یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں واقفات نو کے پانچویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد

٭… اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام
٭…مختلف دینی اور معلوماتی موضوعات پر پروگرامز کا انعقاد
٭… مجموعی طور پر تقریباً دو ہزار ۷۰۰؍افراد نے شرکت کی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نیشنل شعبہ وقف نو جماعت احمدیہ جرمنی کے زیراہتمام ۱۴؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ Messe Giessen میں پانچویں نیشنل اجتماع وقف نو کا کامیاب انعقاد ہوا۔ اس اجتماع میں واقفین نو بچوں کے علاوہ واقفات نو بچیوں نے بھی شرکت کی اور دو علیحدہ ہالوں میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر سے ایک ہزار ۳۰۰؍سے زائد واقفات نو بچیاں اور ان کی والدات سمیت مجموعی طور پر تقریباً دو ہزار ۷۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک


اجتماع کا مرکزی موضوع ’’وَاَوْفُوْا بِالْعَھْدِ‘‘ مقرر کیا گیا تھا اور اسی مناسبت سے اردو اور جرمن زبانوں میں مختلف علمی و دینی پروگرامز منعقد کیے گئے۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح گیارہ بجے مکرمہ حامدہ سوسن صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ جرمنی کی زیر صدارت تلاوت و نظم سے ہوا۔ ان کے ہمراہ مکرمہ نفیسہ ملہی صاحبہ معاونہ صدر واقفات نو اور مکرمہ ناہیدہ حق صاحبہ منتظمہ اعلیٰ اجتماع سٹیج پر موجود تھیں۔
اس بابرکت موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا جو اردو میں مکرمہ صدر صاحبہ اور جرمن زبان میں مکرمہ معاونہ صدر صاحبہ نے پیش کیا۔ پیغام کی کاپیاں بھی شرکاء میں تقسیم کی گئیں۔ مکرمہ صدر صاحبہ نے دعا کرائی جس کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
مکرمہ شاہدہ نورین صاحبہ اور مکرمہ سلمیٰ مبارکہ صاحبہ نے ’’قرآن کریم کا تعارف‘‘ کے موضوع پر پریزنٹیشن دی جس میں نزول قرآن کریم، حفاظت قرآن کریم، پیشگوئیاں، عام الحزن اور فتح مکہ کا ذکر شامل تھا۔
کم عمر ناصرات کے ليے آٹھ سٹیشنز بنائے گئے تھے ان میں سے پانچ سٹیشن ارکان اسلام سے متعلق تھے جہاں پر کھیل، پزل اور کوئز کے ذریعہ آسان الفاظ میں ارکان اسلام کو سمجھایا گیا تھا۔ اِسی طرح تین سٹیشنز پر اسلام اور سائنس کے حوالے سے صفات باری تعالیٰ میں سے المصور کے تحت زمین کی تہیں، پانی کابہاؤ، چاند کے مراحل سے متعلق وضاحت کر کے تجر باتی دور سے گزارا گیا۔ علاوہ ازیں وقف نو نصاب میں سے کوئز اور نماز اورتبلیغ کے بارے میں ورکشاپ تھی۔ واقفات نو چھوٹی بچیوں نے بھر پور دلچسپی لیتے ہوئے بڑھ چڑھ کر ان میں حصہ لیا۔
واقفات نو کی اجتماع گاہ میں پروگرام کے مطابق ایک واقفہ نو مکرمہ تمثیلہ کاہلوں صاحبہ نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کا مطالعہ‘‘ کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔ اس تقریر کے اختتام پر مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے واقفات نو کو یاددہانی کرائی کہ جماعتی شعبہ اشاعت کے زیر اہتمام امام آخر الزماں حضرت مسیح موعودؑ کی جملہ تصانیف کےجرمن تراجم ہو چکے ہیں، لہٰذا آپ سب ضرور علم و معرفت کےان خزائن سے فیضیاب ہونے کی کوشش کریں۔ نیز یہ کہ آج کے اجتماع میں ایک بک سٹال بھی لگایا گیا ہے، آپ لوگ دوران وقفہ وہاں ضرور جائیں۔
اجتماع کے دوران مختلف وقتوں میں واقفین نو کے اجتماعات سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات میں سے منتخب اقتباسات اردو اور جرمن زبان میں پڑھ کرسنائے جاتے رہے۔
بعدہٗ سٹیج پر نصف گھنٹہ کے دورانیہ پر مشتمل بہنوں سے ملاقات پروگرام بعنوان ’’اعلیٰ تعلیم کے حصول کےليے معلومات‘‘پیش کیا گیا جس میں ہماری واقفات نو ڈاکٹرز، ٹیچرز، کمپیوٹر سائنٹسٹ، فارماسسٹ اور انجینئرز نے مفید معلومات بہم پہنچائیں جس سے شاملین اجتماع واقفات نو کو اپنے کیریئر پلاننگ میں مدد ملی اور شاملین کےليے انتہائی دلچسپی کا موجب بنا۔
