متفرق

ربوہ کا موسم(۲۵؍اپریل تا یکم مئی۲۰۲۵ء)

۲۵؍اپریل جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت تیز اور ٹھنڈی ہوا رواں دواں تھی ۔ آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج صبح سے ہی اپنے جوبن پر چمک رہا تھا ، دن بارہ بجے کے قریب گرمی زیادہ ہوگئی ۔ ہوا چلنے کی وجہ سے کسی قدر آرام محسوس ہوتا تھا ۔ہوا دن بھر جاری و ساری رہی۔ ہفتہ کو بھی صبح سے تیز ہوا چل رہی تھی ۔ دوپہر کے وقت گرم ہوگئی لیکن لُو کی شکل اختیار نہیں کی ۔ یہ ہوا بھی رات گئے تک جاری رہی۔ ہوا کی روانی کی وجہ سے دھوپ کی تمازت میں کچھ کمی واقع ہوگئی ۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۰؍اور کم سے کم ۲۳؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اتوار کو بھی آسمان صاف تھا اور دھوپ نکلی ہوئی تھی ، بدستور ہوا اپنی رفتار سے جاری تھی، جس سے گرمی میں کمی محسوس کی گئی۔

سوموار کو ہوا نے گرمی کے زور کو مزید بڑھنے نہ دیا۔منگل اور بدھ کو ایک جیسا موسم تھا ۔ سورج خوب چمک دکھلا رہا تھا ، گرمی زوروں پر تھی۔ آہستہ رفتار سے ہوا بھی چل رہی تھی۔ جمعرات کو صبح کے بعد بادلوں کی خفیف سی تہ آسمان پر چھائی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے سورج کی کرنیں پوری طرح زمین تک نہیں پہنچ رہی تھیں۔ سرِ شام ہی ہوا بھی آموجود ہوئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ تاہم بعد نمازِ مغرب یہ ہوا تیز ہوگئی اور کچھ ہی دیر میں تیز آندھی میں بدل گئی ۔ خوب مٹی اُڑتی رہی۔عشاء کے بعد تک تیز آندھی چلتی رہی درمیان میں کچھ دیر کے لیے بادلوں نے گرج چمک دکھا کر اپنی آمد کا اعلان کیا اور کچھ دیر کے لیے بارش بھی ہوگئی ، جس سے مٹی بیٹھ گئی اور تیز ہوا نے آندھی کی جگہ لے لی۔ یہ ہوا کبھی تیز اور کبھی آہستہ رفتار سے رات بھر جاری رہی۔ آندھی اور جھکڑ کی وجہ سے جگہ جگہ درخت گِر گئے اور بعض جگہوں سے بجلی کی تاریں بھی متاثر ہوئیں جس کی وجہ سے بجلی کی رو معطل ہوگئی۔ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۳؍اور کم سے کم ۲۱؍درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button