افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گیمبیا میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد

مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو ماہ فروری میں جماعتی تاریخ و روایت کے مطابق ملک بھر کی جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود منانے کی توفیق ملی۔الحمدللہ۔جلسوں کا یہ سلسلہ 20 فروری کو شروع ہوا اور مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک بھر کی 93؍جماعتوں میں یہ جلسے منعقد ہوئے اور کل 3309؍افراد نے شرکت کی۔ان جلسوں کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد پیشگوئی سے متعلقہ حدیث یتزوج ویولد لہ پیش کی گئی۔اس کے بعد مبلغین کرام اور مختلف علمائے کرام نے درج ذیل موضوعات پر تقاریر کیں: پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر و الفاظ، یوم مصلح موعود منانے کا مقصد، حضرت مصلح موعود ؓکے کارنامے، پیشگوئی کے الفاظ کے مطابق مختلف پہلوؤں کا حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ کی ذات میں پورا ہونا۔

اس سلسلہ میں ملک کے جماعتی ہیڈ کوارٹرکومبو میں موجود مسجد بیت السلام میں جلسہ یوم مصلح موعود مورخہ 20؍فروری کو بعداز نماز عصر منعقد ہوا۔ صدارت مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سےہوا۔ ایک نظم کے بعد تقاریر ہوئیں۔ان تقاریر کے علاوہ یوم مصلح موعود کے حوالے سے ایم ٹی اے کی تیار کردہ ایک ڈاکومنٹری بھی احباب کو دکھائی گئی جس میں شاملین نے بہت دلچسپی لی اور بڑے انہماک سے دیکھی۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے جماعت کے انتظامی ڈھانچے کے قیام کے حوالے سے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی۔اور یوم مصلح موعود منانےکی ضرورت و اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے دن ہمارے لیے یاددہانی کا کام کرتے ہیں۔اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔اس جلسے کی کل حاضری 120؍رہی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان جلسوں کے دوررس نتائج نکالے۔ اور ہمیں خلافت کے ساتھ جوڑے رکھے۔آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: بینن میں وقفِ نو سیمینار کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button