یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ برطانیہ کا نیشنل والی بال اور ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کا نیشنل نیٹ بال ٹورنامنٹ ۲۰۲۵ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ برطانیہ کو اپنا نیشنل والی بال ٹورنامنٹ مورخہ ۱۵ و ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار اور ناصرات الاحمدیہ کو اپنا نیشنل نیٹ بال ٹورنامنٹ مورخہ ۱۷؍فروری بروز سوموار طاہر ہال، مسجد بیت الفتوح میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔


مورخہ۱۴؍فروری بروز جمعہ تمام کھلاڑیوں کے لیے ناصر ہال میں عشائیہ کا انتظام تھا۔ عشائیہ میں کھلاڑیوں کے علاوہ صدر لجنہ اماء اللہ برطانیہ ڈاکٹر قرۃ العین صاحبہ، تمام ریجن کی صدرات، ٹیم کوچز اور میچ آفیشلز وغیرہ شامل ہوئیں۔
پروگرام کا آغاز شام ساڑھے چھ بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بعد ازاں نیشنل سیکرٹری صاحبہ برائے صحتِ جسمانی نے مقابلہ جات کا تعارف کرایا۔ بعدازاںنیشنل صدر صاحبہ نے بھی کھلاڑیوں سے خطاب کیا اور دعا کے بعد شرکاء کی ناصر ہال میں کھانے سے تواضع کی گئی۔
والی بال ٹورنامنٹ میں لجنہ اماء اللہ کی ۱۱ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم میں چھ کھلاڑی، ایک کوچ اور چار متبادل کھلاڑی شامل تھیں۔ والی بال میں حصہ لینے والی ٹیموں کے نام یہ ہیں: مڈلینڈز ریجن، لندن ریجن، عائشہ ریجن، بیت الفتوح ریجن، بیت النورریجن، ساؤتھ ریجن،نارتھ ویسٹ ریجن، نارتھ ایسٹ ریجن، اسلام آباد ریجن، ایسٹ ریجن اور یارکشائر ریجن۔
نیٹ بال ٹورنامنٹ میں ناصرات الاحمدیہ کی ۸؍ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہر ٹیم میں سات کھلاڑی، ایک کوچ اور تین متبادل کھلاڑی شامل تھیں۔ نیٹ بال میں حصہ لینے والی ٹیموں کے نام یہ ہیں: مڈلینڈز ریجن، لندن ریجن، عائشہ ریجن، بیت الفتوح ریجن، بیت النور ریجن، ہرٹفورڈ شائر ریجن، نارتھ ویسٹ ریجن اور اسلام آباد ریجن۔
اس سال والی بال اور نیٹ بال دونوں ٹورنامنٹس کے لیے راؤنڈ رابن کا اصول اپنایا گیا جس کے مطابق ہر ٹیم نے دوسری تمام ٹیموں سے ایک ایک مرتبہ کھیلنا تھا۔
والی بال اور نیٹ بال ٹورنامنٹ کے دوران تمام کھلاڑیوں کے لیے کھیل کے ساتھ توانائی بحال رکھنے کے لیے پھل، چائے، پانی اور دیگر مشروبات وغیرہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ٹک شاپ میں سینڈوچ،سموسہ، کرسپ، کیک، جوس اور چاکلیٹ وغیرہ بھی قیمتاً دستیاب تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شعبہ اشاعت نے کتابوں کا سٹال بھی لگایا ہوا تھا۔ کھلاڑیوں کے لیے طاہر ہال میں فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کا انتظام بھی موجود تھا۔

