جماعت احمدیہ گیمبیاکے لوئر ریور ریجن میں ہفتہ وقف نو کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے Lower River ریجن کو ہفتہ وقف نو مورخہ یکم تا ۷؍اپریل منانے کی توفیق ملی۔الحمدللہ۔ اس ہفتہ کے دوران ریجن کے پانچ مقامات پر خطبہ جمعہ دیا گیا جس کا موضوع ’’تحریک وقف نو کی اہمیت و برکات‘‘ تھا۔ ۱۱؍اجلاسات منعقد ہوئے جن میں دو سیمینار کی طرز پر تھے۔ ان میں وقف نو بچوں، والدین اور دیگر احباب نے بھی شرکت کی۔ ان اجلاسات میں خلفاء کی ہدایات کے مطابق بچوں کی پرورش کے حوالے سے والدین کی ذمہ داریوں کے بارے میں ہدایات دی گئیں۔ مزید برآں، انہیں مستقبل کی منصوبہ بندی اور خدمت جماعت کے لیے مختلف میدانوں میں جانے کے بارے میں راہنمائی کی گئی۔ اسی طرح ہفتے کے دوران ۱۵ والدین سے انفرادی طور پر ملاقات کی گئی۔اوروقف نو کی کل تعداد ۲۰ میں سے ۱۹ بچوں سےانفرادی ملاقات کی گئی۔
تحریک وقف نو کی برکات کے حوالے سے ۹ دروس دیے گئے۔اس کے علاوہ مکرم بلال جاؤ صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے بھی ریجن کا دورہ کیا اور دو دن ریجن میں قیام کیا۔دوران دورہ انہوں نے مقامی سیکرٹری وقف نو اور وقف نو بچوں کے ساتھ ذاتی ملاقاتیں کیں اور انہیں مرکز کی ہدایات پہنچائیں۔
اس ہفتے کے دوران جماعت کے ایک دوست نے وقف نو کی تحریک کی اہمیت و برکات سننے کے بعد اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے پیدا ہونے والے بچے کو وقف نو کا مجاہد بنائے گا تاکہ بڑا ہوکر وہ اسلام احمدیت کی خدمت کرے۔ اور اس کے لیے وہ جلد ہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں لکھے گا۔
عمومی طور پر ان تقریبات کا بہت اچھا اثر رہا اور وقف نو کے والدین نے خوشی و اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں بہت راہنمائی ملی ہے اور معلومات میں اضافہ ہوا۔ دوران ہفتہ خاص طور پر بچوں کو نمازوں کی طرف توجہ، دینی ودنیاوی علم کے حصول کے لیے محنت، خلیفہ وقت سے مسلسل رابطہ، دفتر وقف نو سے خط وکتابت اور اپنی فائل مکمل کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ اس کے علاوہ بچوں نے دفتر کی طرف سے بنائے گئے آن لائن فارم کو بھی پرکیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس پروگرام کے مفید و دُوررس نتائج پیدا فرمائے اور جماعت کو بہترین واقفین عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ چاڈ کے تیسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد