اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو مورخہ ۲۲؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ جلسہ یوم مسیح موعود کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس جلسہ میں شرکت کے لیےامیر و مبلغ انچارج تنزانیہ مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب خصوصی طور پر دارالسلام سے تشریف لائے۔ گذشتہ دس سال سے رمضان المبارک کی مناسبت سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ اپنے اہل علاقہ میں ہر سال عید کے تحائف بھی تقسیم کرتا ہے۔امسال جلسہ یوم مسیح موعودؑ اور تقسیم تحائف کے پروگرام کا انعقاد اکٹھے کیا گیا۔ موروگورو کےڈسٹرکٹ کمشنر جناب MUSA KILAKALA صاحب نے بھی اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ موروگورو شہر کی Maghorfani یونین کونسل میں واقع ہے جس کی آبادی تقریباً ۲۷؍ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ اس یونین کونسل کے ۹؍ذیلی محلے ہیں۔ یونین کونسل کے تعاون سے ہر محلہ سے دس دس مستحق افراد کے نام قبل ازوقت ہی لے لیے گئے تھے۔ نیز ۵۰؍کے قریب دیگر احباب کی فہرست بھی تیار کی گئی۔ جن میںSOBER HOUSE (نشے میں مبتلا افراد کی نگہداشت کا ادارہ)، دارالمسلمین (یتیم خانہ) اور عورتوں کی جیل بھی شامل تھے۔ یونین کونسل کے دفتر کا ساراعملہ، ۹ محلہ جات کےتمام چیئر مین اورجامعہ سے ملحقہ یونین کونسل کے کونسلر صاحب نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ اس بارتقریباً ۳ ملین شلینگز کا راشن ۱۵۰ گھرانوں میں تقسیم کیا گیا۔ اس سامان میں ڈیڑھ ٹن چاول اور مکئی کا آٹا شامل تھا۔جامعہ کے احاطہ میں جماعتی لٹریچر کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جلسہ یوم مسیح موعود اور تقسیم عید گفٹس کی تقریب جامعہ ہال میں منعقد ہوئی۔ تلاوت و نظم کے بعد استاد جامعہ احمدیہ معلم سلسلہ مکرم حسین MPENDA صاحب نے جماعت اور حضرت مسیح موعودؑ کے تعارف پر ایک تقریر کی۔نیز اپنی تقریر میں مکرم معلم صاحب نے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے احباب کےساتھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کےحوالہ سے حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات بھی پیش کیے۔اس تقریر کے بعد مکرم شمعون جمعہ صاحب استاد و معلم سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑ کی اخلاقی تعلیمات حاضرین کے سامنے بیان کیں۔ ان تقاریر کے بعد خاکسار (پرنسپل جامعہ احمدیہ) نےمعزز مہمانان کا تعارف پیش کیا۔ نیز حاضرین کو یوم مسیح موعود کا تعارف اور جماعتی تاریخ میں اس کی اہمیت سے روشناس کروایا۔ اس تعارف کے بعد کونسلر علاقہ جناب حمیس کیلونگو صاحب نے جماعت احمدیہ کی اپنے اہل علاقہ و اہل وطن کے لیے خدمات کو سراہا۔ پھر ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو جناب MUSA KILAKALA صاحب نے اپنی تقریر میں انسانیت کے لیے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے ایک قابل تقلید نمونہ قرار دیا نیز آنحضرتﷺ کی احادیث مبارکہ کی روشنی میں اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کے حوالہ سے تلقین کی۔ مکرم خواجہ مظفراحمد صاحب امیرو مشنری انچارج نے اپنی اختتامی تقریر میں غرباء و مساکین کی مدد کرنے کے حوالہ سے احادیث نبویہﷺ اور حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ سیرت میں سے ایمان افروز واقعات پیش کیے اور انسانیت کی خدمت کے حوالہ سےاسلام کی تعلیم بیان کی۔ اس کے بعد اجتماعی دعا ہوئی اور پھر عید کے تحائف تقسیم کیے گئے۔جماعت کی طرف کی سے ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو جناب MUSA KILAKALA صاحب کی خدمت میں قرآن مجید کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔تقریب میں ۱۷۰ کے قریب افراد نے شرکت کی جن کی اکثریت غیر از جماعت افراد اور غیرمسلم احباب پر مشتمل تھی۔ اس تقریب کی کوریج کے لیےموروگورو میونسپل کے میڈیا سیل، چینل ۱۰، تنزانیہ کے مؤقر اخبار HABARI LEO اورتنزانیہ کے قومی ٹیلی ویژن TBC کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔ (رپورٹ: عابد محمود بھٹی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ چاڈ کے تیسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد