خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس پر یرغمالیوں کو رہا کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے اسے غزہ پر اسرائیلی حملوں کو ہوا دینے کا بنیادی عنصر قرار دیا۔ محمود عباس کا رملہ میں ایک اجلاس میں کہنا تھا کہ حماس نے اسرائیل کو غزہ میں جرائم کا ارتکاب کرنے کے بہانے فراہم کیے ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں یرغمالیوں کو رکھنا ہے۔ ہمارے لوگ اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے حماس پر زور دیا کہ وہ غزہ کی ذمہ داریاں اور ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کر دے اور خود کو ایک سیاسی جماعت میں تبدیل کرے۔
٭… یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی میزائل اور ڈرون حملے میں ۹؍افراد ہلاک جبکہ ۶؍بچوں سمیت ۶۳؍افراد زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے جنوب میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔ان حملوں میں مزدوروں کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ۹؍افراد ہلاک جبکہ ۴۰؍زخمی ہوئے۔یوکرین کے صدر زیلنسکی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ایک جنگی جرم ہے جو شہریوں کے خلاف کیا گیا ہے۔ روس کی جانب سے میزائل حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
٭… اردن نے جماعت الاخوان المسلمون پر پابندی عائد کر دی۔ عرب میڈیا کے مطابق اردن کے وزیر داخلہ مازان فرایا کا کہنا ہے کہ الاخوان المسلمون پر عائد پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخوان المسلمون کے اثاثے، دفاتر اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔ ملک میں الاخوان المسلمون کے دفاتر اور مراکز کا گھیراؤ کرلیا گیا، پابندی کا اطلاق الاخوان المسلمون سے وابستہ تمام تنظیموں اور اداروں پر ہوگا۔ الاخوان المسلمون کی سوچ اور فکر کی ترویج ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ اردنی حکام کے مطابق ملک کے خلاف سازش کی منصوبہ بندی کے الزام میں ۱۶؍افراد زیر حراست ہیں۔
٭… مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ۲۸؍سیاح ہلاک اور ۱۱؍زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو غیرملکی بھی شامل ہیں جن میں سے ایک کا تعلق اٹلی جبکہ ایک کا اسرائیل سے ہے جبکہ سیاحوں میں سے بیشتر کا تعلق بھارتی ریاست گجرات اور کرناٹکا سے ہے، زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پچھلے کئی سالوں میں شہریوں پر سب سے بڑا حملہ ہے۔
٭… بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ فوری معطل کرنے کا اعلان کر دیا، اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے کا بھی اعلان کیا اور بھارت میں موجود پاکستانیوں کو ۴۸؍گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے بتایا کہ پاکستانیوں کو سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جاری شدہ سارک ویزے بھی منسوخ کردیے گئے۔ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کہنا ہے کہ بھارت نے انڈس واٹر معاہدہ بھی معطل کردیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سارک ویزا استثنا پروگرام کے تحت بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے، سارک اسکیم کے تحت جو بھی ویزے جاری کیے گئے، منسوخ سمجھے جائیں گے، سارک اسکیم کے تحت بھارت میں موجود پاکستانیوں کو ۴۸؍گھنٹے میں واپس جانا ہوگا۔
٭…بھارت کے ان اقدامات کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی (NSC) کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں پاکستان میں موجود تمام بھارتی شہریوں کو ۴۸؍ گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم، دیا گیا ہے،صرف سکھ یاتری مستثنیٰ ہوں گے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد ۳۰؍تک محدود کر دی گئی۔ بھارتی دفاعی، فضائی اور بحری مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ، نیز واہگہ بارڈر کے ذریعے سرحد پار آمدورفت معطل کر دی گئی، البتہ جو افراد قانونی طریقے سے بھارت گئے ہیں، وہ ۳۰؍اپریل تک واپس آ سکتے ہیں۔ اسی طرح بھارتی ہوائی جہازوں کے لیے ایئر سپیس بھی بند کردی گئی ہے۔
٭… امریکہ کی ریاست نیوجرسی کے قریب جنگلات میں آگ لگ گئی، ساڑھے بارہ ہزار ایکٹر اراضی جل گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے اس آگ کا بیس سال میں سب سے بڑی آگ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے آبادی کو فی الحال خطرہ نہیں تاہم ۱۳۰۰؍گھر آگ کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ہونے کی صورت میں تین سے پانچ ہزار افراد کو انخلاء کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
٭… یورپی یونین نے ڈیجیٹل کمپیٹیشن رولز کی خلاف ورزی کے الزام پر مارکیٹنگ ایکٹ کے تحت ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر ۵۷۰؍ملین ڈالر اور میٹا پر ۲۲۸؍ملین ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔یورپی ریگولیٹر نے ایپل پر ڈیولپرز کو اپنے ایپ اسٹور کے باہر صارفین کو سستے سودوں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنے پر جرمانہ عائد کیا۔جب کہ میٹا پر ذاتی ڈیٹا کے استعمال سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزام پر جرمانہ عائد کیا۔ یورپی اینٹی ٹرسٹ کمشنر کا کہناہے کہ جرمانہ واضح پیغام ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر یورپی بلاک نے مضبوط لیکن متوازن اقدامات کیے ہیں۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن