آئیوری کوسٹ میں ہفتہ یوم مصلح موعود اور عشرہ یوم مسیح موعود کا انعقاد
ہفتہ یوم مصلح موعود: محض اللہ تعالیٰ کےفضل وکرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۲۰تا ۲۸؍فروری ۲۰۲۵ء کو ہفتہ یوم مصلح موعود منانے کی توفیق حاصل ہوئی۔

دوران ہفتہ ملک بھر کے مختلف ریجنز کی جماعتوں میں خطبات، دروس و اجتماعات کے ذریعے اس موضوع کی اہمیت کو پیش کیا گیا ۔ جس کے تحت ملک کی مختلف ۱۰۰ جماعتوں نے نماز فجر اور مغرب کے بعد دروس کے دوران احباب جماعت کو اس پیشگوئی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ جبکہ ۸۰ خطبات جمعہ بموضوع پیشگوئی مصلح موعود اور اس کی اہمیت پر دیے گئے۔ ساتھ ہی ساتھ ۵۰ سے زائد جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد بھی کیا گیا ۔جس میں مبلغین کرام اور معلمین کرام نے اس پیشگوئی کے الفاظ بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت سے آگاہی بھی فراہم کی۔ ان تمام پروگرامز کے سامعین کی مجموعی تعداد ۵۰۰۰ ے زائد رہی۔جبکہ مختلف شہروں کے مقامی ریڈیو چینلز پر بھی دوران ہفتہ ایک گھنٹہ پر محیط خصوصی پروگرام نشر کیے گئے مزید براں مختلف مقامات پر بک سٹالز کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں حضرت مسیح موعودؑ نیز خلفاء کی تصاویر کو آویزاں کیا گیا جو کہ ایک بہترین ذریعہ تبلیغ ثابت ہوئیں۔
عشرہ یوم مسیح موعود: اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کوامسال دوران رمضان کریم، مورخہ ۲۱تا ۳۰؍مارچ کو عشرہ یوم مسیح موعود منانے کی توفیق ملی۔
چونکہ امسال اس عشرہ کا انعقاد ماہ رمضان کے دوران کیا گیا تھا اس کی مناسبت سے اکثر مقامات پر اس دن کی اہمیت کے حوالے سے پروگرامز مورخہ ۲۳؍مارچ بروز اتوار قبل از افطار منعقد کیے گئے جس کےمعاً بعد احباب کرام کے لیے افطاری و کھانے کا انتظام بھی کیا گیا اور نمازوں کی بھی باجماعت ادائیگی کا خاص اہتمام کیا گیا۔دوران عشرہ ۴۰ سے زائد اجتماعات کا انعقاد کیا گیا ۔ جبکہ نماز فجر کے بعد یوم مسیح موعود کے حوالے سے ۱۵۰ سے زائد دروس کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں آمدو سیرت حضرت مسیح موعودؑ کے متعلق بیان کیا جاتا رہا۔ رمضان کی مناسبت سے بعض مقامات پر بعد از نماز ظہر درس تفسیر کا بھی اہتمام تھا اس دوران سورۃ الجمعہ کی تفسیر کا درس اور آمد مسیح ثانی کے متعلق شاملین کو آگاہ کیا جاتا رہا۔ جبکہ ۸۰سے زائد مختلف خطبات جمعہ میں بھی اس موضوع کی تفصیل بیان کی گئی۔ دس سے زائد مقامات پر بک سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں کتب حضرت مسیح موعودؑ بزبان فرانسیسی نیز عربی کو رکھا گیا جو کہ احباب کے ازدیاد ایمان کا موجب ہوا۔ ان تمام پروگرامز سے ۶۰۰ سے زائد مرد وخواتین مستفیض ہوئے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان پروگرامز کے دُوررس اثرات مرتب کرے۔آمین (رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کونگو برازاویل کی ماہ رمضان کےدوران ہونے والی سرگرمیاں