جرمنی کے شہر Bad Hersfeldمیں اسلام وقرآن نمائش
اللہ تعالیٰ کے فضل سےمورخہ 10 تا 12؍اپریل 2025ء کو جرمنی کی جماعت Bad Hersfeldکو پہلی بار اپنے شہر کے مرکز میں اوپن ایئر اسلام وقرآن نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ مکرم صفدر لطیف صاحب صدر جماعت نمائش کے متعلق اپنی رپورٹ میں تحریر کرتے ہیں کہ یہ نمائش عوام الناس کو اسلام اور قرآن کریم سے متعارف کروانےاور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے کی گئی قیام امن کی کوششوں کے پرچار کےلیے منعقد کی گئی۔

نمائش گاہ تیار کرنے کے لیے ۱۰؍اپریل کو مرکزی شعبہ تبلیغ کی ٹیم کے دوممبران مکرم حسن ظفر صاحب اور ساجد ڈوگر صاحب صبح 5بجے بیت السبوح سے روانہ ہوئے اور تقریباً 130کلومیٹر سفر کرکے نما ئش مارکی میں پہنچے جس میں نمائش، لٹریچر اور ملٹی میڈیا کو لگایا۔
پہلا دن: نمائش اور خیمہ کی تیاری میں 12 مقامی احباب جماعت نے وقار عمل کے ذریعہ مدد کی۔نمائش کا آغاز صبح 11 بجے وقت مقررہ پر ایک پروقار افتتاحی تقریب سے ہوا۔تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم فولکر قیصر صاحب نے حاضرین کے سامنے نمائش کو لگانے کی مختصر غرض و غایت رکھی۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ Kaya Kinkel صاحبہ رکن قومی اسمبلی تھیں جن کا تعلق سیاسی پارٹی گرین سے ہے۔ موصوفہ نے اپنے مختصر خطاب میں جماعتی کاموں کو سراہا اور ہماری اس کاوش کی پذیرائی کی نیز مقامی احمدی احباب کا شکریہ ادا کیا۔اس افتتاحی تقریب میں تقریباً 80 مہمان شامل تھے۔

ڈیوٹی پر موجود 7؍ احباب جماعت نے مربیان کرام کی نگرانی میں لوگوں کو نمائش دکھائی اور ان کے سوالات کے جواب دیے۔ یہ نمائش تین دن تک جاری رہی جس کا دورانیہ صبح 10 سے شام 5بجے تک مقررتھا۔ان تین دنوں میں 241؍احباب سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔چونکہ یہ نمائش ایک وسیع وعریض میدان میں لگائی گئی تھی جس کے اردگرد دکانیں، شاپنگ سنٹرز اور دفاتر وغیرہ تھے لہٰذا یہاں سے گزرنے والے سینکڑوں افراد نے ہماری نمائش کو ایک نظر دیکھا، مختلف پوسٹرز کو پڑھا اور ہمارے مربیان کی تقاریر و اعلانات سنے۔
مہمانوں کی طرف سے نمائش کے بارے میں بہت مثبت اور حوصلہ افزا تاثرات موصول ہوئے۔ اکثر مہمانوں نے اعتراف کیا کہ یہ ان کے لیے اسلام کو بہتر طور پر سمجھنے کا ایک عمدہ موقع تھا۔ کسی قسم کا منفی یا دشمنی پر مبنی ردعمل سامنے نہیں آیا اور ماحول پُرامن رہا۔الحمدللہ
(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سویڈن کی سرگرمیاں