خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس کی آخری رسومات سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں ادا کی گئیں۔پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے دیگر معززین کے علاوہ برطانوی شہزادہ ولیمز، برطانوی برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانس کے صدر سینٹ پیٹرز باسیلیکا پہنچے تھے۔ ویٹیکن کے ذرائع کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے باسیلیکا میں موجود ہے۔ واضح رہے کہ ۸۸؍سال کی عمر میں انتقال کرنے والے پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے ۲۶۶ویں سربراہ تھے، ان کے انتقال پر ۹؍روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا ۔
٭…اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں فوجی بربریت جاری رکھتے ہوئے ۲۴؍گھنٹوں میں مزید ۷۸؍فلسطینیوں کو بمباری کرکے ہلاک کردیا۔غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں ہسپتالوں میں ۸۴؍فلسطینیوں کی لاشیں لائی گئیں، جن میں سے چھ شہداء کی لاشیں تباہ شدہ ملبوں سے نکالی گئی ہیں۔ ا س کے علاوہ ۱۶۸؍فلسطینی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے۔
٭…میانمار کے حکام نے نئے زلزلے کی پیش گوئی کرنے والے نجومی کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ۲۸؍مارچ کو میانمار کے وسطی علاقے میں ۷.۷؍شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ایک ماہ بعد بھی ہزاروں متاثرین عارضی خیموں میں مقیم ہیں جبکہ ۳۷۰۰؍سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حالیہ زلزلے کے صرف دو ہفتے بعد ۹؍اپریل کو جان مودی نامی نجومی و ٹک ٹاکر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ایک اور نئے زلزلے سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے صارفین کو خبردار کیا ہے۔
٭…ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کےلیے تیار ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایران کےساتھ ثقافتی و تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان افہام و تفہیم کےلیے ہر ممکن کوشش کے لیے تیار ہیں۔
٭…ایران کے شہر بندر عباس میں شہید رجائی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد پچیس ہو گئی ہے۔ ایرانی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ۸۰۰؍سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔ دھماکے سے نزدیکی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
٭…سعودی عرب نے ۲۰۲۴ء کے دوران تیل کے علاوہ برآمدات کا حجم ۱۳۷؍ارب ڈالر تک پہنچا دیا۔ مملکت اپنی معیشت اور آمدنی کے ذرائع کو متنوع بنانے کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔ سعودی عرب نے اپنے ویژن ۲۰۳۰ء کے مطابق تیل کے وسائل اور آمدنی پر اپنا انحصار کم کرنے اور متنوع معیشت کے اصول کو آگے بڑھانے کی حکمت عملی میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کامیابی کی تصدیق سرکاری طور پر بھی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے ایران کی بندرگاہ پر دھماکے پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
٭…آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے چیئرمین بیرسٹر عمران حسین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر گروپ کا ہنگامی اجلاس آئندہ ہفتے برطانوی پارلیمنٹ میں طلب کرلیا ہے۔ سابق چیئرپرسن ڈیبی ابراہم ایم پی نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دلخراش واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ کشیدگی کم کر کے عوام کو نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن