آسٹریا میں جلسہ یومِ مسیح موعود کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۵ء کو بیت الطاہر ویانا میں آسٹریا کی دوجماعتوں طاہرجماعت اور ناصر جماعت کو جلسہ یوم مسیح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

جلسہ کا آغاز مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج ونیشنل صدر جماعت احمدیہ کی زیرِ صدارت شام پانچ بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی مبارک زندگی پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری پیش کی گئی جس میں موجودہ زمانہ میں اسلام کی حالت زار، دشمنانِ اسلام کی ریشہ دوانیاں، بعثت حضرت مسیح موعودؑ کی اغراض، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مبارک زندگی کا مختصر خاکہ اطہ اور جماعت احمدیہ کا تعارف شامل تھا۔ اس کے بعد ہمارے دو بھائیوں، محترم جہانگیر مرشد عالم صاحب (نیشنل نائب صدر جماعت آسٹریا) اور مکرم محمد یونس مائیر ہوفر صاحب (نیشنل سیکرٹری تبلیغ)، نے اپنی قبولیت احمدیت کے واقعات سنا کر حاضرین کے ایمانوں کو مزید تقویت دی۔
مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں ذکر کیا کہ حضرت مسیح موعودؑ کے زمانے میں کس طرح لوگوں نے بڑی دُور سے قادیان پہنچ کر حضورؑ کی بیعت کی اور بیعت کرنے کے بعد بہت قربانیاں دیں، خاندان چھوڑے، اپنی زندگیاں وقف کیں۔ مربی اور معلم بنے۔ نیز محترم مشنری انچارج صاحب نے بیان کیا کہ کس طرح حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے خدمت اسلام کے لیے اپنے شب وروز وقف کیے، کتابیں تحریر فرمائیں اور پھر اللہ تعالیٰ سے اِذن پاکر بیعت لینے کا اعلان فرمایا۔

ایک لوکل جماعت سالزبرگ کے صدر مکرم وسیم احمد بھٹی صاحب نے اپنی جماعت کے نئے نماز سنٹر کے افتتاح کے موقع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ اللہ کے فضل سے جماعت احمدیہ سالزبرگ نے بڑی محنت اور محبت سے ایک جگہ کرایہ پر لے کر نماز سنٹر کے لیے تیار کی جس میں مردوں اور خواتین کے لیے نماز پڑھنے اور اجلاسات وغیرہ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
آخر میں صدر مجلس نے دعا کروائی۔ یہ پروگرام تقریباً سوا گھنٹہ جاری رہا۔ اس پروگرام میں جرمن رواں ترجمہ کی سہولت موجود تھی۔ بیت الطاہر میں اطفال، خدام، انصار اور لجنہ ممبرات کی کل حاضری تقریباً ۷۵ رہی۔ جبکہ ویانا کی باہر کی جماعتوں سے بذریعہ زوم بھی ۱۸۰ سے زائد احباب شامل ہوئے۔ حاضرین کے لیے بیت الطاہر ویانا میں افطاری کا انتظام کیا گیا۔
جماعت انسبرک میں جلسہ یوم مسیح موعود: مکرم محمد امجد خان صاحب صدر جماعت انسبرک کی رپورٹ کے مطابق مورخہ ۲۲؍مارچ کو جماعت انسبرک کو جلسہ یوم مسیح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں ۱۵ افراد شامل ہوئے۔ اس کےمعاً بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب کے لائیو درس القرآن سے بذریعہ زوم مستفید ہوئے۔احباب جماعت کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے بعد مختصر وقار عمل کیا گیا۔ پھر نماز مغرب و عشاء اور نماز تراویح ادا کی گئیں۔
(رپورٹ: مبارک احمد فرخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جرمنی کی جماعتوں وِٹلش اور Idar-Oberstein میں عید الفطر