وقفِ نو سیمینار، فن لینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو ۶؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز اتوار مسجد ہیلسنکی میں وقفِ نو سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی جو خاص طور پر واقفینِ نو، واقفاتِ نو اور ان کے والدین کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔

سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ، مکرم عطاء الغالب صاحب کی زیر صدارت اس پروگرام میں جامعہ احمدیہ میں داخلے کے طریقہ کار اور کیریئر پلاننگ سے متعلق دو پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔ جامعہ سے متعلق معلومات مطاہر احمد صاحب نے اور کیریئر پلاننگ کی پریزنٹیشن کاشف احمد صاحب نے پیش کی۔
اس کے بعد ناصرات واقفاتِ نو نے پردے کی رعایت سےخوبصورت ترانہ پیش کیا۔ ایک ناصرہ نے فنش زبان میں تقریر بھی کی۔ خاکسار (سیکرٹری وقفِ نو) نے واقفینِ نو، واقفاتِ نو اور ان کے والدین کی ذمہ داریوں کے حوالے سے پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں گزارشات کیں۔
ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے چیئرمین، ڈاکٹر عزیز حفیظ صاحب نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے والدین کو قیمتی نصائح کیں۔ سیمینار کے اختتام پر صدر صاحب جماعت احمدیہ فن لینڈ نے اپنے اختتامی کلمات میں واقفینِ نو کو ان کی اہم ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔
یہ سیمینار نہایت معلوماتی اور مفید ثابت ہوا جسے حاضرین نے خوب سراہا جن کی تعداد ۹۳؍تھی جبکہ آن لائن ۱۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ۴۳ویں جلسہ سالانہ ہالینڈ ۲۰۲۵ء کا بابرکت اختتام