جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں امسال ۲۴؍ تا ۲۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیاگیا۔ کھیلوں کی افتتاحی تقریب جامعہ کے ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم آفاق منیب صاحب استاد جامعہ احمدیہ نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم و نظم کے بعد صدرِ مجلس نے جسمانی صحت کی اہمیت پر تقریر کی۔ مکرم نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃالمبشرین نے طلبہ کو کھیلوں میں جوش و خروش سے حصہ لینے کے ساتھ ساتھ ہر وقت اخلاق اور دیانت داری کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھنے کی نصیحت کی۔آخر پر صدر مجلس نے دعا کروائی۔

تین روزہ سالانہ کھیلوں کے دوران درج ذیل انفرادی و اجتماعی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا:
اجتماعی مقابلے: فٹبال، کرکٹ، باڑی، والی بال، باسکٹ بال، اجتماعی پےتنگ، رسہ کشی اور ریلے ریس۔
انفرادی مقابلے: نشانہ غلیل، پےتنگ، اونچی چھلانگ، لمبی چھلانگ، ثابت قدمی، توازن برقرار رکھنا، سو میٹر دوڑ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی، بوری ریس، پندرہ کلومیٹرز تیز پیدل چلنا، روک دوڑ، میوزیکل چیئرز، تین لکڑیوں پر چلتے ہوئے توجہ قائم رکھنا۔
ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب کی آمد: کھیلوں کے تیسرے دن مولانا عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر، اسلام آباد یوکے بھی تشریف لائے۔ آپ ان دنوں حضور انور کے نمائندہ کے طور پر برکینافاسو کے دورے پر تھے۔ آپ نے مہمانوں کے مابین ہونے والے میوزیکل چیئرز کے مقابلے میں اول آنے والے مہمان مکرم بشارت احمد صاحب مبلغ سلسلہ بانفورا کو جامعہ کی طرف سے مقرر کیا جانے والا انعام دیا۔
اختتامی تقریب: عام طورپر تقسیم انعامات کی تقریب کھیلوں کے آخری دن منعقد ہوتی ہے لیکن امسال بعض وجوہات کی بنا پر یہ تقریب مورخہ ۸؍اپریل ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینافاسو تھے۔
تقریب کا آغاز شام پونے چھ بجے جامعہ کے ہال میں تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد مکرم پرنسپل صاحب نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور امیر صاحب کا تعارف طلبہ کے سامنے پیش کیا۔ برکینافاسو کے نئے امیر صاحب کا تقرر حال ہی میں ہوا ہے۔ امارت کا چارج لینے کے بعد آپ کا جامعہ کا پہلا دورہ تھا۔
بعد ازاں سالانہ کھیلوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ پھر مکرم امیر صاحب نے ان مقابلوں میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں طلبہ کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ۔ علمی اور ورزشی مقابلہ جات انہیں گروپس کے مابین منعقد ہوئے۔

اس سال ورزشی مقابلہ جات میں بہترین گروپ صداقت قرار پایا۔ جبکہ گروپ شجاعت، عدالت اور امانت بالترتیب دوسرے تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔
تقسیم انعامات کے بعد امیر صاحب نے اپنی تقریر میں طلبہ کو وفا کے ساتھ اپنا وقف نبھانے کی نصیحت کی۔ پرنسپل صاحب نے مہمان خصوصی اور ان کے ہمراہ آنے والےوفد کا شکریہ ادا کیا اور جامعہ کا لوگو بطور تحفہ مکرم امیر صاحب کی خدمت میں پیش کیا۔ آخر پر امیر صاحب نے دعا کرائی۔ بعد ازاں تمام طلبہ اور اسٹاف کا باری باری گروپ فوٹو ہوا۔
بعد نماز مغرب و عشاء تمام مہمانوں اور طلبہ کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کو مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔
(رپورٹ: سانیو منیر۔ استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فرینکفرٹ، جرمنی کا جلسہ یوم مسیح موعود