فٹبال:اطالوی کلب انٹرمیلان اورفرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین(PSG) یوئیفا چیمپئنزلیگ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ سیمی فائنل مرحلے میں PSGنے انگلش کلب آرسنل کے خلاف۱۔صفر اور۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔انٹراوربارسلوناکے مابین ہونے والے سیمی فائنل کے پہلے legمیں مقابلہ ۳۔۳؍گول سے برابررہا جبکہ دوسرے legمیں انٹر نے کھیل کے آخری لمحات میں ۲؍گول کرکے سنسنی خیزاندازمیں تین کےمقابلہ میں چارگول سے میچ جیت کرفائنل میں جگہ بنالی۔چیمپئنزلیگ کا آخری معرکہ ۳۱؍مئی کوجرمنی کے شہرمیونخ میں ہوگا۔ یوئیفایوروپالیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں انگلش کلب مانچسٹریونائیٹڈنےسپین کے Athletic Clubجبکہ ٹوٹینہیم نے ناروے کے کلبFK Bodø/Glimtکوشکست دے کر۲۱؍مئی کوہونے والےفائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ جرمنBundesligaکاٹائیٹل ۳۳وِیں مرتبہ بائرن میونخ نے جیت لیا۔رواں سیزن میں اب تک ۳۳؍میچزمیں ۲۴؍کامیابیوں اور۷۹؍پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ سب سے آگے ہے۔ دوسری طرف سپینش لالیگا میں بارسلونا نے روایتی حریف ریال میڈرڈکوتین کے مقابلہ میں چارگول سے شکست دے دی۔اس فتح کے ساتھ بارسلونا کےرواں سیزن میں لالیگاٹائیٹل جیتنے کے امکانات روشن ترہوگئےہیں۔بارسلونا۳۵؍میچزمیں ۸۲؍پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ ریال میڈرڈ۷۵؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپرہے۔ کرکٹ:پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدہ صورت حال کی وجہ سے پاکستان سپرلیگ اورانڈین پریمیئرلیگ ملتوی کردی گئی۔ ۸؍مئی کی شب دہلی اورپنجاب کی ٹیموں کے مابین دھرم شالا میں کھیلا جانے والامیچ ۱۰؍اوورزکے بعد اچانک روک دیا گیا تھا۔جس کے بعد انڈین کرکٹ بورڈنے اعلان کیا ہےکہ آئی پی ایل کے بقیہ میچزمحدودمقامات پر ۱۷؍مئی سے شروع ہوں گے اورفائنل ۳؍جون کوکھیلاجائے گا۔دہلی اورپنجاب کا ملتوی ہونے والامقابلہ دوبارہ ۲۴؍مئی کوجےپورکےمقام پرہوگا۔ اسی طرح پاکستان سپرلیگ ۸؍مئی کوملتوی کرنےکےبعدپاکستان کرکٹ بورڈکی طرف سے اعلان کیاگیا کہ بقیہ میچزدبئی میں ہوں گے تاہم بعدازاں لیگ کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیاگیااورغیرملکی کھلاڑی پاکستان سے منتقل کردیے گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈنےاب فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچزکچھ روزبعد پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے تاہم حتمی تواریخ کا فیصلہ ہوناباقی ہے۔ دنیائے کرکٹ کے مایہ نازکھلاڑی بھارت کے سب سےکامیاب ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی(Virat Kohli) نے ٹیسٹ کرکٹ کوالوداع کہہ دیا۔انہوں نے اپنے ۱۴؍سالہ ٹیسٹ کیرئیرمیں ۱۲۳؍میچزکھیل کر۹۲۳۰؍رنزبنائے جس میں۳۰سینچریاں اور۳۱نصف سینچریاں شامل ہیں۔قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما(Rohit Sharma)نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیاتھا۔۳۸؍سالہ روہت شرما نے ۶۷؍ٹیسٹ میچزمیں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے۴۳۰۱؍رنزبنائے جس میں ۱۲؍سینچریاں شامل ہیں۔یہ دونوں کھلاڑی گذشتہ سال ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو بھی الوداع کہہ چکے ہیں تاہم ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ٹینس:میڈرڈاوپن کے مینزسنگلزکاٹائیٹل ناروے کے Casper Ruudنے جیت لیا۔فائنل میں انہوں نے برطانیہ کے Jack Draper کوشکست دی۔ویمنزسنگلزکے مقابلوں میں عالمی نمبرایک بیلاروس کی Aryna Sabalenkaنے امریکہ کی Coco Gauffکوہراکرٹائیٹل اپنے نام کیا۔ (ن م طاہر) مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)