بارہ بج کر سینتالیس منٹ پہ گفتگو کا پروگرام ’’خلافت اور ہم‘‘کے موضوع سے اردو زبان میں پیش کیا گیا جس کی میزبانی کے فرائض مکرمہ ثمینہ مالک صاحبہ نے سر انجام دیے۔ جبکہ معزز مہمانوں میں مکرمہ امۃ الجمیل غزالہ صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرمہ طاہرہ الیاس منیر صاحبہ اہلیہ مکرم محمد الیاس منیر صاحب مبلغ سلسلہ نے شرکت کی۔ تقریباً ایک گھنٹہ دورانیہ کے اس پروگرام میں خلافت کا مقام، خلافت کے معنی اور خلافت امن کا حصار کے عناوین پر قرآن و حدیث کی رُو سے روشنی ڈالی گئی۔ نیز برکات خلافت سے مزین دلچسپ ایمان افروز واقعات نے چار چاند لگا دیے اور شاملین نے بھرپور دلچسپی اور انہماک سے یہ پروگرام ملاحظہ کیا۔
اِس پروگرام کے اختتام پرپندرہ منٹ کے دورانیہ پہ مشتمل ایک آن لائن کوئز کروایا گیا جس میں ۲۶۰؍واقفات نے حصہ لیا۔ پوزیشنز حاصل کرنے والی واقفات کو انعامات دیے گئے۔
اڑھائی بجے وقفہ برائے طعام و نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تلقین عمل کا پروگرام بعنوان ’’انسانی پیدائش کی غرض و غایت – عبادت الٰہی‘‘مردانہ اجتماع گاہ سے نشر کیا گیا۔
سہ پہر ساڑھے تین بجے واقفات کی اجتماع گاہ میں ’’خدمت دین کو اِک فضل الٰہی جانو‘‘ کے موضوع پر اردو اور جرمن زبان میں فیچر پروگرام پیش کیا گیا۔ میزبانی کے فرائض نیشنل معاونہ صدر سو مساجد فضیلت سلطانہ صاحبہ نے سر انجام دیے۔ اس پروگرام میں عبادات کا معیار بلند کرنا، قربانی کا معیار بڑھانا، نفس کی قر بانی، وفا کے معیار پہ خلفائے سلسلہ عالیہ احمدیہ کے متفرق منتخب کلپس دکھائے گئے اور اس کی اہمیت متفرق مثالوں سے واضح کی گئی۔ واقفات نو بچیوں نے متفرق دُعائیہ نظمیں اور ترانے پیش کیے۔
چار بج کر بیس منٹ پہ ’’واقفات نو گفتگو‘‘ کے عنوان سے پروگرام پیش کیا گیا جس میں ’’اپنے عہدوں کو نبھانے‘‘ کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ اس پروگرام میں میزبانی کے فرائض نیشنل سیکرٹری تربیت مکرمہ عالیہ ورک صاحبہ نے سرانجام دیے۔ معززمہمانوں میں تین واقفات نو جن میں سےدو مربیان کرام کی بیگمات، مکرمہ ڈاکٹر شائستہ سنبل صاحبہ نیشنل سیکرٹری صحت جسمانی، مکرمہ تہمینہ بلال صاحبہ سابق سیکرٹری ناصرات اور مکرمہ عمرانہ صباحت صاحبہ نیشنل سیکرٹری ناصرات تھیں۔ اِس پروگرام میں شرکاء نے اپنے تجربات کی روشنی میں عہدوں کو نبھانے کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی۔
شام چار بج کر پینتالیس منٹ پہ مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرمہ نفیسہ ملہی صاحبہ معاونہ صدر واقفات نو نے رپورٹ اجتماع واقفات نو پیش کی۔ آخر میں مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے واقفات نو بچیوں کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع کے موقع پر موصولہ پیغام دوبارہ پڑھ کر سُنایا اور واقفات نو بچیوں کو جملہ نکات پر عمل درآمد کرنے، نیز نظام خلافت سے ہمیشہ وابستہ رہنے کی تلقین کی۔ آپ نے جملہ انتظامیہ اور شاملین کا شکریہ ادا کیا اور دُعا کرائی۔ نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد شاملین اجتماع کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔
واقفات نو کے پانچویں سالانہ اجتماع کے موقع پر مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر نگرانی مکرمہ ناہیدہ حق صاحبہ کو بطور منتظمہ اعلیٰ ذمہ داری سونپی گئی اور۵؍نائب منتظمات اعلیٰ کے زیر انتظام ۳۲؍شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا اور اس موقع پر تقریباً ۲۰۰؍کارکنات نے رضا کارانہ خدمات فعال سرانجام دیں۔ اِن میں سے ۱۰۸؍ڈیوٹی کا رکنات واقفات بچیوں پر مشتمل تھیں۔ الحمدللہ
علاوہ ازیں تعلیم القرآن، عائشہ اکیڈمی، شعبہ وصیت، ہیومینٹی فرسٹ، النصرت، عائشہ، رشتہ ناطہ، خدمت خلق، Stimme des Islam، بُک سٹال، لجنہ شاپ کے معلوماتی سٹالز کے ساتھ ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دُعائیہ خطوط تحریر کرنے کےليے ایک الگ جگہ مخصوص کی گئی تھی۔ اِس سہولت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے تقریباً ۲۰۰؍سے زائد واقفات نو بچیوں نے خطوط تحریر کیے۔
شعبہ رشتہ ناطہ کے زیر اہتمامMeet & Greetکا پروگرام اجتماع گاہ سے باہر دوپہر بارہ بجے سے شام پانچ بجے تک معاونہ صدر رشتہ ناطہ کی زیر صدارت کروایا گیا۔ تقریباً پانچ گھنٹے کے دورانیہ کے اس پروگرام میں۱۳۱؍اُمیدوار شامل ہوئے۔ ۱۹؍خاندانوں کی ملاقات کروائی گئی۔ اس اجتماع میں کل حاضری ۲۵۰؍رہی۔ الحمدللہ

