گیمبیا کے نیشنل ہیڈکوارٹر بانجل/کومبو میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد نوید احمد قمر صاحب ایریا مشنری بانجل/کومبو تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کےہیڈکوارٹر بانجل/کومبو کو مورخہ ۲۳؍مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعود جماعت کی مرکزی مسجد بیت السلام میںمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس جلسہ میں ٹلنڈنگ جماعت کے علاوہ دو قریبی جماعتوں ’’لاٹری کنڈا اور فاجی کنڈا‘‘ کے احباب کو بھی مدعو کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت مکرم بابا ایف تراولے امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے یوم مسیح موعود کی تاریخ اور اہمیت کے حوالے سے ابتدائی تعارفی کلمات بیان کیے۔ اس کے بعد تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا۔جن کے موضوعات ذیل میں دیے جاتے ہیں۔ حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے بارے میں پیشگوئیوں اور علامات کا پورا ہونا از خاکسار ایریا مشنری، حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ از مکرم مبشر احمد باہ صاحب، آپؑ کی زندگی میں تائید خداوندی کے ایمان افروز واقعات از مکرم الیو فاٹی صاحب مربی سلسلہ، حضرت مسیح موعودؑ کی مختصر سوانح ازمکرم ابراہیم باہ صاحب معلم سلسلہ۔آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے ۔جن کے بعد اجتماعی اختتامی دعا کروائی۔دعا کے بعد گروپ فوٹو ہوا۔بعد از جلسہ افطار اور کھانے کا بھی انتظام تھا۔ اس جلسہ کی کل حاضری ۱۲۸؍رہی۔ گیمبیاکے لوئر ریور ریجن میں جلسہ یوم مسیح موعود اور ماہ رمضان میں دیگر مساعی محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے Lower River Regionکے ریجنل ہیڈ کوارٹر کی جماعت مانساکونکو کو مورخہ۲۳؍مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعود منانے کی توفیق ملی۔ اس جلسہ کی صدارت مکرم ماماڈو کماٹے معلم سلسلہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و حدیث کے بعد درج ذیل موضوعات پرتقاریر ہوئیں: حضرت مسیح موعودؑ کا عشق قرآن از مکرم داؤد سنگھاٹے صاحب مربی سلسلہ، حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسول ﷺاز مکرم سید سہیل احمد صاحب ریجنل قائد، حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت واقعات کے تناظر میں از مکرم لامین ساینگ صاحب۔ آخر پر مکرم صدر مجلس نے اختتامی کلمات کہے اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔اجتماعی دعا کے بعد گروپ فوٹو ہوا۔اس موقع پر افطاری کا بھی انتظام تھا۔ افطاری کے بعد نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی اور پھر کھانا تناول کیا۔ گیا کھانے کے بعد سب نے نماز تراویح ادا کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس جلسہ کی کل حاضری ۶۰ رہی جن میں دو غیراحمدی دوست بھی شامل تھے۔ دوران ماہ رمضان مبارک ریجن میں ۳۲ مقامات پر باجماعت نماز تراویح کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ۲۶مقامات پر روزانہ ایک پارہ درس القرآن ہوا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تمام مقامات پر قرآن کریم کا ایک دور مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ ۲۹؍رمضان المبارک کو قرآن کریم کا دور مکمل ہونے پر اجتماعی دعا کروائی گئی۔اس کے ساتھ ساتھ ۱۸؍جگہوں پر درس حدیث کا بھی انتظام تھا۔ اسلامی تعلیم کی روشنی میں خدمت انسانیت بھی جماعت احمدیہ کا طرہ امتیاز ہے۔اس سلسلہ میں دوران ماہ ۹ غریب خاندانوں کو راشن تقسیم کیا گیا جس میں چاول، پیاز، آلو، چینی، کوکنگ آئل شامل تھے۔اس کے علاوہ ۱۰ غریب خاندانوں کو کیش دیا گیا تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔اسی طرح قریبی ہسپتال میں تمام مریضوں، ان کے ساتھ موجود رشتہ داروں اور ہسپتال کے عملہ میں افطاری اور کھانا تقسیم کیا گیا جسے احباب نے بہت سراہا اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ۲۵؍افراد میں کپڑے تقسیم کیے گئے۔ غرباء کے علاوہ حکومتی اعلیٰ سطح کے ارکان کو بھی عید کے موقع پر تحائف پیش کیے گئے جس پر وہ جماعت احمدیہ کے تہ دل سے ممنون تھے۔ عید کے روز بعد از نماز عیددوران ماہ درس القرآن پر آنے والے اطفال، ناصرات اور خدام کو ٹوپیاں بطور انعام دی گئیں۔ (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کیمرون کے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد