نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۹؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم دانیال سلیم پر اچہ صاحب(آلڈر شاٹ نارتھ۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم دانیال سلیم پراچہ صاحب (آلڈر شاٹ نارتھ۔ یوکے)
5؍اپریل 2025ء کو 46سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم مکرم شیخ محمد اقبال پراچہ صاحب (آف بھیرہ) کے پوتے تھے۔ آپ نے اسلام آباد پاکستان اور یوکے میں لمبا عرصہ خدام الاحمدیہ کے شعبہ عمومی میں خدمت کی توفیق پائی۔ بڑے اخلاص سے ڈیوٹی دیتے تھے۔ کینسر کی تکلیف دہ بیماری کو بڑے صبر وحوصلہ سے برداشت کیا۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، چندوں میں باقاعدہ، جماعت اور خلافت سے گہری وابستگی رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں والدین،اہلیہ،ایک بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرم صادق محمد صاحب (کینیڈا) ابن مکرم صالح محمد صاحب (واقف زندگی و مبلغ سلسلہ مغربی افریقہ )
16؍مارچ 2025ء کو 94 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت میاں فضل محمد صاحب رضی اللہ عنہ (آف ہر سیاں والے) اور حضرت برکت بی بی صاحبہ رضی اللہ عنہا کے پوتے اورمکرم عبدالرحیم دیانت صاحب درویش قادیان کے داماد تھے۔ مرحوم کے والد مکرم صالح محمد صاحب لمبا عرصہ افریقہ میں بحیثیت تاجر مبلغ خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم درس و تدریس کے پیشہ سے وابستہ تھے۔ نصرت جہاں سکیم کے تحت چودہ سال تک سیرالیون اور نائیجیریا میں استاد رہےاور پھر نصرت جہاں اکیڈمی ربوہ میں دس سال تک پڑھاتے رہے۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، مالی قربانیوں میں پیش پیش،سادہ مزاج، خوش اخلاق، ہر دلعزیز شخصیت کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ کے سب بچے بھی اچھے تعلیم یافتہ اور جماعت کے خدمت گزار ہیں۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے،پانچ بیٹیاں، ایک بھائی اور ایک بہن شامل ہیں۔ آپ مکرم عبد الباسط شاہد صاحب (مربی سلسلہ و مؤلف سوانح فضل عمرؓ) کے کزن اور بہنوئی تھے۔ آپ کے دو داماد مربی سلسلہ ہیں۔
۲۔مکرم سعید احمد ملک صاحب (میری لینڈ۔ امریکہ )
15؍دسمبر 2024ء کو 78سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت الحاج مولوی محمد عبد الله صاحب کے پڑ پوتے اور ملک عبد الرحمٰن صاحب کے پوتے تھے۔ 1967ء میں آپ نے پشاور یونیورسٹی سے Botany میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی اور اس کے بعد پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں تین سال بطور ریسرچ سکالر کام کیا۔ 1970ء میں جب حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ نے نصرت جہاں سکیم کا آغاز فرمایا تو آپ اور آپ کی بڑی ہمشیرہ محترمہ نعیمہ لطیف صاحبہ کو 1972ء سے 1985ء تک اس سکیم کے تحت نائیجیریا میں بطور استاد خدمت کی توفیق ملی۔ 1989ء میں آپ اپنی فیملی کے ساتھ امریکہ منتقل ہوگئے جہاں آپ کو دو جماعتوں میں بطور لوکل سیکرٹری مال خدمت کی توفیق ملی۔ 2005ء میں آپ نے نیشنل ہیڈکوارٹر مسجد بیت الرحمٰن میں خدمت کے لیے اپنے آپ کو پیش کر دیا اور یہاں بطور آفس مینیجر کام کرنا شروع کیا اور 2019ء کے آخر تک خدمت کی توفیق پائی۔ بطور آفس مینیجر مرحوم نے بہت محنت، لگن اور ذمہ داری سے کام کیا۔ آپ اپنے مفوضہ فرائض میں نظام جماعت کی اطاعت اور تقویٰ کو ذاتی تعلقات پر ترجیح دیتے تھے اور ہمیشہ بے لوث ہو کر خدمت کرتے رہے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2 بیٹے، 3 بیٹیاں، ایک بھائی اور 2 بہنیں شامل ہیں۔
۳۔مکرمہ مہ جبین صاحبہ بنت مکرم مسعود احمد درد صاحب مرحوم (کراچی)
12؍فروری 2025ء کو 47 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ نے قیادت ڈرگ روڈ کراچی میں پانچ سال سیکرٹری اصلاح وارشاد اور دو سال سیکرٹری وقف نو کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم شاہد احمد مسعود صاحب (مبلغ سلسلہ ریجن بندوکو، آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ) کی ہمشیرہ تھیں۔
۴۔مکرمہ نعیمہ فرحت صاحبہ اہلیہ مکرم ملک فدا صاحب مرحوم (ورجینیا۔ امریکہ)
14؍فروری 2025ء کو 92 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم حاجی محمد عبد اللہ صاحب (واقف زندگی و سابق نائب ناظر بیت المال ربوه) کی بیٹی تھیں۔ آپ نے مقامی سطح پر سیکرٹری ناصرات کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم رائے اطہر احمد صاحب (متعلم جامعہ احمدیہ یوکے) کی پڑنانی تھیں۔
۵۔مکرم شفیق احمد خان صاحب (بیلجیم)
23؍دسمبر 2024ء کو 80سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں غلام قادر صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے اور ابتدائی مبلغین مکرم مولانا غلام احمد فرخ صاحب اور مکرم مولانا غلام حسین ایاز صاحب کے بھانجے تھے۔ آپ ایمان کے پکےاور سخت مخالفت کے باوجود ثابت قدمی کے ساتھ احمدیت پر قائم رہنے والے بزرگ تھے۔ خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص اور فدائیت کا تعلق تھا۔ 2015ء میں اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ بیٹوں کے پاس رہنے کے لیے بیلجیم آگئے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2 بیٹے اور2 بیٹیاں شامل ہیں۔
۶۔مکرم کرنل مقصود احمد صاحب ابن ملک محمود احمد صاحب (لاہور)
13؍جنوری 2025ء کو 67 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت حاجی نصیرالحق صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نواسے اور حضرت ماسٹر عبدالعزیز صاحب رضی اللہ عنہ (آف نوشہرہ ککے زیاں) کے پڑنواسے تھے۔ مرحوم کو فوج میں دوران سروس اپنے سینئرز اور جونیئرز میں بہت عزت کا مقام حاصل تھا۔ مرحوم پاکستان میں جلسہ سالانہ کے دوران حفاظت خاص میں نیز دارالذکر لاہور میں بھی لمبا عرصہ سیکورٹی کی ڈیوٹی دیتے رہے۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، جماعت کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے والے، خلافت کے جاںنثار اور فدائی انسان تھے۔ چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھے۔ جب بھی حلقہ میں کسی اہم کام کے لیے ضرورت ہوتی یا کسی مد میں اضافی رقم درکار ہوتی تو خوشی سے اپنا حصہ ڈالتے۔ لوگوں کے ذاتی کاموں اور انسانیت کی خدمت اور ہیومینٹی فرسٹ کے کاموں میں بھی اپنا مکمل تعاون پیش کرتے رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم ملک نسیم احمد صاحب (آف سویڈن) کے چھوٹے بھائی تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