جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

۴۳ویں جلسہ سالانہ ہالینڈ ۲۰۲۵ء کا پہلا دن

(عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ہالینڈ)

خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو مورخہ ۲ تا ۴ مئی کو اپنا ۴۳واں جلسہ سالانہ بمقام فیئرھاؤتن نزد ننسپیت، منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

امسال جلسہ سالانہ کا مرکزی موضوع ’’عفو اور امن عالم‘‘ ہے۔ جلسہ سالانہ ہالینڈ میں امسال مکرم شمشاد احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ امریکہ بطور مرکزی نمائندہ شریک ہیں۔

مورخہ ۲ مئی بروز جمعہ کو صبح ۱۰ بجے کے قریب رجسٹریشن شروع ہوئی۔ پورے ملک سے احباب جماعت گاڑیوں اور ٹرینوں پر سفر کرکے اس بابرکت جلسہ میں شمولیت کے لیے پہنچے۔

 دوپہر ۱۲:۲۰ بجے کے قریب مرکزی نمائندہ صاحب نے امیر جماعت ہالینڈ مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب، مشنری انچارج مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب اور افسر جلسہ سالانہ مکرم چوہدری مبشر احمد صاحب کے ساتھ انتظامات کا معائنہ کیا۔

جلسہ کا آغاز دوپہر ایک بجے کے قریب پرچم کشائی سے ہوا مکرم امیر صاحب نے ہالینڈ کا جھنڈا اور مرکزی نمائندہ صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا۔

اسکے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی مرکزی نمائندہ صاحب نے خطبہ جمعہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا محبت بھرا سلام احباب جماعت کی خدمت میں پیش کیا اسکے علاوہ انہوں نے ہالینڈ کے حوالے سے تاریخی حقائق کا ذکر کیا جس میں پرانے ابتدائی احمدی اور مبلغین کا ذکر کیا جنہوں نے ہالینڈ میں اسلام احمدیت کی تبلیغ کی۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کے ارشادات کی روشنی میں جلسہ کا مقصد اور جلسہ کی دوران کن باتوں کا ہمیں خیال رکھنا چاہیے اسکا ذکر کیا۔

نماز جمعہ و نماز عصر کے بعد احباب جماعت نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کا خطبہ جمعہ جلسہ گاہ میں براہ راست سنا۔ اس کے بعد شاملین جلسہ نے دوپہر کا کھانا تناول فرمایا۔

جلسہ کا پہلا اجلاس ۴ بجے کے قریب شروع ہوا اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا اسکے بعد امیر صاحب جماعت احمدیہ ہالینڈ نے سامعین سے خطاب کیا۔ آپ نے حضور انور کے گذشتہ ہفتہ کے خطاب برموقع اجتماع واقفین نو یوکے میں سے کچھ حصہ پیش کیا جس میں واقفین نو کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی گئی۔

اسکے بعد مکرم مشنری انچارج صاحب نے تقریر کی۔ آپ نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کے حوالے سے اپنی گذارشات پیش کیں۔ آپ نے عدل، احسان اور ایتاء ذی القربیٰ کے حوالے سے احباب جماعت کو نصائح کیں۔

اسکے بعد شعبہ امور خارجہ کے حوالے سے احباب جماعت کو کچھ معلومات دی گئیں آخر پر اعلانات ہوئے اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

شام ساڑھے چھ بجے کے قریب PAMAA کا ایک اجلاس ہوا جس میں پین افریقن کے ممبرز شامل ہوئے۔ تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا مکرم ٹومی کا ہلوں صاحب نے PAMAA کا تعارف کروایا۔

اسکے بعد کھانے کا وقفہ ہوا۔ بعد ازاں مرکزی نمائندہ صاحب کے ساتھ ایک خصوصی نشست ہوئی جس میں آپ نے تربیتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس میں خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق رکھنا، اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرنا اور نماز کی اہمیت جیسے مضامین شامل تھے۔ اس کے بعد احباب جماعت کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا جن کے مکرم مرکزی نمائندہ صاحب اور مکرم مبلغ انچارج صاحب نے جوابات دیے۔ اس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں جس کے بعد چند مرحومین کی نماز جنازہ غائب ادا کی گئی۔ اعلانات کے بعد آج کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button