ادبیات

ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور فارسی ادب(قسط نمبر۱۹۱)

اﷲ تعالیٰ کو اپنا نصب العین بنائیں

فرمایا:‘‘انسان کو چاہیے کہ حسنات کا پلڑا بھاری رکھے۔مگر جہانتک دیکھا جاتا ہے اس کی مصروفیت اس قدر دنیا میں ہے کہ یہ پلڑا بھاری ہوتا نظر نہیں آتا۔رات دن اسی فکر میں ہے کہ وہ کام دنیا کا ہو جاوے۔فلانی زمین مل جاوے،فلاں مکان بن جاوے۔ حالانکہ اُسے چاہیے کہ افکار میں بھی دین کا پلڑا دنیا کے پلڑے سے بھاری رکھے۔اگر کوئی شخص رات دن نماز روزہ میں مصروف ہے تو یہ بھی اس کے کام ہرگز نہیں آسکتا جب تک کہ خدا کو اس نے مقدم نہیں رکھا ہوا۔ہر بات اور فعل میں اﷲ تعالیٰ کو نصب العین بنانا چاہیے ورنہ خدا کی قبولیت کے لائق ہرگز نہ ٹھہرے گا۔ دنیا کا ایک بت ہوتا ہے جو کہ ہر وقت انسان کی بغل میں ہوتا ہے۔اگر وہ مقابلہ اور موازنہ کرکے دیکھے گا تو اُسے معلوم ہوگا کہ طرح طرح کی نمائش اس نے دنیا کے لیے بنا رکھی ہے اور دین کا پہلو بہت کمزور ہے حالانکہ عمر کا اعتبار نہیں اور نہ علم ہے کہ اس نے ایک پل کے بعد زندہ بھی رہنا ہے کہ نہیں۔شیخ سعدی نے کیا عمدہ فرمایا ہے ؎

مکن تکیہ بر عمر نا پائدار

اس وقت جس قدر لوگ کھڑے ہیں کون کہہ سکتا ہے کہ ایک سال تک میں ضرور زندہ رہوں گا لیکن اگر خدا تعالیٰ کی طرف سے علم ہو جاوے کہ اب زندگی ختم ہے تو ابھی سب ارادے باطل ہو جاتے ہیں۔پس خوب یاد رکھو کہ مومن کو دنیا کا بندہ نہ ہونا چاہیے۔ہمیشہ اس امر میں کوشاں رہنا چاہیے کہ کوئی بھلائی اس کے ہاتھ سے ہو جاوے۔’’(ملفوظات جلد ہفتم صفحہ ۲۸۶-۲۸۷۔ ایڈیشن۱۹۸۴ء)

تفصیل:اس حصہ ملفوظات میں آمدہ فارسی مصرع دراصل شیخ سعدی کے شعر کا ایک مصرع ہے مکمل شعر مع اعراب ذیل میں درج ہے۔شیخ سعدی کی یہ بہت بڑی خوش نصیبی ہے کہ اس شعر کے دونوں مصرعے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مختلف وقتوں میں الہام بھی ہوئے تھے۔

مَکُنْ تَکْیِہْ بَرْعُمْرِ نَاپَائیْدْار
مَبَاشْ اَیْمَنْ اَزْبَازیٔ رُوْزگار

ترجمہ: ۔ بے ثبات زندگی پر بھروسہ نہ رکھو زمانہ کی چالوں سے بے فکر مت رہو ۔

لغوی بحث: مَکُنْ(نہ کر) کَرْدَنْ (کرنا)مصدرسے فعل نہی مفرد۔ تَکْیِہْ(بھروسہ) بَرْ(پر)عُمْرِنَاپَائیْدْار(بے ثبات زندگی )

مزید پڑھیں: ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور فارسی ادب(قسط نمبر۱۹۰)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button