اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ہائے ارتحال
٭… محمداحمد صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کے والد چودھری اشتیاق احمد صاحب حلقہ شاہ رکن عالم کالونی ملتان مورخہ ۲۹؍مارچ ۲۰۲۵ء ، ۲۸؍رمضان المبارک بروز ہفتہ صبح نماز فجر کے وقت چند دن کی علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ ۔مرحوم موصی تھے، وفات سے اگلے دن بروز اتوارمسجد مبارک ربوہ میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور بہشتی مقبرہ میں تدفین ہوئی۔
والد صاحب کے دادا چودھری عبد الکریم صاحبؓ اور دادی زینب بی بی صاحبہؓ تھے۔ والد صاحب کے دادا اور ان کے والد صاحب ۱۹۳۰ء کے آس پاس ضلع لائل پور(فیصل آباد) تحصیل سمندری چک ۴۸۷ گ۔ب میں آکر آباد ہوئے اور یہاں کھیتی باڑی شروع کی۔ والد صاحب کی پیدائش ۲؍ستمبر ۱۹۳۴ء کو اسی گاؤں میں ہوئی۔ میٹرک پاس کرنے کے بعد ایک انگریزی اخبار میں کچھ عرصہ ملازمت کے بعد باقاعدہ ملازمت کا آغاز محکمہ جیل خانہ جات میں بطور جونیئر کلرک ۱۹۵۴ء میں کیا۔
والد صاحب نہایت ایماندار، محنتی اور فرض شناس شخص تھے۔ جن کی ایمانداری اور شرافت کے سبھی قائل تھے۔ آپ جونیئر کلرک سے ترقی کرتے کرتے ۸۰ء کی دہائی میں ہیڈاکاؤنٹنٹ بن گئے پھر ۱۹۸۶ء میں آپ کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی جوکہ ایک ایڈمنسٹریٹو اور آپ کی گذشتہ ذمہ داریوں سے بہت مختلف نوعیت کی ذمہ داری تھی۔ والد صاحب اس تبدیلی پر خود بھی حیران تھے مگر اس وقت کوئی نہ جانتا تھا کہ ایک الٰہی تقدیر کارفرما تھی جوکہ اسیران راہ مولا کی مہمان نوازی کے لیے ایک خدمت گار تیار کررہی تھی اور والد صاحب کو اس خدمت کے لیے چُن لیا گیا تھا۔
والد صاحب جیسے ہی مختصر ٹریننگ کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز ہوئے، ساتھ ہی اسیران راہ مولا آنے شروع ہوگئے ۔والد صاحب کو ملتان، وہاڑی اور بالخصوص اسیران ساہیوال کی بے لوث اور بے خوف خدمت کا بھرپور موقع ملا۔ والد صاحب نے اسیران کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی اپنی ملازمت کی پروا کیے بغیر ان کے آرام اور دل جوئی کا بہت خیال رکھتے۔ اپنے گھر سے اسیران کے لیے کھانے تیار کروا کر اندر جیل میں بھجوایا کرتے۔ اس کے علاوہ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کی نمائندگی میں جو بزرگان مرکز یا مقامی جماعت سے اسیران کی ملاقات کے لیے آتے ان کی مہمان نوازی میں بھی کوئی کسر نہ چھوڑی جاتی۔اس دوران حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے خطوطِ خوشنودی والد صاحب کو بھی بکثرت آیا کرتے جن میں حضورؒوالد صاحب کی خدمات پر بہت خوشی اور اطمینان کا اظہار فرمایا کرتے تھے۔
والد صاحب نے ۳۴ سال ملازمت کرنے کے بعد ۱۹۹۲ء میں ریٹائرمنٹ لے لی اور شاہ رکن عالم کالونی ملتان میں رہائش اختیار کرلی وہاں کی جماعت میں بطور نائب صدر اور سیکرٹری مال خدمت کرتے رہے۔ پانچوں وقت با جماعت نماز ادا کرنے بیت الذکر پہنچتے۔
لواحقین میں تین بیٹے طارق محمود، خالد محمود، خاکسار اور بیٹی نبیلہ مریم چھوڑی ہیں۔ ان کی وفات سے چند روز قبل ان کی بڑی بیٹی عزیزہ بشریٰ صاحبہ برین ہیمرج کے باعث اللہ کو پیاری ہوگئی تھیں۔
٭… لئیق احمد مشتاق صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سرینام اعلان کرواتے ہیں کہ جماعت احمدیہ سُرینام کے ایک مخلص ممبر محمد حبیب بدولہ صاحب ابن محترم حسینی بدولہ صاحب مرحوم و سابق صدر جماعت احمدیہ سُرینام مورخہ ۱۱؍مارچ ۲۰۲۵ء کوبعمر ۷۲سال دی ہیگ ہالینڈ کے ایک ہسپتال میں وفات پاگئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ ۔ مرحوم گذشتہ کئی سال سے جگر اور گردوں کے عوارض سے نبردآزماتھے۔
موصوف ۲۰؍نومبر ۱۹۵۲ء کو پاراماریبو سُرینام میں پیدا ہوئے۔۱۹۵۷ء کی ابتدا میں اپنے والدین کے ساتھ احمدیت کی آغوش میں آگئے۔جماعت احمدیہ سُرینام کی پہلی مسجدجو آپ کے والد محترم نے ۱۹۶۱ء سے ۱۹۷۰ء کے درمیان تعمیر کی اس کام میں آپ کو بھرپور شرکت کی توفیق ملی۔ دسمبر ۱۹۸۰ء میں ’’احمدیہ کربیین کونسل‘‘کے نمائندے کی حیثیت سے اپنے والدین اور اہلیہ کے ساتھ قادیان اور ربوہ کے جلسہ ہائے سالانہ میں شمولیت کی توفیق پائی اور ۲۹؍ دسمبر ۱۹۸۰ءمیں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ جلسہ سالانہ برطانیہ میں بھی شمولیت کا موقع ملا۔جماعت احمدیہ سُرینام کی مجلس عاملہ میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔زندگی کے آخری سال بیماری کی وجہ سے صاحب فراش رہے، مگر چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرتے رہے۔ بیماری کی شدت کی وجہ سے فروری ۲۰۲۵ء میں بغرض علاج ہالینڈ چلے گئے۔ جانے سے قبل اپنے بھائی کو چندے کی رقم دے کر گئے۔
مورخہ ۱۵؍مارچ بروز ہفتہ نعیم احمد ورائچ صاحب مبلغ انچارج ہالینڈ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی اور ’دی ہیگ‘ کےسرکاری قبرستان (Kerkhoflaan# 12) میں تدفین عمل میں آئی۔ محترم محمد حبیب بدولہ صاحب کے سب سے بڑے بھائی محترم محمد عثمان بدولہ صاحب جماعت احمدیہ ہالینڈ کے انتہائی مخلص اور فعال رکن ہیں ۔
احباب جماعت سے جملہ مرحومین کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
٭…٭…٭