یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فرانس کے زیر اہتمام سالانہ افطار ڈنر کی کامیاب تقریب

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے پچھلے سالوں کی طرح امسال بھی جماعت احمدیہ فرانس کو ماہِ رمضان کے دوران مختلف جماعتوں میں غیر از جماعت احباب کے لیے افطاری کی تقاریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ یہ تقاریب جماعت احمدیہ کے مرکز Saint Prix میں، جماعت Lyon، جماعت Hauts de France اور سٹراسبرگ میں منعقد ہوئیں۔ ان چاروں تقاریب کی مختصر روئیداد پیش خدمت ہے۔


مسجد مبارک Saint Prix میں افطار ڈنر کی تقریب: اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کے مرکزمسجد مبارک، سیں پری میں مورخہ ۱۴؍مارچ کو افطار ڈنر کا انعقاد ہوا جس میں ۱۲۰ معزز غیر مسلم مہمانوں نے شرکت کی۔ الحمدللہ۔ ان مہمانوں میں کئی اعلیٰ حکومتی عہدیدار اور منتخب نمائندے شامل تھے، جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

٭…Emmanuel Bérard۔ سفارتکار، جو سفیر Peaucelle(جو کہ وزارت خارجہ میں مذہبی امور کے مشیر ہیں )کی نمائندگی کر رہے تھے۔
٭…Marie-José Beaulande۔ مسجد سے منسلک کونسل کی میئر صاحبہ
٭…Laurent Desmeliers۔ یہ جماعت کی جلسہ گاہ کے علاقہ کے میئر ہیں۔ جو اپنی کابینہ کے ۷؍افراد کے ساتھ ۶۵کلومیٹر کا سفر کر کے جماعت کے پروگرام میں شامل ہوئے۔
٭…Sylvie Thomas-Malbec۔ سیں پری کونسل کی نائب میئر صاحبہ
٭…Grégoire Dubineau۔ کمیونٹی کونسلر
٭…پانچ نائب میئر اور دیگر بلدیاتی مشیران
٭…پادری کلوشارڈ۔ کیتھولک چرچ کے پادری
٭…دو اساتذہ

