مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ بینن کا دوسرا دن

(۲۰؍اپریل ۲۰۲۵، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن) محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ جماعت احمدیہ بینن کو مورخہ ۱۹ اور ۲۰؍اپریل ۲۰۲۵ء کو بیت التوحید کوتونو میں مجلس شوریٰ کے بابرکت انعقاد کی توفیق مل رہی ہے۔ آج مجلس مشاورت کا دوسرا دن تھا جس کا آغاز نمازِ تہجد کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم مع فرنچ ترجمہ سے ہوا جس کے بعد محترم امیر صاحب بینن نے دعا کروائی۔

نیشنل عاملہ کے انتخاب کے اجلاس کی صدارت کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہِ شفقت محترم محمود ناصر ثاقب مبلغ صاحب انچارج بینن کو مقرر فرمایا۔ انتخاب کے آغاز میں محترم مبلغ انچارج صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات اور مرکز سے موصولہ ہدایات کی روشنی میں انتخاب اور عہدہ جات کی اہمیت اور ممبران مجلس شوریٰ کی ذمہ داری کو شاملین پر واضح کیا۔ اجلاس کے اختتام پر نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اختتامی اجلاس کی صدارت محترم امیر صاحب بینن نے کی۔ سب سے پہلے تینوں کمیٹیوں کے صدران و سیکرٹریان نے اپنے اجلاسات کی تفصیلی رپورٹ مع سفارشات پیش کیں۔ جن کو مزید مشاورت کے بعد حتمی رنگ دیا گیا۔ مساجد کو آباد کرنے اور صاف رکھنے کے ضمن میں محترم مبلغ انچارج صاحب نے شاملین شوریٰ سے کہا کہ ہماری مساجد کی موجودہ حالت ہماری ایمانی حالت پر دلالت کرتی ہے اس لئے ہمیں اپنی تمام مساجد کو بہترین حالت میں رکھنا چاہیے یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اس کے بعد محترم امیر صاحب نے اختتامی خطاب کیا جس میں آپ نے ممبرانِ شوریٰ کو انکی ذمہ داری بتاتے ہوئے کہا کہ آپ صرف ان دو دنوں کے لیے نہیں چُنے گئے بلکہ آپ پورے سال کے لیے ذمہ دار ہیں۔ یہ تجاویز اور سفارشارت ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں پیش کی جائیں گی۔ آپ کی منظوری کے بعد یہ آپ تک پہنچائی جائیں گی اور یہ ہم سب شاملین کی ذمہ داری ہے کہ ہم باقاعدہ ان پر خود بھی عمل کرنے والے ہوں اور باقی احباب کو بھی اس کی طرف توجہ دلائیں۔اسی طرح امیر صاحب نے تمام احباب کو نیشنل ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر کے لیے دعا کرنے اور حسبِ استطاعت مالی قربانی کرنے کی دعوت دی۔ اللہ تعالیٰ سب کو بخیر و عافیت اپنوں گھروں تک لے جائے۔ آمین۔ دعا کے ساتھ شوریٰ اختتام کو پہنچی۔