جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

۴۳ویں جلسہ سالانہ ہالینڈ ۲۰۲۵ء کا بابرکت اختتام

(عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ہالینڈ)

جلسہ کا تیسرا دن

(اتوار، ۴؍مئی ۲۰۲۵ء) جلسہ سالانہ ہالینڈ کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس حدیث سے ہوا۔ صبح ۹ بجے کے قریب شاملین جلسہ کے لیے ناشتہ کا انتظام تھا۔

آج کے دن کے اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔

اجلاس کی پہلی تقریر مکرم حامد کریم محمود صاحب مربی سلسلہ نے ‘‘عائلی معاملات میں عفو کا کردار’’ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد مکرم سعید احمد جٹ صاحب مربی سلسلہ نے ’’میں احمدی کیوں ہوں؟’’ کے عنوان سے اپنی گذارشات پیش کیں۔ بعد ازاں برکات قرآن کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ منظوم کلام میں سے چند اشعار پیش کیے گئے۔ اس کے بعد مکرم عبد الباسط صاحب نگران ہالینڈ مسجد فنڈ نے مسجد کی تعمیر کی اہمیت کے حوالےسے اپنی گذارشات پیش کیں۔ اجلاس کے آخر پر چند اعلانات ہوئے۔ 

دوپہر کے کھانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا یوکے، جرمنی، کینیڈا اور گھانا کے فارغ التحصیل مربیان سے کانووکیشن کا خطاب سنا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ 

نماز کے بعد کچھ اعلانات ہوئے۔ امور خارجہ کے حوالے سے کچھ ہدایات دی گئیں۔ اسکے علاوہ ۴؍مئی کادن ہالینڈ میں دوسری جنگ عظیم کے شہدا کی یاد میں منایا جاتا ہے اسکے لیے ۲ منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی گئی۔

جلسہ کے اختتامی اجلاس کی کارروائی مکرم شمشاد احمد ناصر صاحب مرکزی نمائندہ کی صدارت میں ہوئی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اسکے بعد مشنری انچارج صاحب عائلی معاملات کے حوالے سے گذارشات پیش کیں۔ جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم مرکزی نمائندہ صاحب نے بعنوان ’’حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا معاندین سے عفو ‘‘ کی۔ اسکے بعد مکرم امیر صاحب ہالینڈ نے چند اختتامی کلمات بیان کیے۔ آخر پر آپ نے جلسہ کی حاضری بتائی جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ۳۱۰۷ تھی۔ جس میں ۱۳۴۸ مستورات، ۱۶۸۷ مرد اور ۷۲ مہمان اور ۸ ممالک کی نمائندگی شامل ہے۔ اس اجلاس کا اختتام دعا سے ہوا۔

اس جلسہ کے دوران مختلف قسم کے سٹالز لگائے گئے جس میں بک سٹال، امور خارجہ سٹال، ہیومنیٹی فرسٹ ہالینڈ، شعبہ رشتہ ناطہ، شعبہ صنعت تجارت، مال، وصیت، مجلس انصار اللہ، کھانے کا سٹال اور اشیائے خوردونوش کا سٹال وغیرہ۔ ان سٹالز سے شاملین جلسہ نے بہت فائدہ اٹھایا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button