اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۵؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ جرمنی کے ریجن Rheinland-Pfalz Nord کے خدام کا ریجنل اجتماع مسجد طاہر Koblenz میں منعقد ہوا جس میں ریجن کی نو مجالس شامل ہوئیں۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح دس بجے پرچم کشائی سے ہوا۔ خدام الاحمدیہ کا پرچم مکرم انیس احمد صاحب ریجنل قائد کو اور جرمنی کا پرچم خاکسار (مربی سلسلہ)کو لہرانے کی توفیق ملی۔ اس کے بعد مسجد طاہر کے ہال میں پروگرام تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا۔ مجلس خدام الاحمدیہ کاعہد ریجنل قائدصاحب نے دہرایااور خدام کونصائح مکرم مدثر احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’ایمان کی حفاظت‘‘ کے حوالے سے کیں۔بعدہٗ کوئز کاایک دلچسپ مقابلہ ہوا۔اس کے بعد علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں مُنصفین کے فرائض مربیان کرام نے ادا کیے۔ دوپہر کے کھانے کے بعد نماز ظہر و عصر کی امامت اور تلقین عمل کی سعادت خاکسار کے حصہ میں آئی۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کی باری آئی، جس میں فٹ بال،والی بال،کرکٹ،کلائی پکڑنا،گولا پھینکنا اور سو میٹر دوڑ کے مقابلہ جات ہوئے۔ شام کو اختتامی اجلاس ہوا جس کی صدارت مکرم بسالت احمد صاحب مربی سلسلہ ونائب صدر خدام الاحمدیہ جرمنی نے کی اورآپ نے اوّل، دوم اور سوم آنے والے خدام کے درمیان انعامات تقسیم کیے۔ آخر میں آپ نے چند نصائح کیں اور دُعا کروائی۔ اور اس طرح کامیابی کے ساتھ یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس اجتماع میں ۲۰۰ خدام شامل ہوئے۔ اس اجتماع کوکامیاب کرنے میں ناظم اعلیٰ مکرم واصب احمد صاحب اور ان کی ٹیم نے اپنا بھرپور حصّہ ڈالا۔ (رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ جرمنی کی چند مساعی