گیمبیا کی جماعت بصے اور فرافینی میں جلسہ یوم مسیح موعود اور خدمت انسانیت
جماعت احمدیہ بصے (گیمبیا) میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقادو رمضان المبارک میں خدمت انسانیت
ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع احمد خان صاحب صدر جماعت احمدیہ بصے تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے Upper River Region کے ریجنل ہیڈ کوارٹر کی جماعت بصے کو مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۵ء کو جلسہ یوم مسیح موعود منانے کی توفیق ملی۔

اس جلسہ کی صدارت خاکسار نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور تعارفی کلمات کے بعد درج ذیل تقاریر ہوئیں:شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں از مکرم قاسم احمد (ریجنل قائد)، سیرت حضرت مسیح موعودؑ از مکرم یوسف فاٹی(مربی سلسلہ)، یوم مسیح موعود کی اہمیت از کارامو تورے (پرنسپل ناصر احمدیہ سکول بصے)۔ آخر پر خاکسار نے اختتامی کلمات کہے جن میں خاص طور پر خدام اور اطفال کو نصیحت کی کہ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ ایم ٹی اے اور جماعتی ویب سائٹس کو ضرور دیں۔ جلسہ کے اختتام پر تمام شاملین کو شرائط بیعت کی ایک ایک کاپی دی گئی اور نصیحت کی گئی کہ گاہے بگاہے ان کو پڑھتے رہیں اور اپنا جائزہ لیتے رہیں کہ کس حد تک ہم ان پر عمل کررہے ہیں۔
اس جلسہ کی کل حاضری ۶۰ رہی۔ جلسہ کے بعد تمام حاضرین کے لیے افطاری کا انتظام تھا۔ افطاری کے وقت بعض قریب رہنے الے غیر احمدی بھی اس بابرکت مجلس میں شامل ہوئے۔ مغرب کی نماز باجماعت ادا کرنے کے بعد کھانے سے تواضع کی گئی۔
اس کے علاوہ جماعت احمدیہ بصے کو ماہ رمضان میں روزانہ مسجد میں اجتماعی افطاری کا انتظام کرنے کی توفیق ملی جس میں غیراحمدی بھی کثیر تعداد میں شامل ہوتے اور ہمارے ساتھ نماز مغرب بھی ادا کرتے۔اس طرح یہ ایک طرح سے تبلیغ کا بھی موقع بن جاتا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ احمدیہ کلینک بصے کی طرف سے کلینک کے تمام سٹاف کو اور غریب گھرانوں کو رمضان میں راشن بھی دیا گیا۔
جماعت فرافینی (گیمبیا) میں جلسہ یوم مسیح موعود و افطارکی تقسیم
مکرم لامین نیابلی ایریا مشنری فرافینی ایریا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے North Bank Region کے ریجنل ہیڈ کوارٹر کی جماعت فرافینی کو مورخہ ۲۶؍مارچ کو جلسہ یوم مسیح موعود منانے کی توفیق ملی۔
اس تقریب میں فرافینی، جوٹابولو ، چامن اور یاللباہ کی جماعتوں کے احباب نے شرکت کی۔اس تقریب نے حضرت مسیح موعودؑکے مشن، تعلیمات اور پیغام کو پھیلانے میں جماعت کے افراد کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانے کا کام کیا۔
تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد جلسہ کی مرکزی تقریر خاکسار نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد‘‘ کے موضوع پر کی۔ تقریر کے بعد صدر مجلس مکرم موموڈو لامین باہ صدر جماعت فرافینی نے اختتامی کلمات کہے۔ آخر پر اجتماعی دعا ہوئی۔اس جلسہ کی کل حاضری تقریباً ۷۰ رہی۔
یوم مسیح موعودؑ کے موقع پر خدمت انسانیت کی طرف بھی ایک قدم اٹھایا گیا جس میں جماعت نے ۱۰۴ سے زائد افطار اور کھانوں کے پیکٹس کا اہتمام کیا اورانہیں مستحقین میں تقسیم کیا تاکہ معاشرے کے کم مراعات یافتہ افراد بھی رمضان کی برکتوں میں حصہ لے سکیں۔یہ افطار پیکٹس فرافینی ہسپتال میں مریضوں اور دیگر غرباء میں تقسیم کیے گئے۔
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: بینن میں وقفِ نو سیمینار کا انعقاد