امریکہ (رپورٹس)

مجلسِ صحت یوکے کے زیراہتمام ساتویں یوکے نیشنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

جماعت احمدیہ برطانیہ کے شعبہ مجلس صحت نے مورخہ ۵ و ۶؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار ساتواں نیشنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ کامیابی سے منعقد کیا۔ جس میں ملک بھر سے علاقائی کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس ٹورنامنٹ میں اسلام آباد، ایسٹ ریجن ۱، ایسٹ ریجن ۲، مڈل سیکس، جامعہ احمدیہ یوکے، ٹی آئی کالج یوکے، ایم ٹی اے انٹرنیشنل اور مسجد فضل لندن کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

یہ دو روزہ پروگرام نہایت منظم اور دلچسپ انداز میں جاری رہا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا نائب امیر جماعت احمدیہ یوکےمکرم ناصر احمد خان صاحب نے شرکاءکو خوش آمدید کہا اور دوران کھیل نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔اس موقع پر ٹی آئی کالج اولڈ بوائز یوکے اور ٹی آئی کالج اولڈ بوائز جرمنی کے درمیان ایک نمائشی میچ کھیلا گیا جس میں یوکے کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

ٹورنامنٹ میں شامل آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا جبکہ ہر گروپ میں چار ٹیمیں تھیں۔ ہفتہ ۵؍اپریل کو بارہ پُول میچز کھیلے گئے جبکہ اتوار ۶؍اپریل کو ایسٹ ریجن 1 بمقابلہ مسجد فضل لندن اور اسلام آباد بمقابلہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل سیمی فائنل میچز منعقد ہوئے جن میں انتہائی دلچسپ اور سخت مقابلوں کے بعد اسلام آباد اور ایسٹ ریجن 1 کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ سکیں۔ مسجد فضل لندن نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ بعد نماز عصر کھیلے گئے فائنل میچ کے بعد ایسٹ ریجن1 نے دوسری پوزیشن اور اسلام آباد کی ٹیم ٹورنامنٹ کی فاتح قرار پائی۔ تمام میچز دوستانہ ماحول کے ساتھ اچھے مسابقتی انداز میں کھیلے گئےاور نوجوان کھلاڑیوں کی مہارت اور پختگی میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی۔

اس ٹورنامنٹ کی تمام کارروائی مجلس صحت یوکے نے سوشل میڈیا کے ذریعہ براہ راست نشر کرنے کا انتظام کیا جس میں لائیو کمنٹری نے چار چاند لگادیے۔ تمام تر کھلاڑیوں کی بعد ازاں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات اور گروپ تصاویر کی سعادت نے نہ صرف کھلاڑیوں کی تھکن دُور کردی بلکہ اس ٹورنامنٹ کو بھی یادگار بنادیا۔

اس موقع پر بطور خاص ایک تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف جماعت احمدیہ کی پچاس سالہ باسکٹ بال کی تاریخ کو اُجاگر کیا گیا تھابلکہ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ سے لے کر موجودہ خلافت تک کی کھیلوں میں دلچسپی اور سرپرستی بھی دکھائی گئی تھی ۔اس نمائش میں باسکٹ بال کے دو بین الاقوامی احمدی کھلاڑیوں خاکساراور مکرم حافظ مسعود صاحب کا بھی تعارف پیش کیا گیا تھاجنہوں نے مختلف ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔

ٹورنامنٹ کے اختتامی اجلاس میں امیر صاحب یوکے مکرم رفیق احمد حیات صاحب نے حوصلہ افزائی، مین آف دی میچ ، بہترین کارکردگی اور اوّل دوم سوم پوزیشنز کے لیے انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں جس کے بعد محترم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں کھلاڑیوں کوسابقہ بین الاقوامی احمدی کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اُبھرنے اور کھیل اور رُوحانیت میں اعلیٰ مقاصد کو حاصل کرنے کی کوششوں کی ترغیب دلائی۔بعد ازاں اجتماعی دعا سے اتحاد اور شکر گزاری کے جذبات کے ساتھ یہ کامیاب ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ: مرزا عبدالباسط۔ صدر باسکٹ بال یوکے)

مزید پڑھیں: لٹوین بُک فیئر ۲۰۲۵ء میں جماعت احمدیہ لٹویا کی کامیاب شرکت

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button