عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۱۸؍اپریل ۲۰۲۵ء کو مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ، يوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا ۔ حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حالیہ مخالفانہ لہر کے پیش نظر دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:اس وقت میں پاکستان کے احمدیوں کے لیے بھی خاص طور پر دعا کے لیے کہنا چاہتا ہوں۔ خود پاکستانی احمدی بھی اپنے لیے دعا کریں۔ آج کراچی میں ایک واقعہ بھی ہوا ہے۔ بلوائیوں نے، دہشتگردوں نے، اسلام کے نام پر ہیں لیکن ہیں دہشتگرد ہی، ہماری مسجد پہ حملہ کیا ہے اور ایک احمدی کو شہید بھی کردیا ہے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔اللہ تعالیٰ ان ظالموں کی پکڑ کے جلد سامان فرمائے۔( تفصیل کے لیے دیکھیں الفضل انٹرنیشنل ۲۱؍اپریل صفحہ اوّل )
٭… پاکستان میں گذشتہ چند ماہ کے دوران جماعت احمدیہ کی مخالفت میں مفسدانہ کارروائیوں کے سبب شدت پیدا ہوئی ہے۔ محراب و مینار مسمار کیے جانے کے بعد مساجد بھی منہدم کی گئیں،انہیں سیل کیا گیا۔جمعہ ۱۸؍اپریل کو تھانہ پریڈی کی حدود میں احمدیہ ہال کراچی کے باہر ایک احمدی لئیق احمد چیمہ بعمر۴۶؍سال کو ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔ شہید مرحوم کی ربوہ میں تدفین عمل میں آئی۔ ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے جمعہ کے روز متشدد ہجوم کے ظالمانہ تشدد سے لئیق احمد چیمہ صاحب کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔مذکورہ احمدیہ ہال کراچی پر ۲؍فروری۲۰۲۳ء اور۴؍ستمبر۲۰۲۳ء کو شرپسند عناصر نے حملہ کرکے اس کے میناروں کو مسمار کر دیا تھا۔
٭… کیتھولک مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس خورخے ماریو برگولیو کچھ عرصہ علیل رہنے کے بع ۸۸؍سال کی عمر میں چل بسے۔اس حوالے سے ویٹی کن سٹی نے اعلامیہ جاری کر دیا۔پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی راہنما تھے، وہ طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحت یاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے۔۸۸؍ سالہ پوپ فرانسس ۱۴؍ فروری کو سانس کی شدید تکلیف اور نمونیا کے باعث پانچ ہفتےہسپتال میں گزارنے کے بعد گذشتہ ماہ ویٹی کن سٹی لوٹے تھے۔ پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔وہ ۱۷؍ دسمبر۱۹۳۶ء کو ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے تھے اور۲۰۱۳ء میں رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ بنے تھے۔پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے۔خورخے ماریو مارچ۲۰۱۳ء میں بینیڈکٹ کے استعفے کے بعد پوپ منتخب ہوئے تھے اور بارہ سال تک پوپ کے عہدے پر فائز رہے۔۸۸؍ سالہ پوپ فرانسس کی موت پر دنیا بھر سے اظہار افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
٭…امریکہ میں ہزاروں افراد نے امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔واشنگٹن سمیت امریکہ کے دیگر شہروں میں مظاہرین نے ٹرمپ کی ڈیپورٹیشن پالیسیوں، سرکاری افسران کی برطرفیوں، غزہ اور یوکرین جنگ کی مخالفت میں احتجاج کیا۔وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرین نے بینرز اٹھا کر احتجاج کیا، مظاہرین نے عربی کیفیہ اسکارف پہنا اور فلسطینی پرچم بھی لہرائے۔مظاہرین نے فلسطین کی آزادی کے نعرے بھی لگائے، مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
٭…اسرائیل کی غزہ میں حالیہ وحشیانہ بمباری سےکئی فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوج پر جوابی حملے کیے۔ جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔القسام بریگیڈ نے اسرائیلی ٹینک، بلڈوزر اور ڈرون طیارہ بھی تباہ کر دیا۔دریں اثنا رفح میں گذشتہ ماہ اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ کے طبی عملے کے پندرہ کارکنوں کی ہلاکت پر اسرائیلی فوج نے پیشہ ورانہ ناکامی قبول کرلی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمانڈر کو برطرف کرنے کا کہہ دیا، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ جاری رکھنے کی ہٹ دھرمی برقرار رکھی ہوئی ہے، حماس نے عارضی جنگ بندی کی اسرائیلی تجویز مسترد کردی۔

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button