والی بال ٹورنامنٹ برائے لجنہ اماء اللہ برطانیہ

طے شدہ پروگرام کے مطابق ۱۵؍فروری بروز ہفتہ والی بال کی ٹیمیں صبح ساڑھے آٹھ بجے سے طاہر ہال میں جمع ہونا شروع ہو گئیں۔ اس سے پہلے تقریباً ساڑھے سات بجے کھلاڑیوں کو ناصر ہال میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ تقریباً نو بجے تلاوت، عہد اور دعا کے بعد مقابلہ جات شروع ہوئے۔ میچ کے اس دور میں طاہر ہال کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بیک وقت دو جگہ مقابلہ جات شروع ہوئے۔
دوپہر ایک بجے تک مقابلے جاری رہے۔ نماز اور کھانے کے وقفے کے بعد دو بجے پھر مقابلہ جات شروع ہوئے۔ اب طاہر ہال کو ایک ہی میچ کے لیے استعمال کیا گیا اور حاضرات کی جگہ بڑھا دی گئی اس طرح مغرب اور عشاء کی نماز کے وقفے کے بعد رات نو بجے تک ٹورنامنٹ جاری رہا۔
مقابلہ جات کے دوسرے دن یعنی ۱۶؍فروری بروز اتوار صبح نو بجے میچز کا آغاز ہوا۔ اس دن بھی طاہر ہال میں ایک وقت میں ایک ہی مقابلہ ہوا۔ پچھلے دن کی کارروائی کی طرح ایک بجے نماز اور کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ مقابلہ شروع ہوا۔ سخت مقابلوں کے بعد چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں۔ پہلا سیمی فائنل میچ عائشہ اور اسلام آباد ریجنز کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل بیت النور اور بیت الفتوح ریجنز کے درمیان ہوا۔
مقابلہ جات کے آخری دور میں فائنل میچ سے پہلے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے عائشہ اور بیت النور ریجن کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں بیت النور ریجن نے فتح حاصل کرکے تیسری پوزیشن محفوظ کرلی جبکہ فائنل میچ میں اسلام آباد اور بیت الفتوح ریجن کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ طاہر ہال میں خواتین اور بچیوںکی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی اور ہر کوئی اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش میں تھا۔ پہلا میچ بیت الفتوح ریجن نے ۱۲ پوائنٹ سے جبکہ دوسرا اسلام آباد ریجن نے دو پوائنٹ سے جیتا۔ تیسرے میچ میں نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بیت الفتوح ریجن نے جیت کا سہرا اپنے سر کر لیا۔
تقسیم انعامات میں جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیز جبکہ تمام کھلاڑیوں، ریفریز اور آفیشلز کو میڈلز دیے گئے۔ آخر میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برطانیہ نے کہا کہ ان کو بہت خوشی ہے کہ سب نے پُر جوش طریق پر حصہ لیا اور سب کو داد دی۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

نیٹ بال ٹورنامنٹ برائے ناصرات الاحمدیہ برطانیہ

لندن میں باوجود نہایت سرد موسم کے ۱۷؍فروری بروز منگل اپنے کھیل کے جذبے کی گرم جوشی برقرار رکھتے ہوئے ساری ناصرات کی جملہ ٹیمیں صبح ساڑھے آٹھ بجے طاہر ہال میں جمع ہونا شروع ہو گئیں۔ مقابلہ جات کاآغاز تلاوت اور عہد سے کیا گیا۔ پھر نیشنل صدر صاحبہ نے بچیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں کھیل کے اصل مقاصد کی یاد دہانی کرائی، یعنی قربانی اور خوش دلی سے کھیلنا۔
مقابلہ جات کے لیے طاہر ہال کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بیک وقت دو جگہ مقابلہ جات شروع ہوئے۔ مقابلہ جات دوپہر ایک بجے تک جاری رہے۔ پھر نماز اور کھانے کے وقفے کے بعد دو بجے دوبارہ سے مقابلہ جات شروع ہوئے۔ پوائنٹ سسٹم کی بنیاد پر جن چار ٹیموں نے سب سے زیادہ پوائنٹ حاصل کیے ان میں عائشہ اور اسلام آباد ریجن کے درمیان پلے آف کی بنیاد پر میچ ہوا۔ جس میں کامیابی حاصل کر کے اسلام آباد ریجن نے تیسری پوزیشن محفوظ کی۔
فائنل میچ بیت النور اور لندن ریجنز کے درمیان ہوا، جس میں گیم کا ہر حصہ دس منٹ کا تھا جبکہ پانچ منٹ کی بریک تھی۔ دو حصوں کی گیم کے بعد بیت النور ۱۴ پوائنٹس حاصل کرکے نیٹ بال ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم قرار پائی۔
تقسیم انعامات کی تقریب میں نیشنل سیکرٹری صحتِ جسمانی نے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ریفریز اور کوچز کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ پھر جیتنے والی پہلی تین ٹیموں کو ٹرافی دی گئی اور باقی تمام کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شمولیت کے لیے اور ریفریز اور کوچز کو میڈلز دیے گئے۔
آخر میں صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ برطانیہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ناصرات نے ان مقابلہ جات سے سخت محنت کرنا اور کبھی ہار نہ ماننا بلکہ جیت کے لیے کوشش کرتے رہنا سیکھا ہے۔ اس کے بعدصدر صاحبہ نے سیکرٹری صحتِ جسمانی کا کامیاب ٹورنامنٹ منعقد کروانے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور سب کو حفاظت سے گھر پہنچنے کی دعا دیتے ہوئے اختتامی دعا کرائی۔ اس طرح یہ ٹورنامنٹ اپنے اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ:حنا گوندل۔ اردو رپورٹنگ ٹیم)

مزید پڑھیں: بِگ افطار پروگرام زیر اہتمام شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button