھ روزانہ ریڈیو راسونک پر بھی بلا معاوضہ پروگرام نشر کرنے کی پیشکش کی۔ یوں خدا تعالیٰ کے فضل سے ہمیں پہلی مرتبہ بغیر پیسہ خرچ کیےروزانہ ایک پروگرام پیش کرنے کا موقعہ ملا۔ اجتماعی افطار: خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال افراد جماعت کی طرف مسجد ناصر میں ۱۲؍اجتماعی افطاریوں کا انتظام کیا گیا، جن میں حاضری ۸۰ سے ۱۱۰؍کے درمیان رہی۔ یوم مسیح موعود: مورخہ ۲۳؍مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت اور منظوم کلام کے بعد مکرم محمد صہیب اسد صاحب نےحضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ کے حوالے چند اقتباسات پیش کیے۔ محترم شمشیر علی صاحب نے نماز کے قیام کے حوالے سےحضرت مسیح موعودؑ کی جماعت کو نصائح پیش کیں۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے حضرت مسیح موعودؑ کا دعویٰ اور صداقت کے دلائل پیش کیے۔ اس پروگرام میں ایک سو مردوزن افراد جماعت اور پانچ مہمان شامل ہوئے۔ رمضان پروگرامز: راسونک ٹی وی اور ریڈیوپر روزانہ رمضان پروگرامز کا سلسلہ چاند رات تک جاری رہا۔ راپار براڈکاسٹنگ نیٹ ورک (RBN Ch. 5.1)جہاں سے جماعت احمدیہ کا ہفتہ وار پروگرام نشر ہوتا ہے، اس چینل کو بھی چارپروگرام رمضان المبارک کے حوالے سے تیار کرکے دیے گئے۔ امسال رویت ہلال، روزے کی اہمیت، فضیلت، برکات، رمضان المبارک کے مسائل،سفر اور روزہ، روزہ رکھنے کی عمر، روزہ اور خواتین کے مسائل، تلاوت قرآن مجید کی اہمیت وبرکات، اعتکاف کا طریق اس کی اہمیت و فضیلت،لیلۃ القدرکی فضیلت اور اس کی تلاش کی سعی، صدقۃ الفطر کی اہمیت اور ادائیگی کا طریق، عیدالفطر اور سنت رسولﷺ ایسے موضوعات پر ۳۵؍ٹی وی اور ۳۲؍ریڈیو پروگرام پیش کیے گئے جن پر آٹھ گھنٹے ۴۵؍منٹ وقت صرف ہوا۔جبکہ ریڈیوپروگرامز پر کل آٹھ گھنٹے وقت صرف ہوا۔ تمام پروگرامز آیات قرآنی،احادیث رسول ﷺ حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات سے مزین تھے۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے بڑی تعداد میں اہل سرینام مسلم اور غیرمسلم افراد نے ہمارے پروگرام دیکھےاور نہ صرف ان کے معیار کو سراہا بلکہ پیش کرنے کے طریق کی بھی تعریف کی۔ مستحقین کی امداد: امسال جماعتی نظام کے تحت ۲۵؍ مستحق خاندانوں، بیوگان اور ضرورتمند افراد کی مدد کی گئی بعض خاندانوں کو اشیائے خورونوش اور بعض کو نقد رقم مہیا کی گئی۔ نیز جماعت کے کچھ بچوں کے لیے کپڑوں کا انتظام کیا گیا۔ عید الفطر: سرینام میں عیدین کے موقع پر عام تعطیل ہوتی ہے۔امسال حکومت کی طرف سے مورخہ ۳۰؍مارچ بروز اتوار عید الفطر منانے کا اعلان کیا گیا،جو رویت ہلال کے اعتبار سے قابل عمل نہ تھا۔ اس پر مسلمانوں میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے اس فیصلے پر تنقید شروع کر دی۔ محترم صدر صاحب جماعت نے متعلقہ وزارت کے ڈائریکٹر سے ملاقات کی اور انہیں رویت ہلال کے متعلق اسلامی احکام سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ شوال کے چاند کے بارے میں سائنسی حقائق پیش کیے۔ اس کے علاوہ سرینام کی مقبول ترین نیوز ویب سائٹ سٹارنیوز میں جماعت کی طرف سے تیار کردہ مضمون ‘‘عید الفطر ۳۱؍مارچ کومنائی جائے’’ کے عنوان سے شائع ہوا۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت کی یہ کوششیں ثمرآور ثابت ہوئیں اور وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرکےسابقہ نوٹیفیکیشن واپس لینے اور پیر ۳۱؍مارچ کو عید الفطر کی تعطیل کا اعلان کیا۔ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اہل سرینام نے جماعت کی ان کاوشوں کو بہت سراہا۔ سٹار نیوز کے فیس بک پیج پر سینکڑوں افراد نے اس آرٹیکل کی تعریف کی اور اسے شیئر کیا۔ نماز عید میں ۱۵۰؍مردوزن شامل ہوئے۔ متعدد غیرازجماعت دوست بھی نماز عید پڑھنے کے لیے آئے۔ عید کے بعد تمام شاملین کی سویوں اور کھانے سے تواضع کی گئی۔بچوں میں چاکلیٹ اور دیگر اشیاء پر مشتمل پیکٹ تقسیم کیے گئے عید سے پہلے حسب سابق جماعتی انتظام کے تحت کھانا گھروں میں تقسیم کیا گیا اور افراد جماعت گھروں سے کھانے کے علاوہ مختلف لوازمات بنا کر لائے۔ (رپورٹ: لئیق احمد مشاق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت انیسفل کینیڈا میں عید الفطر کے حوالے سے ایک تقریب