متفرق

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں دعاؤں کی تحریک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ ۲؍مئی ۲۰۲۵ء میں دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ دنیا کے عمومی حالات کے لیے دعائیں جاری رکھیں۔ میں کہتا رہتا ہوں۔ خاص طور پر آج کل پاکستان اور ہندوستان کے جو حالات ہیں، اس کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ظلم کا خاتمہ کرے۔ مظلوموں کی حفاظت فرمائے۔ حکومتوں کو عقل دے کہ جنگوں کی طرف بڑھنے کی بجائے صلح و صفائی سے معاملات طے کریں۔ بین الاقوامی معاہدوں کی پاس داری کرنے والے ہوں۔ اور اللہ تعالیٰ بین الاقوامی تنظیموں کو بھی، جہاں آج کل انصاف تو مشکل سے ملتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کرے، ان تنظیموں کو بھی توفیق دے اور دونوں طرف کے ہمدرد اور دوستوں کو بھی توفیق دے کہ ملکوں کے آپس میں معاملات حل کروا سکیں۔

پاکستان کی طرف سے تو بہرحال یہ کہا جا رہا ہے اور ان کے وزیروں کے اکثر بیان آتے رہتے ہیں کہ کشمیر میں جو دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور اگر تمہیں شک ہے تو UN کے اداروں کے ذریعے سے اس کی تحقیق کرواؤ ، جو ہونی چاہیے، بجائے اس کے کہ ہم لڑیں۔ ہندوستان کی حکومت کو بھی اس پر مثبت رویہ دکھانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ دونوں طرف کو عقل دے ۔ جنگ ہوتی ہے تو دونوں طرف کا نقصان ہوتا ہے۔ اور پھر صرف سپاہی نہیں بلکہ عوام اور مظلوم بھی بلاوجہ مارے جاتے ہیں۔ یہی ہم آجکل کی جنگوں میں دیکھ رہے ہیں۔ یہی ہو رہا ہے ہر جگہ۔

بہرحال دنیا کے سب مظلوموں کے لیے دعا کریں۔ بظاہر تو دنیا تباہی کے دہانے پہ کھڑی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی اسے تباہی سے بچائے اور یہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب یہ خدا تعالیٰ کی طرف جھکنے والے بن جائیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں توفیق دے اور ہمیں بھی دُعاؤں کی توفیق دے۔

حضور انور نے مکرم محمد آصف صاحب شہید کا ذکر خیر فرمانے کے بعد خطبہ جمعہ کے آخر میں فرمایا:پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں اور جماعت کی مخالفت كرنے والوں کی جو جرأت ہے وہ بڑھتی چلی جا رہی ہے. الله تعالىٰ جلد ان كى پکڑ کے سامان کرے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button