سویڈن میں ۱۵تا۲۵؍سال کے نوجوانوں اور ممبرات لجنہ اماءاللہ کی نیشنل تربیتی کلاس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو شعبہ تربیت کے تحت مسجد ناصر، گاتھن برگ میں مورخہ ۲۵ تا ۲۹؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو ۱۵تا۲۵؍سال کے نوجوانوں اور ممبرات لجنہ اماء اللہ کی نیشنل تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کلاس میں کل۸۸؍افراد نے شرکت کی جن میں ۴۶؍نوجوان بچے اور۴۲؍بچیاںشامل تھیں۔

مکرم ظہیر احمد چودھری صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت سویڈن نے امسال کلاس کو انٹرایکٹو بنانے کے لیے سوال و جواب اور ڈسکشن سیشنز بھی شامل کیے تاکہ نوجوانوں کو زیادہ اظہار خیال کا موقع ملے۔ افتتاحی اجلاس میں مکرم وسیم احمد ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن نے شرکت کی اور چند نصائح کیں۔ اس کے بعد کلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
متعدد انٹرایکٹو سیشنز مربیان کرام کی نگرانی میں منعقد ہوئے جن میں درج ذیل موضوعات شامل تھے: دیباچہ تفسیر القرآن کا تعارف و مطالعہ، مسجد کی اہمیت اور اس کے انتظام میں نوجوانوں کا کردار(وقار عمل وغیرہ)، نوجوانوں کے حوالے سے فقہی مسائل، نوجوانی اور حیا، نکاح کے معاملات (کزن سے شادی، شریک حیات کا انتخاب، جماعت سے باہر شادی کے نقصانات)، خاندانی امور(مرد اور عورت کا کردار)، خلافت اور نظام جماعت سے تعلق کا مقصد اور فوائد، اصلاح پسند تحریک اور متعلقہ خدشات، آن لائن احمدی اور غیر احمدی گروپس و چینلز، اثر و رسوخ رکھنے والے افراد، اچھے اور بُرے میں فرق کیسے کریں؟، جماعت احمدیہ میں رضاکارانہ خدمت کا نظام، مختلف شعبہ جات میں نوجوانوں کی شمولیت کی ضرورت اور تبلیغ کی اہمیت اور نوجوانوں کا کردار وغیرہ۔ لیکچرز سویڈش اور اردو زبان میں ہوئے۔ ترجمہ سننے کی سہولت بھی موجود تھی۔ لجنہ اماء اللہ نے اپنے کچھ اجلاس علیحدہ بھی منعقد کیے۔ ایک خاتون ڈاکٹر نے صحت نسواں پر روشنی ڈالی۔ اسی طرح لجنہ نے ’’نوجوان اور معاشرتی اقدار کے حوالے سے بے راہ روی کی ثقافت‘‘ کے موضوع پر بھی ایک سیشن منعقد کیا۔
کلاس کا ہر دن نماز تہجد سے شروع ہوتارہا۔مختلف نوجوانوں کو اذان اور امامت کی ذمہ داری دے کر ان کی تربیت کی گئی۔ فجر کے بعد تلاوت قرآن کریم کی ترغیب دی گئی۔ ہر شام سوال و جواب کی محفل منعقد ہوئی جس میں شاملین مجلس میں کھڑے ہو کر یا آن لائن سوالات پوچھ سکتے تھے۔ سوال و جواب کی یہ محفلیں بہت مقبول رہیں۔
نوجوانوں کی دلچسپی کے لیے سپورٹس ہال اور ٹیبل ٹینس کا انتظام کیا گیا جبکہ لجنہ کے لیے ایک دن باؤلنگ رکھی گئی۔ معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف شعبہ جات (وصیت، وقف نو، اطفال اور رشتہ ناطہ) کے سٹالز لگائے گئے جن کا نوجوانوں نے ذوق و شوق سے دورہ کیا۔
جمعہ کی صبح نماز فجر کے بعد شاملین کو قریبی قبرستان لے جایا گیا جہاں انہوں نے احمدیوں کی قبروں پر دعا کی۔ آخری روز تمام شاملین نے جلسہ سالانہ قادیان سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب سنا۔ دوران کلاس شاملین کی عمدہ کھانوں سے تواضع کی گئی۔ مسجد کی صفائی کے لیے باری باری ڈیوٹی لگائی جاتی رہی۔
اختتامی تقریب میں مکرم امیر صاحب سویڈن نے شرکت کی اور شاملین سے مخاطب بھی ہوئے۔ کلاس کے اختتام پر آن لائن سروے کے ذریعے شاملین سے رائے لی گئی جس میں ۹۵؍ فیصد نے خوشنودی کا اظہار کیا۔ الحمدللہ، یہ تربیتی کلاس ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جرمنی کی جماعتوں وِٹلش اور Idar-Oberstein میں عید الفطر