روزہ افطار کرنے کے وقت مہمانوں نے اذان کے ساتھ افطار کے بابرکت لمحات میں شرکت کی اور نماز مغرب کے لیے نماز ہال میں بھی آئے۔ جہاں پر مکرم بلال اکبر صاحب مربی سلسلہ نے تمام مہمانوں کو مسجد کا مختصر تعارف کرایا اور بتایا کہ کس طرح احمدی مسلمان نماز پڑھتے ہیں اور رمضان کے دوران عبادتوں کی کس قدر اہمیت ہے؟ بعد ازاں احباب کھانے کی مارکی میں تشریف لے گئے۔ جہاں پر نیشنل سیکرٹری امور خارجہ مکرم طلحہ رشید صاحب نے مہمانوں کو رمضان کی حقیقت، اس کی اہمیت اور اس مبارک مہینے میں اسلامی تعلیمات کے پیغام سے روشناس کرایا۔ اس دوران مہمانوں نے اسلام سے متعلق سوالات بھی کیے، جن کے جواب دیے گئے۔ الحمدللہ۔ پروگرام کے آخر میں معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
جماعت احمدیہ Hauts de Franceمیں تقریب افطاری: جماعت Hauts de Franceمیں مورخہ ۱۹؍مارچ کو صدر جماعت مکرم داؤد رشید صاحب کی زیر نگرانی ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ۶۴مہمانوں نے شرکت کی جن میں درج ذیل معزز شخصیات شامل ہیں: شہر کے نمائندگان،شہری کونسل کے اراکین،مسجد کے ہمسائے، ریڈ کراس والنسیئن کے نمائندگان،یونیفیکیشن موومنٹ کے اراکین وغیرہ۔
یہ تقریب نہایت خوشگوار اور پر امن ماحول میں منعقد ہوئی۔ مکرم چودھری اسامہ احمد صاحب مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے مختصراً رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
جماعت احمدیہ Lyonمیں تقریب افطاری: جماعت احمدیہ لیوں کو مورخہ ۱۸؍مارچ کو افطار ڈنر کرنے کی توفیق ملی جس میں ۸ مہمان شامل ہوئے۔
ان مہمانوں میں درج ذیل افراد شامل ہیں: Abdel Malik Richard Duchaine (بین المذاہب Dialogue کے ممبر)، ریجنل مسلم مذہبی کونسل کے نمائندہ، Serge Wüthrich (پروٹسٹنٹ پادری)، مسعود حلمی (ایرانی نژاد اور شہر کی لوکل کونسل کے ممبر)، Robert Batista ۔(protestant چرچ کے رکن) اور ایک NGO جس کا نام Batir Ensemble ہے کے صدر۔
افطاری سے قبل مکرم منصور احمد مبشر صاحب مربی سلسلہ نے اسلام میں روزہ اور افطاری کی اہمیت کے متعلق مہمانان کو بتایا۔ افطار کے لیے پانی اورکھجوریں پیش کی گئیں۔ بعد ازاں نماز مغرب ادا کی گئی جس میں ہمارے ساتھ دو مہمان شامل ہوئے۔ بعد ازاں سب حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے دوران بھی مہمانوں سے مختلف موضوعات پر گفتگو جاری رہی۔
مکرم عطاء العلیم صاحب صدر جماعت احمدیہ لیوں اور مکرم مربی صاحب نے رمضان کے بارے میں احباب کو بتایا۔ جماعت کی خدمات، انسانیت کے حوالہ سے کی جانے والی کارروائیوں اور دنیا بھر میں امن کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور کوششوں کا تعارف کروایا گیا۔ پھر جماعت میں بین المذاہب تقاریب کے بارے میں بھی بتایا کہ جماعت اس کو بہت فروغ دیتی ہے اور ہر سطح پر یہ منعقد کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
جماعت احمدیہ Strasbourgمیں تقریب افطاری: خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سٹراسبرگ نے مورخہ ۲۰؍مارچ بروز جمعرات اپنا افطار ڈنر مکرم محمد اطہر کاہلوں صاحب صدر جماعت کی زیر نگرانی منعقد کیا۔ اس پروگرام میں ۱۲۸ غیر از جماعت احباب، جن میں اہم سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں، نے شرکت کی۔ ان میں سے بعض مندرجہ ذیل ہیں:
٭…علاقہ Saverne کے اسسٹنٹ کمشنر
٭…مسٹر جسٹن ووگل۔ صوبائی اسمبلی کے صدر
٭…مسٹر لوراں کریگر صاحب۔ ضلع کونسل کے رکن
٭…مسجد کے علاقہ کے گردو نواح کے 12 میئرز، ان کے نائبین اور میونسپل کونسلرز۔
٭…مسجد کے علاقہ کے مذہبی راہنما (پادری، فوجی مذہبی پیشوا وغیرہ)
٭…مقامی سماجی و ثقافتی تنظیمیں (CARITAS، سولیڈیریٹی ویمن 67، پرچم بردار، بھارتی ثقافتی تنظیم وغیرہ
٭…سول سوسائٹی کے معزز افراد (اساتذہ، انجینئرز وغیرہ)
اس تقریب کے دوران مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ سٹراسبرگ کو رمضان المبارک کے روحانی اور جسمانی فوائد پر روشنی ڈالنے کا موقع ملا۔نیز تقریب کے دوران منتخب عوامی نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کی تعلیمات کو دنیا تک پہنچانے اور ان کی خوبصورتی کا اظہار کرنے والا بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ مرتبہ: چودھری بلال اکبر۔ نائب مشنری انچارج فرانس۔ مرسلہ: منصور احمد مبشر۔ مربی سلسلہ و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: ہالینڈ کے مختلف شہروں میں نیو ایئر ریسپشنز کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button