جماعت احمدیہ سویڈن کی سرگرمیاں
تین روزہ تبلیغ اسٹال۔ Lulea On Ice
لولیو شہر میں گذشتہ ۲۱ سال سے سردیوں کے دوران سمندر میں خصوصی راستے بنائے جاتے ہیں، جہاں لوگ گاڑیاں چلاتے ہیں، اسکیٹنگ کرتے ہیں اور مختلف سرمائی کھیلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ چند سال سے فروری کے آخر میں ہالینڈ کے نیشنل اسکیٹنگ مقابلے بھی لولیو میں منعقد ہو رہے ہیں، جن کی بدولت یہاں آہستہ آہستہ ایک میلے جیسا ماحول بن چکا ہے۔ امسال، خاکسار نے دوسری مرتبہ اس ایونٹ میں شرکت کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کیا، اور الحمدللہ، اجازت ملنے کے بعد ۲۱ تا ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء کو اس میلے کے دوران تبلیغی اسٹال لگانے کی توفیق ملی۔

اسٹال پر آنے والے مہمانوں کے لیے تینوں دن مفت کافی کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس سہولت کی بدولت سرد موسم میں بہت سے افراد کافی لینے کے لیے رکے، جس کے نتیجے میں ان سے تفصیلی گفتگو کا موقع ملا اور اسلام سے متعلق ان کے خیالات اور سوالات پر بامعنی تبادلہ خیال ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارا اسٹال بے حد کامیاب رہا۔ تینوں دن بڑی تعداد میں لوگ ہمارے اسٹال پر آئے، سوالات کیے، اور مدلل جواب حاصل کرنے کے بعد مطمئن ہوکر واپس گئے۔ الحمد للہ
تربیتی کیمپ جماعت احمدیہ لولیو
سویڈن کی جماعت لولیو میں ۷ تا ۲۵ سال کے بچوں اور نوجوانوں کا ایک تربیتی کیمپ شعبہ تربیت کے تحت منعقد ہوا۔ اس کیمپ کے پروگرام میں مکرم عمیر ناصر صاحب سیکرٹری تربیت لولیو نےتعلیمی و تربیتی پروگرامز کے علاوہ بچوں کی تفریح کے پروگرام بھی رکھے تھے۔ اس کیمپ کا موضوع ’’نظام جماعت کا تعارف‘‘ رکھا گیا تھا۔ کیمپ کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۲۲؍فروری بروز ہفتہ ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ اور درثمین سےنظم پیش کی گئی۔پہلے اجلاس میں خاکسار (مربی سلسلہ) نے ۷ تا ۱۵ سال کے بچوں کو نظام جماعت کے تعارف میں خلافت، نظام شوریٰ اور مختلف جماعتی دفاتر (صدرانجمن احمدیہ، تحریک جدید، وقف جدید) کا تعارف کروایا۔ اس اجلاس کے بعد لوائے احمدیت، شوریٰ اور جلسہ سالانہ سے متعلق بعض ڈاکومینٹریز اور ویڈیو رپورٹس بچوں کو دکھائی گئیں۔ اسی عمر کے بچوں کے ساتھ دوسرے اجلاس میں خاکسار نے بچوں کو جماعت کے مالی نظام اور جماعتوں میں عاملہ کے نظام کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ ایک طویل اجلاس ۱۵ تا ۲۵ سال کے نوجوانوں کے ساتھ نظام جماعت کے تعارف پر کیا جس میں انہیں بھی خلافت، شوریٰ، جماعتوں کا نظام اور چندے کا نظام تفصیل سے سمجھایا۔ ان کے سوالات کے جواب دیے۔ نوجوانوں نے خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ ان تفصیلات سے نہ صرف ان کے علم میں اضافہ ہوا بلکہ نظام جماعت پر ان کے یقین میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

کیمپ کے دوران بچوں کے لیے ورزشی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ جس میں سپورٹس ہال میں بچوں کےلیے مختلف کھیلوں کا انتظام کیا گیا۔ جن میں بچوں نے بہت شوق اور دلچسپی سے حصہ لیا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد سب شاملین کے لیے کھانے کااہتمام تھا۔ بچوں کے لیے جماعتی مرکز میں ہی رات قیام کرنے کا انتظام تھا۔
مورخہ ۲۳؍فروری کو نماز فجر کی ادائیگی اور تلاوت قرآن کریم سے فارغ ہونے کے بعد ناشتہ سے تواضع کی گئی جس کے بعد بچوں کو کچھ دیر آرام کرنےکا وقت دیا گیا۔
صبح کے اجلاس میں خاکسار نے بچوں کو مختصر طور پر ذیلی تنظیموں اور جلسہ سالانہ کا تعارف کروایا۔
الحمدللہ یہ کیمپ بہت کامیاب رہا اور تمام شاملین نے بہت دلچسپی کے ساتھ اس کیمپ کے تمام حصوں میں شمولیت کی اور کیمپ کے انعقاد پر بہت خوشی کا اظہار کیا۔
میئر شیلیفتیو (Sekllefteå) سے ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۷؍فروری کو مکرم صدیق احمد صاحب اور خاکسار (مربی سلسلہ) کی شیلیفتیو شہر کے میئر Lorents Burman صاحب سے ان کے آفس میں ملاقات ہوئی جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس میں جماعت کا تفصیلی تعارف کرایا۔ قرآن جلانے کی مذموم کوششوں کے حوالے سے جماعت احمدیہ کے پُرامن اور مثبت ردعمل پر تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ جماعت احمدیہ کس طرح معاشرے میں امن قائم کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

میئر صاحب نے جماعتی کاوشوں کو بے حد سراہا اور خوشنودی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر خاکسار نے میئر صاحب کو قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی کتاب عالمی بحران اورامن کی راہ بطور تحفہ پیش کی۔ جس پرمیئر صاحب نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: قرطبہ، سپین کے ایک سکول میں اسلام احمدیت پر لیکچر اور سکول کے طلبہ کا دورہ مسجد بشارت