اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
اعلان ولادت
ارسلان احمد صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل سے خاکسار اور اہلیہ مناہل فاطمہ کو مورخہ ۱۴؍اپریل ۲۰۲۵ء کو پہلے بیٹے سے نوازا ہے۔ بچے کا نام مدبر احمد تجویز ہوا ہے۔ نومولود کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا ہے۔ نو مولود مکرم ثناء اللہ گل صاحب آف کینیڈا کا پوتا اور مکرم وحید انجم صاحب کا نواسہ ہے۔
احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو نیک، صالح اور خادم دین نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔ آمین
نمایاں کامیابی
ذیشان محمود صاحب (نائب مدیر برائے بچوں کا الفضل) سیرالیون سے تحریر کرتے ہیں کہ سیرالیون میں ایک تاریخی اور قابلِ فخر موقع پر احمدی مسلمان اور جسٹس سیکٹر کوآرڈینیشن آفس کے کوآرڈینیٹر، شاہد مصطفیٰ کورجی صاحب(Shahid Mustapha Korjie) کو مورخہ ۲۵؍اپریل ۲۰۲۵ء کو ‘‘سیرا لیون پبلک سیکٹر ایکسیلنس ایوارڈ ۲۰۲۵ء ’’(Sierra Leone Public Sector Excellence Award 2025) سے نوازا گیا۔ یہ اہم ایوارڈ افریقن سی ای او میڈیا کارپوریشن کی جانب سے فری ٹاؤن کے Radisson Blu Hotel, Aberdeen میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔

یہ اعزاز شاہد ایم کورجی صاحب کی ایک دہائی پر محیط خدمات، انسانی بھلائی اور اپنے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کی جانے والی غیر معمولی محنت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے عوامی خدمت، انصاف کی فراہمی اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
موصوف اس وقت Office of the Attorney General and Minister of Justice کے Justice Sector Coordination Office میں بطور Coordinator سروس کرتے ہیں۔
موصوف جماعت احمدیہ سیرالیون میں ‘‘نیشنل سیکرٹری وقفِ نو’’ کے طور پر بھی خدمت بجا لا رہے ہیں۔
سیرالیون پبلک سیکٹر ایکسیلنس ایوارڈز ہر سال ان سرکاری افسران اور اداروں کی خدمات کو سراہنے کے لیے دیے جاتے ہیں جو ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ اس سال کی تقریب میں ملک بھر سے ممتاز راہنماؤں، افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔
افریقن سی ای او میڈیا کارپوریشن کی آرگنائزنگ کوآرڈینیٹر محترمہ کیرولین کانو (Caroline Kanu) نے اپنی تقریر میں شاہد کورجی صاحب اور دیگر ایوارڈ یافتگان کی عوامی خدمت میں اعلیٰ معیار نیز قیادت اور جدید طرز عمل اپنانے کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔
جماعت احمدیہ سیرالیون کے اراکین اور احباب نے شاہد ایم کورجی صاحب کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے جماعتی خدمت اور خدمتِ انسانیت کے اعلیٰ معیار کا عملی نمونہ قرار دیا۔
ایوارڈز اور تقریب کے بارے میں مزید معلومات کے لیے www.africanceomagazine.com/sierraleone ملاحظہ کریں۔
احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے لیے یہ اعزاز مبارک فرمائے اور آئندہ مزید ترقیات کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ آمین
٭…٭…٭