یورپ (رپورٹس)

رمضان المبارک میں جماعت احمدیہ برطانیہ کی سرگرمیاں

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کی تمام جماعتوں میں حسب سابق امسال بھی ماہ رمضان کی سرگرمیاں انتہائی عقیدت اور جوش و خروش سے منائی گئیں جن میں انصار، خدام و اطفال کے علاوہ لجنہ اماء اللہ نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تمام مساجد و نماز سینٹرز میں ایک دلکش روحانی منظر تھا۔ درس و تدریس کے علاوہ متعدد تعلیمی اور تربیتی پروگرامز بھی منعقدہوئے جبکہ تمام احباب جماعت نیکیوں اور عبادات میں مسابقت الی الخیر کا عملی نمونہ پیش کرتے رہے۔

یوں تو ہر رمضان اپنی بےپناہ برکات کے ساتھ آتا ہے لیکن امسال ماہ رمضان کو دو وجوہات کی بنا پر خصوصی امتیاز حاصل تھا۔اوّل اس مبارک مہینہ میں سورج کو اُنہی تاریخوں میں گرہن لگا جن تاریخوں میں آنحضرت ﷺ کی پیشگوئی کے مطابق حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے زمانہ میں گرہن لگا تھا۔اُس دن برطانیہ میں بسنے والے احمدی احباب کو نمازِ کسوف ادا کرنے کی توفیق ملی۔دوم اسی مبارک مہینہ میں ۲۳؍مارچ کادن بھی آیا جس میں یومِ مسیحِ موعود کے حوالہ سے جلسہ جات منعقد کیے گئے۔

درس القرآن: رمضان المبارک کی مناسبت سے مسجد مبارک،مسجد فضل اور مسجد بیت الفتوح سمیت دیگرتمام مساجد کے علاوہ نماز سینٹرز میں بھی قرآنِ کریم کےخصوصی دروس اور اکثر مساجد میں نمازِ فجر کے بعد حدیث کے درس کا بھی اہتمام کیا گیا۔جماعتی اور ریجن کی سطح پر قرآن کریم کے کُل ۵۴۹؍دروس دیے گئے۔ امیر جماعت احمدیہ برطانیہ محترم رفیق احمدحیات صاحب نے کرائیڈن، فیلتھم، نیو مالڈن اور ہانسلو سمیت سات ریجنزمیں جبکہ مبلغ انچارج برطانیہ محترم عطاء المجیب راشد صاحب نے ساؤتھ ہال، لیسٹر،ویسٹ مڈلینڈ سمیت نَو جماعتوں میں قرآنِ کریم کے دروس دیے۔ اسی طرح ۶۶؍مساجد اور نماز سنٹرز میں مربیانِ سلسلہ سمیت ۱۶۴؍مدرسین نے قرآنِ کریم کے درس دینے کے فرائض انجام دیے جن میں رمضان کی برکات کے علاوہ دیگر تعلیمی اور تربیتی موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ شعبہ تربیت برطانیہ نےروزانہ کی بنیاد پر مختلف مربیان کرام کی جانب سے کی جانے والی تلاوت قرآن کریم پر مبنی ویڈیوز کے علاوہ ماہ رمضان المبارک سے متعلقہ بعض تربیتی اُمور میں راہنمائی کے لیے چھوٹے چھوٹے ویڈیو کلپس بھی جماعتوں میں بھجوائے۔

درسِ حدیث: شعبہ تربیت برطانیہ کے تعاون سے نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا بھر کے احمدی احباب نے بذریعہ یوٹیوب محترم عطاء المجیب راشد صاحب کے اردو زبان میں دیے گئے دروس سے بھر پور استفادہ کیاجبکہ اس کا انگریزی ترجمہ بھی ساتھ ساتھ پیش کیا جاتا رہا۔

نمازِ تراویح: رمضان المبارک کی برکات میں سے ایک نمازِ تراویح کی ادائیگی ہے۔ ۵۵؍مساجد ونماز سینٹرز میں نو حفّاظِ کرام سمیت مربیانِ سلسلہ ودیگر احبابِ جماعت نے نماز تراویح کی امامت کی توفیق پائی۔نیز تین مساجد میں نمازِ تراویح میں قرآنِ کریم کا ایک ایک دور مکمل کیا گیا۔

نمازِ کسوف: امسال کے ماہ رمضان میں سورج کو گرہن لگا اور اس موقع پر بعض احمدی احباب کو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ کسوف ادا کرنے کی توفیق ملی جس کے بعد حضورِ انور نے خطبہ بھی ارشاد فرمایا جسے ایم ٹی اے کے ذریعہ دنیا بھر کے احمدی احباب کے لیے براہِ راست نشر کیا گیا۔ اسی طرح برطانیہ کی ۲۲؍مساجد اور اکثرنماز سینٹرز میں نمازِ کسوف اور خطبہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مَردو خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔عام افراد کی رہنمائی کے لیے اس کی ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں شعبہ تربیت برطانیہ نے ایک مختصر ویڈیو جبکہ مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ نے ایک سلائیڈ تیار کرکے تمام جماعتوں میں بھجوائی۔

اجتماعی افطاری: برطانیہ کی تمام جماعتوں اور نماز سینٹرز میں کُل ۲۰۲؍اجتماعی افطاری کے پروگرامز منعقد کیے گئےجن میں احمدی احباب کے ساتھ بعض غیر ازجماعت بھی شریک ہوتے رہے۔

اعتکاف: رمضان کے اس مبارک مہینے میں سنتِ نبویؐ کی پیروی میں ۱۴؍مساجد میں ۱۹۵؍احباب کو اعتکاف کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جن میں ۱۱۲؍مَرد حضرات اور ۸۳؍مستورات شامل تھیں۔

بِگ افطار: غیر مسلم افراد کو اسلام و احمدیت اور ماہ رمضان کا تعارف پیش کرنے کے لیے بِگ افطار کے نام سے مختلف جماعتوں اور ریجنز میں پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں جن میں افطار سے پہلے نہ صرف مہمانوں کو مساجد کا دورہ کروایا جاتا ہے بلکہ اُن کے مختلف سوالات کے تفصیلی جواب بھی دیے جاتے ہیں اور بعد ازاں مقررین اپنی اپنی تقاریر میں رمضان کی غرض و غایت اور اس ماہ میں رکھے جانے والے روزوں کے طریقہ کار اور اہمیت کو اُجاگر کرتے ہیں۔امسال مسجد بیت الفتوح سمیت ملک کی مختلف جماعتوں میں ۱۶؍پروگرامز کا انعقاد ہوا جن میں۱۵۰۴؍غیر مسلم اور غیر احمدی مہمانوں نے شرکت کی اورافطاری میں شامل ہوئے۔مہمانوں نے ان پروگرامز کے انتظامات اور فراہم کی گئی معلومات کو بے انتہا سراہا۔

عید تحائف: عید کے پُرمسرت موقع پر شعبہ اُمور عامہ برطانیہ کے تحت مستحقین اور بزرگ احمدی احباب کے گھر فروٹ باسکٹ کا تحفہ بھجوایا جاتا ہے۔چنانچہ امسال بھی تین ہزار احباب کو فروٹ باسکٹ کا تحفہ بھجوایا گیاجبکہ اس کے علاوہ تمام جماعتوں میں ہمسایوں، اولڈ ہاؤسز میں بھی دورہ جات کرکے عید کے تحائف دیے گئے جسے لوگوں کی طرف سے بہت پسند کیا گیا۔

جلسہ یوم مسیحِ موعود: امسال برطانیہ کی جماعتوں کو ماہ رمضان کی دیگر برکات کے ساتھ ملک کی تمام مساجد اور سینٹرز میں جلسہ یومِ مسیحِ موعود منعقدکرنے کی توفیق ملی جس میں مقررین نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے حوالے سے مختلف علمی موضوعات پر تقاریر کیں۔ اِن جلسوں میں ہزاروں کی تعداد میں احباب جماعت نے شرکت کی توفیق پائی۔ مسجد بیت الفتوح میں مکرم امیر صاحب یوکے کی صدارت میں جلسہ منعقد کیا گیا جسے یوٹیوب کے ذریعہ براہ راست دکھایا گیا۔

عیدالفطر: مسجد مبارک میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے عیدالفطر کی نماز پڑھائی جس میں برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے احمدی احباب نے حضورِ انورایدہ اللہ تعالیٰ کی اقتدا میں نمازِ عید پڑھنے کی سعادت حاصل کی جبکہ حضورِ انور کے خطبہ عید سےبذریعہ ایم ٹی اے جماعتہائے احمدیہ عالمگیرکے احباب جماعت مستفید ہوئے۔اسی طرح دیگر تمام مساجد اور نماز سینٹرز میں بھی نماز عید کا اہتمام کیا گیا۔اکثر مساجد میں نماز عید کے بعد ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام احباب جماعت کو رمضان المبارک میں شروع کی گئی تمام عبادات اور نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فیض احمد زاہد۔مربی سلسلہ کیٹ فورڈ، یوکے)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سویڈن کی سرگرمیاں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button