٭… کورس کا مقصد:خدام میں باہمی تعارف و تعاون، تجربات کا تبادلہ اور مفوضہ فرائض کے لیے خلافت احمدیہ کی راہنمائی ٭… کل ۶۸؍احباب شریک ہوئے محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے مورخہ ۱۲ و ۱۳؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے احمدیہ مشن ہاؤس میں مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کی میزبانی میں سب صحارہ افریقن ریجن کے آٹھ ممالک کے اراکین نیشنل مجلس عاملہ کے پہلے انٹرنیشنل ریفریشر کورس کا انعقادہوا۔ جس میں کینیاکی مکمل مجلس عاملہ و قائدین سمیت، تنزانیہ، یوگنڈا، ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، دی گیمبیا، سیرالیون، گھانا اور نائیجیریا سے مجلس خدام الاحمدیہ کے صدور اور ان کی مجلس عاملہ کے اراکین سمیت کل ۶۸؍افراد شریک ہوئے۔ جبکہ یوکے سے مکرم ہبۃ الرحمان صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (خدام سیکشن) نے بطور مرکزی نمائندہ شرکت کی۔ یہ اپنی نوعیت کا افریقہ میں ہونے والا مجلس خدام الاحمدیہ کا پہلا ایسا انٹرنیشنل پروگرام تھا۔ اس کورس کے انعقاد کا مقصد مختلف ممالک کے خدام کے مابین تنظیمی تعاون کو فروغ دینا اور اپنے اپنے تجربات و خیالات کو دوسروں سے شیئر کرنا نیز سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں مجلس خدام الاحمدیہ کے اراکین مجلس عاملہ کو ان کے مفوضہ فرائض کے سلسلہ میں مزید راہنمائی فراہم کرنا تھا۔ اس دو روزہ ریفریشر کورس کا افتتاحی اجلاس مرکزی نمائندہ مکرم ہبۃ الرحمان صاحب کی زیر صدارت مورخہ ۱۲؍اپریل بروز ہفتہ صبح دس بجے احمدیہ مشن ہاؤس کے احمدیہ ہال میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن پاک مع ترجمہ کے بعد مکرم طاہر احمد مجنگو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا نے خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا جس کے بعد آپ نے معزز مہمانوں کا پُر جوش خیرمقدم کیا۔بعدہ مرکزی نمائندہ نے افتتاحی تقریر میں ریفریشر کورس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ آپ نے تمام شرکاءکو اس منفرد پروگرام کی کامیابی کے لیے دعا اور اس سے کماحقہ مستفیض ہونے کی تلقین کی ۔بعد ازاں سمیر احمد شیخ صاحب نائب امیر اوّل جماعت احمدیہ کینیا اور عدنان ہاشمی صاحب مبلغ سلسلہ نے بھی مختصر تقاریرکیں۔ دعاکے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ ریفریشر کورس کا دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں شرکاء کا تعارف کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کے عہدیداران کی ذمہ داریوں کی وضاحت اور ان سے متعلق تفصیلات بیان کی گئیں۔ساتھ ساتھ سوالات کے جواب دیے گئے۔یہ اجلاس نماز ظہر تک جاری رہا۔نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ایک اور اجلاس منعقد ہوا جس میں مجلس خدام الاحمدیہ کے عہدیداران کی ذمہ داریوں اور ان انجام دہی سے متعلق امور زیر بحث رہے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔ مورخہ۱۳؍اپریل بروز اتوار اس ریفریشر کورس کا دوسرا اور آخری دن تھا جس کا آغاز نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا جس کے بعد درس قرآن ہوا۔ تیاری اور ناشتہ کے بعد اس روز کا پہلا اور ریفریشر کورس کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بھی مجلس خدام الاحمدیہ کے عہدیداران کی مفوضہ ذمہ داریوں سے متعلق گفتگو ہوتی رہی اور ہر شعبہ پر سیر حاصل بحث ہوئی۔جس کے بعد ایک مختصر وقفہ ہوا۔ وقفے کے بعد ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس مرکزی نمائندہ کے زیرصدارت تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوا جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا نے عہد دہرایا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے ریفریشر کورس کے شرکاء میں کورس میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ اور تحائف تقسیم کیے اور پروگرام کی کامیابی اور اس کی بخیریت تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اسی طرح آپ نے تمام ممالک سے تشریف لانے والے اراکین مجلس عاملہ کا بھی شکریہ ادا کیا جو خصوصی طور پر اس پروگرام میں شمولیت کے لیے کینیا تشریف لائے تھے۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک (رپورٹ: طاہر احمد مجنگو۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا،ترجمہ و ترسیل: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: برکینا فاسو کی سب سے بڑی زبان مورے(Mòoré) میں ترجمۃ القرآن کی تقریب رونمائی