یورپ (رپورٹس)

لٹوین بُک فیئر ۲۰۲۵ء میں جماعت احمدیہ لٹویا کی کامیاب شرکت

لٹویا (Latvia) کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں ہر سال عالمی کتب کا میلہ سجایا جاتا ہے جس میں آس پاس کےبہت سے ممالک شامل ہوتے ہیں۔ اِس سال یہ عالمی بُک فیئر ۲۱ تا ۲۳؍فروری کو منعقد ہوا جس میں 7 ممالک سے تعلق رکھنے والی 111 کمپنیوں نے اپنے اپنے سٹال لگائے۔اِس تین روزہ کتب میلے کو 17966 لوگوں نے وزٹ کیا۔ اِس مرتبہ زیادہ تر سٹالز یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولز کے تھے جن کی وجہ سے نمائش کووزٹ کرنےوالوں کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل تھی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ لٹویا بھی 2019ء سے کتب کی اِس عالمی نمائش میں حصّہ لے رہی ہے اور اب تک ہزارہا افراد تک اسلام احمدیّت کا پیغام پہنچایا جاچکا ہے اور یہ سلسلہ ہر سال ترقی کرتا چلاجارہا ہے۔ الحمد اللہ

امسال لٹوین انٹرنیشنل بُک فیئر کی انتظامیہ کی طرف سےپہلے تو جماعت سے معذرت کی گئی مگر پھر نمائش کے انعقاد سے چند دن قبل جماعت احمدیہ سے رابطہ کرکے شمولیّت کی دعوت دی جسے فوراً قبول کرلیا گیا اور تیاری مکمل کرلی گئی۔

نمائش میں پیش کیا جانے والا لٹریچر: امسال بھی انگریزی، رشین اور لٹوین زبانوں میں جماعتی لٹریچر پیش کیا گیا۔ لٹوین زبان کا لٹریچر مقامی سطح پر ہی طبع کروایا گیا ہے۔ اب تک لٹوین زبان میں 9 لیف لیٹس اور 7 کتب شائع ہوچکی ہیں جواِس نمائش کا حصّہ تھیں۔

لوگوں کی ہمارے سٹال پر آمد کا سلسلہ: پہلےاور دوسرےدن نمائش گاہ میں زیادہ رش تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے سینکڑوں افراد ہمارے سٹال پر آئے۔ لوگ بڑی خوشی اور مسرّت سے ہمارا لٹریچر لے رہے تھے۔ بہت سے لوگوں نے اسلام احمدیت، جہاد، اسلام میں عورت کا مقام، اسلامی عبادات، اسلام کا دوسرے مذاہب کےبارے میں نقطہ نظر وغیرہ کے موضوعات پر سوالات کیے اور ڈیوٹی پر موجود احباب کو اُن کے جواب دینے کی توفیق ملی۔

ہمارے سٹال پر آنے والے بہت سے لوگوں نے ہمارے کام کو سراہا اور اِس بات کا اظہار کیا کہ اِس مُلک میں بہت کم لوگ اسلام سے واقف ہیں۔آپ لوگ اسلام کا تعارف کرواکر بہت اچھا کام کررہے ہیں۔

کتب ولٹریچر کی تقسیم: اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کو امسال 71 رشین، 129؍انگریزی اور 456؍لٹوین زبان کی کتب اور لیف لیٹس تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ اِس بار بھی لٹویا کے طول وعرض میں ہزاروں لوگوں تک اسلام احمدیّت کا پیغام پہنچا۔ الحمد للہ۔

(رپورٹ۔بشارت احمد شاہدؔ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: ۴۳ویں جلسہ سالانہ ہالینڈ ۲۰۲۵ء کا بابرکت اختتام

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button