(رپورٹ:لبنیٰ ثاقب۔ منتظمہ رپورٹنگ)

٭…٭…٭

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا اجتماع وقف نو جرمنی ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

پیارے واقفین نو جرمنی

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

آپ کے سالانہ نیشنل اجتماع کے موقعہ پر میں آج آپ کے سامنے چند اہم باتیں پیش کرنا چاہتا ہوں۔ آپ میں سے ہر واقف نو کو اپنے وقف کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جماعت کو دوسروں کےلئے نمونہ بنانا چاہتا ہے۔ اس لئے واقفین نو کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس کےلئے سب سے پہلی چیز یہ ہے کہ آپ کا اطاعت کا معیار دوسروں سے بہت اونچا ہونا چاہیے۔ کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں میں اطاعت کی کمی آئی وہ کمزور اور منتشر ہوکر تباہ ہو گئیں۔ ہمیں ان قوموں سے سبق حاصل کرنا چاہیئے۔ اس لئے آپ نے جب اپنے والدین کے عہدوں کو جاری رکھتے ہوئے اسلام احمدیت کی خدمت کےلئے اپنی زندگیاں وقف کی ہیں تو اس کا تقاضا یہ ہے کہ جماعت آپ کو جہاں بھی بھجوائے، جو بھی ہدایت دے اس پر پوری طرح عمل کرنے کی کوشش کریں۔ لوگ مجھے لکھتے ہیں اور واقفین نو لڑکے لڑکیاں بھی اپنے خطوط کے ذریعہ راہنمائی لیتے ہیں کہ وہ مستقبل کی پڑھائی یا تعلیم کس فیلڈ میں مکمل کریں۔ میں ان کو اکثر یہی کہتا ہوں کہ جس فیلڈ میں آپ کی دلچسپی ہے اسی میں مزید تعلیم حاصل کرکے اپنی خدمات جماعت کےلئے پیش کردیں۔ لیکن اگر کہیں کسی بھی صورت میں جماعت کو آپ کی ضرورت پڑے تو تعلیم مکمل ہونے سے پہلے بھی آپ کو خدمت کےلئے لیا جاسکتا ہے۔ اس وقت اصل اطاعت کا معیار یہ ہے کہ ہر واقف نو خوش دلی سے اپنے آپ کو جماعت کےلئے پیش کرے۔ اور قطع نظر اس کے کہ آپ کو جماعت کی طرف سے کتنا الاؤنس ملتا ہے یا تھوڑے پیسوں میں گزارا کرنا پڑتا ہے۔ اس وقت آپ کا مقصد نیکی اور تقویٰ میں آگے بڑھنا ہونا چاہیئے۔ اگر آپ نیکی اور تقویٰ کا مظاہرہ کریں گے تو اللہ تعالیٰ خود آپ کا کفیل ہوگا۔ وہ آپ کی ضروریات کو بھی پوری کرے گا اور اپنے بےشمار انعامات سے بھی نوازے گا۔ لیکن اس کےلئے آپ کو اپنی نمازوں کی بروقت ادائیگی اور عبادات کی طرف خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ خشوع و خضوع کے ساتھ نمازوں کو ادا کریں۔ اس زمانے میں جب انٹرنیٹ اور دیگر برائیوں کی وجہ سے زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں آپ کو اپنے آپ کو ان برائیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ صرف تعلیمی اور تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ اپنی تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کریں اور ایسے پیشے اختیار کریں جو آپ کو اللہ کے قریب کرنے والے ہوں اور تبلیغ کے نئے راستے کھولنے والے ہوں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ کرے کہ آپ قرآن کریم کی حقیقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا کر اور ان پر عمل کرکے جماعت کےلئے فخر کا باعث بنیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے اس اجتماع کو بھی ہرلحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے۔آمین

مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ برطانیہ کا نیشنل والی بالاور ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کا نیشنل نیٹ بال ٹورنامنٹ ۲۰۲۵ء

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button