عالمی خبریں

سپورٹس بلیٹن

فٹبال:انگلش پریمیئرلیگ کاٹائیٹل لیورپول نے جیت لیا۔ٹوٹینہیم کےخلاف لیورپول نے ۵۔۱؍سے کامیابی حاصل کرکے۲۰۲۴۔۲۰۲۵ءسیزن میں۸۲؍پوائنٹس کےساتھ یہ اعزازاپنے نام کیا جبکہ ابھی چارمیچزباقی ہیں۔لیورپول نے ۲۰ویں مرتبہ پریمیئر لیگ جیت کرمانچسٹریونائیٹڈکاریکارڈبھی برابرکردیا۔رواں سیزن لیورپول کےمصری کھلاڑی محمدصلاح ۲۸؍گولز کے ساتھ ابھی تک ٹاپ سکوررہیں۔

دوسری جانب فٹبال ایسوسی ایشن چیلنج کپ(FA Cup)کے سیمی فائنل مقابلوں میں کرسٹل پیلس نے آسٹن وِ لا کو تین صفر اور مانچسٹرسٹی نے ناٹنگھم فاریسٹ کو۲۔صفر سے شکست دے دی۔ایف اے کپ کا فائنل ۱۷؍مئی کو مانچسٹرسٹی اورکرسٹل پیلس کے مابین کھیلاجائے گا

کرکٹ:زمبابوے اوربنگلہ دیش کے مابین دو ٹیسٹ میچزکی سیریزکے پہلے مقابلہ میں زمبابوے نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔سلہٹ میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ۱۹۱؍رنزبناسکی جس کے جواب میں زمبابوے نے ۲۷۳؍رنزبنائے۔بنگلہ دیش نے اپنی دوسری باری میں ۲۵۵؍رنزبناکرمہمان ٹیم کو۱۷۴؍رنزکاہدف دیا جوکہ انہوں نےسات وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرکے یادگارکامیابی اپنے نام کی۔زمبابوے کے تیزگیندباز Blessing Muzarabani نے مجموعی طورپر۹؍کھلاڑیوں کو شکارکیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔مارچ ۲۰۲۱ء کے بعد زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پہلی فتح ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ:آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں۲۷؍اپریل تک کھیلے گئے میچز کے بعدرائل چیلنجرزبنگلورورکی ٹیم ۱۴؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔بنگلورونے دہلی کو چھ وکٹوں سے ہرایا جبکہ گذشتہ جمعرات کو راجستھان کے خلاف ۱۱؍رنزسے کامیابی حاصل کی۔ممبئی کی ٹیم شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آخری پانچ میچزجیت کر لیگ میں تیسری پوزیشن پرآچکی ہے جبکہ گجرات ٹائیٹنزآٹھ میں سے چھ میچزجیت کردوسرے نمبرپر ہے۔دوسری طرف چینئی سپرکنگزاورراجستھان رائلز ۹؍مقابلوں میں سے صرف دو، دو میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں،یوں ان دونوں ٹیموں کےپلے آف مرحلہ میں پہنچنے کے امکانات کافی معدوم ہوچکے ہیں۔

پاکستان سپرلیگ:پی ایس ایل میں دفاعی چیمپئن اسلام آبادیونائیٹڈ نے اپنے پانچویں میچ میں ملتان کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔دیگرمقابلوں میں کوئٹہ نے کراچی کوپانچ رنزجبکہ پشاورکو۶۴؍رنزکےفرق سے شکست دی۔ لاہورقلندرز نے لگاتاردومیچ ہارنے کے بعد ملتان کے خلاف ۱۸۶؍رنزکاہدف کامیابی سے عبورکیا۔

لندن میراتھن:۲۰۲۵ء کی لندن میراتھن میں خواتین کاٹائیٹل اولمپک سلور میڈلسٹ ایتھوپیا کی Tigst Assefa جبکہ مینز ایونٹ میں کینیا کے Sabastian Sawe فاتح رہے۔ ۱۹۸۱ء سے منعقد ہونے والی لندن میراتھن میں اس سال مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے ۵۶؍ہزارسے زائد افرادنے شرکت کی۔

ٹینس:میڈرڈاوپن کے پہلے راؤنڈ میں سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے Novak Djokovicکوشکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہیں اطالوی حریف Matteo Arnaldiنے ۶۔۳؍اور۶۔۴؍کے سکور سے ہرایا۔۳۸؍سالہ جوکووِچ کی یہ تیسری مسلسل شکست ہے جس کے بعد ان کی ٹینس کے میدان سے ریٹائرہونے کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں۔

باکسنگ:عالمی یوتھ چیمپئن عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے شہربنکاک میں سولہویں پروفیشنل فائٹ میں بھارتی حریف کو شکست دے دی۔ ۲۴؍اپریل کو منعقدہ فائٹ میں پروفیشنل باکسر نے بھارت کے ایسوارن ساہیتا دورتھی کو ایک منٹ ۲۵؍ سیکنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔عثمان وزیر اب تک اپنے تمام ۱۶؍پروفیشنل مقابلے جیت کر ناقابل شکست ہیں۔

سنوکر:رونی او سلوان اور لوکا بریسل نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل کرلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے میچز ۱۳-۴؍کے فرق سے جیتے۔ او سلوان نے پینگ جنشو کو شکست دی جبکہ بریسل نے ڈنگ جن ہوئی کو ہرا دیا۔ او سلوان، کوارٹر فائنل میں سی جیاہوئی کے خلاف کھیلیں گے، جبکہ بریسل کا مقابلہ جڈ ٹرمپ سے ہوگا۔ سی جیاہوئی نے بین وولاسٹن کو ۱۳-۱۰؍سے ہرا کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی جبکہ جڈ ٹرمپ نے شان مرفی کو ۱۳-۱۰؍کے فرق سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کی۔

(ن م طاہر)

مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button