نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 15؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز منگل بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ حفیظہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم الحاج خالد محمود صاحب (حلقہ بیت الفتوح۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ حفیظہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم الحاج خالد محمود صاحب (حلقہ بیت الفتوح۔یوکے)
9؍اپریل2025ء کو 74 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ لجنہ کی ایک فعال ممبر تھیں۔پاکستان قیام کے دوران اپنی مقامی مجلس موسے والا (ڈسکہ) میں سیکرٹری مال کے علاوہ شعبہ تبلیغ میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ وہاں مرکزی نمائندگان کے ساتھ جماعتوں کے دورے کرنے،بچوں کو قرآن کریم پڑھانے اور ان کی تربیت کرنے میں بھی مستعد رہیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، جماعتی اقدار کی حفاظت کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ چندہ جات باقاعدگی سے اور بروقت ادا کرتی تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ دو بیٹیاں،تین بیٹے اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرمہ امۃالحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری سلطان احمد ارشاد صاحب (ربوہ )
25 ؍ فروری2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، صابرہ شاکر ہ، راضی برضا رہنے والی ایک نیک، متوکل علی اللہ اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ بچوں کو بھی اللہ تعالیٰ اور خلافت احمدیہ سے جڑے رہنے کی تلقین کیاکرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔
۲۔مکرم مبشر احمد تسلیم صاحب ابن مکرم حسن محمد صاحب (گوجرانوالہ)
10؍فروری 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم حسن محمد صاحب نے قادیان جا کر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے دست مبارک پر بیعت کرنے کی سعادت حاصل کی تھی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، ہمدرد، ملنسار،خلافت کے ساتھ فدائیت کا تعلق رکھنے والے ایک مخلص انسان تھے۔آپ نے لمبا عرصہ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری ربوہ میں خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم قمر احمد تسلیم صاحب …خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
۳۔مکرمہ سیدہ امۃ الشافی صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اشرف کاہلوں صاحب (فیصل آباد حال مقیم سڈنی۔ آسٹریلیا)
یکم نومبر2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے مقامی سطح پر لجنہ میں سیکرٹری مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، خلافت کی وفا شعار، ایک نیک سیرت اور مخلص خاتون تھیں۔ اولاد کی بہت اچھی تربیت کی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور2 بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے بیٹے مکرم محمد معظم صاحب جماعت بلیک برن یوکے میں اور بیٹیاں ہالینڈ اور آسڑیلیا میں لجنہ کی مختلف رنگ میں خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔
۴۔مکرمہ نیّر کلیم رانا صاحبہ اہلیہ مکرم کلیم رانا صاحب مرحوم (امریکہ)
3؍مارچ 2025ء کو74 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت چودھری عبد المجید صاحب رضی اللہ عنہ (امیر جماعت ضلع جالندھر) کی پڑ پوتی اور حضرت چودھری غلام احمد صاحب کاٹھگڑھی رضی اللہ عنہ (رئیسِ کاٹھگڑھی) کی پڑ نواسی اور مکرم لیفٹیننٹ کرنل محمد ظفراللہ خان صاحب شہید کی بیٹی تھیں۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، سادہ مزاج، تقویٰ شعار، اچھے اخلاق کی مالک، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم بلال رانا صاحب( نائب امیر و سیکرٹری امور عامہ جماعت یوایس اے) کی والدہ تھی۔
۵۔مکرمہ منیرہ احمد صاحبہ اہلیہ مکرم سلیم احمد صاحب (سابق سیکرٹری مال نیویارک)
12؍مارچ 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کر کے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، ہمدرد، ملنسار، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ ا پنا گھر نماز سنٹر کے طورپر پیش کرنے کی توفیق پائی۔ خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ 5 بچے اور 17 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
۶۔ عزیزم اسامہ افضل ابن مکرم محمد افضل صاحب (کینیڈا)
آپ اپنے والدین کے ہمراہ اپریل 2024ء میں کینیڈا آئے تھے اور کچھ عرصہ بیمار رہنے کے بعد 16؍جنوری 2025ء کو 24 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم اطاعت گزار، فرمانبردار، مخلص اور باوفا نوجوان تھے۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ تین بھائی شامل ہیں۔ آپ کے چھوٹے بھائی عزیزم طلحہ افضل جامعہ احمدیہ …میں زیر تعلیم ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