میلبرن، آسٹریلیا میں رمضان المبارک کے دوران بین المذاہب پروگرامز کا انعقاد
میلٹن سٹی کونسل، آسٹریلیا میں بین المذاہب پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۹؍ مارچ ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ کو میلٹن سٹی کونسل کے سب سے بڑے کمیونٹی ہال میں ایک بین المذاہب سمپوزیم بعنوان ’’میرے مذہب میں روزہ کا تصور‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ۔

۹؍مارچ کی صبح کو احباب جماعت نے کمیونٹی ہال کوپروگرام کے لیے تیار کیا۔ کمیونٹی ہال کے برآمدے میں اسلام کے متعلق نمائش اور بک سٹال لگایا گیا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز شام ساڑھے چھ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد بِشپ Smith Tafili نے عیسائیت میں روزوں کا تصور اور ربائی Ralph Genendi نے یہودیت میں روزوں کا تصور سے متعلق اپنی اپنی تقاریر پیش کیں۔
بعد ازاں درج ذیل احباب نے رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا: محترم Evan Mulholland سٹیٹ ممبر پارلیمنٹ، محترم Steve Abboushi میئر میلٹن سٹی کونسل، محترم ڈیوڈ کوان صاحب پریزیڈنٹ میلٹن انٹر فیتھ نیٹ ورک،محترمہ Simmone Cottom ممبر لبرل پارٹی اورکونسلر محترمہ Julie Shanon۔
پروگرام کے آخر میں خاکسار (مربی سلسلہ) کو اسلام میں روزوں کی غرض و غایت اور افادیت پرایک پریزنٹیشن دینے کی توفیق ملی۔الحمدللہ
شام پونے آٹھ بجے کے قریب مغرب کی اذان کے ساتھ ہال میں موجود تمام لوگوں نے روزہ افطار کیا۔ افطارکے لیے مہمانوں کی خدمت میں مکس فروٹ اور پانی پیش کیاگیا۔
افطارکے بعد احباب جماعت نے نماز مغرب اداکی۔ تمام مہمانوں کو نماز کو مشاہدہ کرنے اور اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد مہمانوں کو رات کا کھانا پیش کیا گیا اور اسلام کے متعلق مختلف موضوعات پر غیر رسمی طورپر گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ محض اللہ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا اور ۳۸ سے زائدتبلیغی مہمان اور معزز شخصیات اس میں شامل ہوئیں۔ الحمدللہ
اس علاقے کی ایک مشہور اخبار Star Weekly News نے اس پروگرام کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق میڈیا اور سوشل میڈیا کےذریعے ہمارا پیغام تقریباً ۳۷ ہزار لوگوں تک پہنچا۔ الحمدللہ۔
مسجدبیت السلام، میلبرن میں بین المذاہب پروگرام
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےمورخہ ۱۵؍مارچ ۲۰۲۵ء کو میلبرن کی چار جماعتوں میلبرن ایسٹ، لینگوارن، کلائیڈ اور بَیرک کوریجنل سطح پر ایک بین المذاہب پروگرام بعنوان ’’میرے مذہب میں روزہ کا تصور‘‘ مسجد بیت السلام میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شام سوا چھ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے تعارف اور خدمت خلق کی کارروائیوں سے متعلق ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ اس کے بعد درج ذیل مذاہب کے راہنماؤں نے اپنے اپنے مذاہب میں روزوں کے تصور کو بیان کیا :
ہندو مت: Sri Rama Das
یہودیت: Yaakov Glasman
عیسائیت: John Milkuvich
اسلام: خاکسار (مربی سلسلہ)
بعد ازاں درج ذیل مہمانان نے رمضان المبارک اور جماعت احمدیہ سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کیا: محترم کرس بولم صاحب (Chris Bolam) میئر فرینکسٹن سٹی کونسل، محترمہ لانا فارموسو (Lana Formoso) کونسلر Dandenongسٹی کونسل اور محترم بریڈ بیٹن صاحب (Brad Battin) سٹیٹ ممبر پارلیمنٹ۔
پروگرام کی اختتامی تقریر مولانا انعام الحق کوثر صاحب امیرو مشنری انچارج آسٹریلیا نے پیش کی، جس میں امیر صاحب نے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کی طرف توجہ دلائی۔ شام پونے آٹھ بجے کے قریب ایک خادم نے اذان دی اورہال میں موجود تمام لوگوں نے روزہ افطار کیا اور بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام نہایت کامیاب رہا اور ۸۲ سے زائدتبلیغی مہمان اور معزز شخصیات اس میں شامل ہوئے۔الحمدللہ
(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے ریجن وکٹوریہ میں جلسہ ہا ئے یوم مسیح موعود کا بابرکت انعقاد