افریقہ (رپورٹس)

وقف نو نائیجیریا کا چوتھا نیشنل سالانہ اجتماع

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو وقف نو کا چوتھا نیشنل سالانہ اجتماع مورخہ ۱۱ تا ۱۳؍اپریل ۲۰۲۵ء جماعت احمدیہ نائیجیریا کے ہیڈکوارٹرز میں کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

پہلا روز: ۱۱؍اپریل بروز جمعۃ المبارک دوپہر بارہ بجے سے قبل ملک کے طول وعرض سے واقفین نو اور واقفات نو جماعت کے ہیڈ کوارٹر میں جمع ہوئے اور اپنی رجسٹریشن کروائی۔ اس کے بعد تمام واقفین اور واقفات نو نے ایک بجے پیارے آقا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔اس کے بعد امیر صاحب نے اپنے خطبہ جمعہ میں جماعت کو اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لیے دعا کی درخواست کی۔

جمعہ کی شام کو واقفین اور واقفات نو کے علیحدہ ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

مغرب کی نماز کے بعدایک اجلاس ہوا جس میں مختلف شعبہ جات کے بارے میں معلومات دی گئیں جن میں تعلیم حاصل کرکے جماعت کی خدمت کی جاسکتی ہے۔عشاء کی نماز کے بعد ۱۵ سال سے بڑے واقفین نو کا ایک اجلاس ہوا جس میں تجدید عہد وقف نوکے بارے میں معلومات دی گئیں۔

دوسرا دن: ۱۲؍اپریل بروز ہفتہ دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے کیا گیا۔نماز فجر کے بعد ’’دین کی خدمت کو فضل الٰہی سمجھنا‘‘ پر درس دیا گیا۔ درس کے بعد سے ناشتہ کے وقت تک بچوں نے ہلکی پھلکی ورزش اور وقار عمل کیا۔

صبح ۸ بجے سے ۹ بجے تک اردو زبان سیکھنے کی کلاس ہوئی۔ کلاس کے بعد سے ساڑھے بارہ بجے تک علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے بعد بچوں کو جماعتی دفاتر،ہسپتال، ایم ٹی اے کا دفتر اور سٹوڈیواور پریس کا تعارفی دورہ کروایا گیا۔

اجتماع کا باقاعدہ افتتاحی اجلاس امیر صاحب کی صدارت میں سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ایک واقف نو نے عربی قصیدہ پڑھا۔امیر صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں بچوں کو نصیحت کی کہ خلیفہ وقت سے ہمیشہ ایک مضبوط تعلق قائم رکھیں، خلیفہ وقت کی ہر بات کو سنیں اور ہمیشہ اس پر من وعن عمل کریں۔ اجلاس کا لیکچر مکرم قاسم اویوکولاصاحب معلم سلسلہ نے دیا جس میں انہوں نے واقفین اور واقفات نو کو یہ سمجھایا کہ اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ اپنے والدین کے کیے ہوئے عہد کو وفاداری کے ساتھ جماعت کی خدمت کر کے پورا کرنے کی کوشش کریں۔اجلاس کے اختتام پر دیگر مہمانوں نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیااور امیر صاحب نے دعا کروائی۔

شام پانچ بجے کے بعد نیشنل کوئز کا انعقاد کیا گیا جس میں ہر بچے کا اس کی عمر کے مطابق نصاب میں سے امتحان لیاگیا۔ رات نو بجے سیکرٹریان وقف نو کی ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی گئی۔

تیسرا دن: اتوار کو بھی دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس زیرصدارت مکرم عدنان احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نائیجیریا منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد عربی زبان میں قصیدہ پڑھا گیا اور نیشنل سیکرٹری وقف نو نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ پھر علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔پھر مبلغ انچارج صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں شرکاء کو یہ نصیحت کی کہ وہ معاشرے میں اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں۔ اور وقف نو کے مجاہد ہونے کے ناطے اپنی جماعتوں میں نیک نمونہ قائم کریں۔اجتماع کا اختتام دعا سے ہوا جو مکرم مبلغ انچارج نے کروائی۔ امسال اجتماع کی کل حاضری ۳۴۳ تھی۔

(رپورٹ : سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button