متفرق شعراء
مساجد

آوازِ اذاں ’نعرۂ تکبیر‘ مساجد
سب خانۂ کعبہ کی ہیں تصویر مساجد
اللہ کے گھر اُس کی بڑائی کا نشاں ہیں
کرتی ہیں یہ توحید کی تشہیر مساجد
رہتے ہیں سدا نظروں میں فرمان نبیؐ کے
کرتی ہیں گنہ گاروں کی تطہیر مساجد
ہوتا ہے یہاں روح کی سیرابی کا ساماں
ہیں نفس کی اصلاح کی تدبیر مساجد
پاتے ہیں سکوں غم سے ستائے یہاں آکر
تاریک دلوں کے لیے تنویر مساجد
آباد کریں تقویٰ سے اللہ کے گھر کو
ہر ملک میں ہیں اپنی ہی جاگیر مساجد
ملتا ہے یہاں درس محبت کا خوشی کا
بیمار دلوں کے لیے اکسیر مساجد
تخریب تو اغیار کا شیوہ ہے کریں وہ
ہم شوق سے کرتے رہیں تعمیر مساجد
(امۃالباری ناصر۔ امریکہ)
مزید پڑھیں: نذرِ غالب