افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کیمرون کے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

٭… حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا محبت بھرا بصیرت افروز پیغام

٭… جلسہ سالانہ میں کیمرون کے ۹ ریجنز سے ۷۱ جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی ٭…دو ہزار ۳۴۶؍ احباب جماعت کی شمولیت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کیمرون کو اپنا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء مورخہ ۲۲و۲۳؍فروری کو ویسٹ ریجن کے شہر فمبان (Foumban) کے تاریخی سکول (Lycee Classique Du Foumban) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ سالانہ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل منعقد ہوئی اور تمام ضروری امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد مکرم بالا ابراہیم بابا صاحب افسر جلسہ سالانہ کی نگرانی میں کام جاری رہا۔ ایک ماہ قبل لوکل ایڈمنسٹریٹر صاحب D.Oاور شہر کے میئر صاحب سے جلسہ سالانہ کی اجازت لی گئی۔ تمام ناظمین نے اپنے اپنے مفوضہ کام شروع کر دیے۔

جلسہ کے لیے احباب جماعت ۲۱؍فروری کی شام سے فمبان پہنچنے شروع ہوگئے جن کے کھانے اور رہائش کے انتظامات مکمل تھے۔

شہر کے بڑے اور مشہور چوراہوں پر جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کے بینرز لگائے گئے تاکہ ہر آنے جانے والے کو جلسہ کی خبر ہو۔ شہر اور ارد گرد کے دیہات میں ایک ہفتہ پہلے جلسہ سالانہ کے پوسٹر بھی دیواروں پر چسپاں کر دیےگئےتھے۔

پہلا اجلاس:مورخہ ۲۲؍فروری کو صبح دس بجے جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس شروع ہوا جس کی صدارت مکرم الحاج بالا ابراہیم بابا صاحب صدر جماعت احمدیہ کیمرون نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم آدمو موسیٰ صاحب معلم سلسلہ نے پیش کی جبکہ نظم مکرم ابو بکر گروبا صاحب نے پڑھی۔ صدر اجلاس نے جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال شدہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام انگریزی میں اور مکرم آدمو عمر صاحب جنرل سیکرٹری جماعت کیمرون نے فرنچ زبان میں پڑھ کر سنایا۔ اسی طرح پیغام کا لفظ بلفظ ترجمہ فلبے اور باموں زبانوں میں مکرم یوسف سعید صاحب معلم سلسلہ اور مکرم شیخ منصور صاحب نے کیا۔

بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’محبت سب کے ليے نفرت کسی سے نہیں‘‘ از مکرم شیخ منصور صاحب بزبان فرنچ (اس تقریر کا باموں زبان میں ترجمہ بھی پیش کیاگیا) ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ‘‘ از مکرم ظفراللہ مصطفےٰ صاحب مبلغ سلسلہ بزبان انگریزی (اس تقریر کا فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا گیا)۔

دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین جلسہ کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔

دوسرا اجلاس:جلسہ کا دوسرا اجلاس چار بجے بعد دوپہر شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت خاکسار (مبلغ انچارج کیمرون)نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ مکرم نوحو یوسف صاحب معلم سلسلہ نے پیش کیا۔ نظم مکرم آدمو جبرئیل صاحب نے پڑھی۔ بعدازاں مکرم احمد تیجانے ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے ’’اللہ تعالیٰ کی غیر معمولی مدد جماعت احمدیہ کے ساتھ‘‘ اور مکرم یوسف بیلو صاحب معلم سلسلہ نے ’’روزہ ارکان اسلام کا ایک اہم رکن‘‘ (بزبان انگریزی) کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ ان تقاریر کے فلبے اور باموں زبانوں میں ترجمے بھی کیے گئے۔

چند مہمانوں کے تاثرات کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد مکرم سلیمان احمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’مالی قربانی ہر احمدی کا مذہبی فریضہ‘‘ کے موضوع پر فرنچ میں درس دیا۔

شام کے کھانے کے بعد ساڑھے آٹھ بجے تینوں ذیلی تنظیموں کی الگ الگ میٹنگز ہوئیں۔ اس طرح پہلے دن کی کارروائی کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن۔ ۲۳؍فروری بروز اتوار

صبح سوا چار بجے نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوا جو مکرم حافظ زکریا احمد صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر مکرم عبدالہادی صاحب معلم سلسلہ نے پڑھائی جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کا خلاصہ مکرم عبدالعزیز صاحب نے فرنچ اور انگریزی میں سنایا۔ ساتھ ہی فلبے اور باموں زبانوں میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ناشتے کے لیے وقفہ ہوا۔

تیسرا اجلاس: جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری اجلاس کی کارروائی کا آغاز صبح نو بجے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم الحاج بالا ابراہیم بابا صاحب صدر جماعت احمدیہ کیمرون نے کی۔ اس اجلاس میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ مکرم حافظ زکریا احمد صاحب نے پیش کیا۔ عربی قصیدہ مکرم سید یوسف صاحب معلم سلسلہ نے پڑھا۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’پیار ومحبت اور باہمی یک جہتی کے متعلق اسلامی تعلیم‘‘ از مکرم سانگو ھارونا صاحب معلم سلسلہ (بزبان فرنچ)، ’’اس کثیرالمذہب دنیا میں حضرت مصلح موعودؓ کی باہمی یکجہتی کے لیے کوششیں‘‘ از مکرم عبدالہادی صاحب معلم سلسلہ (بزبان انگریزی) اور ’’حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز-موجودہ دنیا میں پیار و محبت اور باہمی اتحاد کے عظیم علم بردار‘‘ (بزبان فرنچ) از مکرم ابو بکر آدمو معلم سلسلہ صاحب۔

اس اجلاس میں عموماً حاضری زیادہ ہوتی ہے اور مختلف حلقوں سے مہمانان کرام، چیفس اور گورنمنٹ کے اداروں سے نمائندگان بھی شامل ہوتے ہیں۔ سب نے بہت غور سے اس تقریر کو سنا اور بعد میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی کاوشوں کی تعریف بھی کی۔ ان تمام تقاریر اور مہمانوں کے تبصروں کےفرنچ اور انگریزی کے علاوہ لوکل زبانوں فلبے اور باموں میں ترجمے بھی پیش کیے گئے۔

اجلاس کی کارروائی کے اختتام پر سب شاملین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔

نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے ساتھ بابرکت جلسہ سالانہ کیمرون ۲۰۲۵ء اپنے اختتام کو پہنچا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ سالانہ کے انتظامات:جلسہ سالانہ میں سیکیورٹی کا مکمل انتظام مجلس خدام الاحمدیہ کے سپرد تھا جنہوں نے بہت احسن رنگ میں اپنی ڈیوٹی انجام دی۔

کھانا پکانے کی پوری ذمہ داری لجنہ اماءاللہ کیمرون کے سپرد تھی۔ لجنہ نے مختلف ٹیموں کے ذریعہ کام کو بہت اچھے طریقے سے مکمل کیا۔

میڈیا کوریج: جلسہ سالانہ کی ۱۹؍میڈیا ہاوٴسز نے کوریج کی۔ ۸؍ٹی وی چینلز، ۷؍ریڈیو سٹیشنز اور ۴؍اخباروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور خبریں نشر کیں، وڈیو کلِپ دکھائے اور پرنٹ میڈیا میں بھی شیئر کیں۔ اس دفعہ ملک کے نیشنل ٹی وی سٹیشن CRTU نے بھی خبر نشر کی اور ویڈیو کلپس بھی دکھائے۔

کیمرون کے ۱۰؍ریجنز کی ۷۱؍جماعتوں سے دو ہزار ۳۴۶؍احباب جماعت نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی توفیق پائی۔ بعض احباب ایک ہزار۸۰۰؍کلومیٹر کا لمبا سفر کرکے فمبان (Foumban) جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیے تشریف لائے۔

جلسہ سالانہ پر کتابوں کی نمائش کا بھی انتظام تھا جو مکرم عمرو آدمو صاحب سیکرٹری اشاعت کی نگرانی میں کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس جلسہ سالانہ کو تمام شاملین کے لیے روحانی ترقی کا ذریعہ بنائے، جماعت احمدیہ کیمرون کو دن دگنی ترقیات سے نوازے اور اسلام احمدیت کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:عبدالخالق نیر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا جلسہ سالانہ کیمرون ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

پیارے احباب جماعت احمدیہ کیمرون

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۲ و ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور سب شاملین غیر معمولی برکات حاصل کرنے والے ہوں۔

یہ جلسہ سالانہ جس کا انعقاد حضرت مسیح موعودؑ نے اللہ کی راہنمائی سے کیا تھا اس کا مقصد افراد جماعت کو متحد کرنا اور ان کے اسلام اور آنحضورﷺ کی تعلیمات کے متعلق فہم و ادراک میں بہتری لانا ہے۔ پس یہ جلسہ دنیاوی فوائد کے حصول یا کھیل تماشہ کےلیے نہیں بلکہ یہ روحانیت میں ترقی اور اخلاق کی بہتری کے لیے ہے۔ اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:

‘‘اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے…’’ (اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجمو عہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہو جائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کو قبول کر لیا ہے، بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی مخلصانہ کوشش بھی کرنی چاہیے جس کا آپ نے وعدہ کیا ہے۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنا ایمان زندہ رکھنے کے ليے ہر ایک شرط بیعت پر غور کرتے رہنا چاہيے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کے ہر مرحلے میں راہنما ہونی چاہئیں۔ اگر آ پ اپنے آپ کو ان کے مطابق ڈھالیں اور اپنے روز مرہ کے اعمال اور کاموں پر غور و فکر کریں اور جائزہ لیتے رہیں، تو آپ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں اور اس کے ذریعہ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرنے والے بن سکتے ہیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے اندر اسلام کی خدمت کا جوش و جذبہ پیدا کریں۔ اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ زندہ اور ذاتی تعلق پیدا کریں جو کہ ہمارا خالق ہے۔ چنانچہ باقاعدگی کے ساتھ پنجوقتہ نماز ادا کریں۔ تضرع میں بڑھیں اور اپنے دلوں میں مستقل ذکر الٰہی کرتے رہیں۔

یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کے ساتھ ہمیشہ وفا دار رہیں اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ آپ کو میرے خطبات جمعہ اور دیگر تقریبات اور مواقع پر بیان کی گئی میری باتوں کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔ یہ آپ کو خلافت کے ساتھ ایک مستقل تعلق قائم کرنے میں مدد دے گا اور آپ کا ایمان مزید بہتر کرے گا۔

میں آپ کو تبلیغ کے حوالہ سے آپ کی ذمہ داریاں بھی یا ددلانا چاہتا ہوں ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمارے ذمے یہ کام لگایا ہے کہ ہم اسلام کی سچائی اور اس کا پُر امن پیغام دنیا کے ہر کونے تک پھیلائیں۔ پس لوگ اسے قبول کریں یا نہ کریں ہمیں اپنے عزم میں کبھی کمزوری نہیں دکھانی چاہیے تاکہ ہم اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ اسلام کا حقیقی پیغام دنیا کے ہر ملک کے ہر ایک فرد تک پہنچے۔ یہ ایک بہت بڑا کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمارے ذمہ لگایا ہے۔

آپ دانشمندانہ منصوبہ بندی کریں اور موثر تبلیغی پروگرامز ترتیب دیں اور کیمرون کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کے پرامن پیغام کو پھیلانے کے لیے انتھک محنت کریں۔ اس کے نتیجہ میں آپ حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے مقصد کو پورا کرنے والے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس عظیم مقصد کی تکمیل میں ہر طرح کی کامیابی عطا فرمائے۔

آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو بہت کامیاب فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ، لوگوں سے حسن سلوک، اچھے اعمال اور اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔ آمین۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ چاڈ کے تیسرے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button