۲؍مئی جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت گذشتہ رات کو آنے والی تیز آندھی اور بارش کے اثرات کی وجہ سے موسم خوشگوار تھا۔ ٹھنڈی ہوا رواں دواں تھی ، آسمان پر بادل صبح ۹ بجے تک موجود رہے ۔ پھر آہستہ آہستہ انہوں نے اپنی راہ لی اور آسمان صاف ہوگیا ، دھوپ کے باوجود موسم خوشگوار تھا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۵؍ اور کم سے کم ۲۴؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ کے دن آسمان صاف تھا لیکن ہلکی ٹھنڈی ہوا نے گرمی کی شدت میں اضافہ نہ ہونے دیا ۔ ہفتہ کی رات کو خنکی میں کسی قدر اضافہ ہوگیا۔ اتوار کو صبح ہی سے آسمان پر بادلوں کی ہلکی تہ چھائی ہوئی تھی۔ جس کی وجہ سے سورج کی شعاعیں زمین پر پوری طرح نہیں پہنچ رہی تھیں یعنی دھوپ میں مکمل clarity نہ تھی۔بعد نماز عصر مغر ب کی جانب سے کالے بادلوں کی گھٹا اٹھی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر قبضہ کرلیا۔ کچھ ہی دیر میں آندھی شروع ہوگئی جس کےساتھ ہی گرج چمک اور تیز بارش نے اپنا رنگ جمایا، جو تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہا۔بارش کی وجہ سے ٹھنڈ بن گئی۔ سوموار کو موسم خوشگوار تھا ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ منگل کو آسمان صاف ہونے کے باوجود گرمی کی شدت محسوس نہ ہوتی تھی، رات کو ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے خنکی موجود تھی۔ بدھ کو قدرے گرمی تھی لیکن سرِ شام چلنے والی ہوا نے دن کی گرمی کے زور کو توڑ دیا۔ جمعرات کو صبح سے ہلکے بادلوں کی تہ آسمان پر براجمان تھی ، ساتھ تیز اور ٹھنڈی ہوا بھی جاری تھی۔ دوپہر کے وقت اس ہوا میں مزید تیزی آگئی اور ساتھ مٹی بھی اُڑنا شروع ہوگئی، آندھی کا یہ سلسلہ رات تک جاری رہا۔ ٹھنڈ کی وجہ سے شہریوں نے رات پُرسکون گزاری۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۵؍ اور کم سے کم۲۳؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ (ابو سدید)