یورپ (رپورٹس)

بِگ افطار پروگرام زیر اہتمام شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ برطانیہ نے ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے جماعت احمدیہ کی روایات کو اُجاگر کرنے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی اہمیت، روزوں اور سحری و افطاری کے طریقہ کار کی آگاہی دینے کے لیے ایک انتہائی کامیاب پروگرام مورخہ ۱۵؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ بمقام مسجد بیت الفتوح بِگ افطار کے عنوان سے منعقد کرنے کی توفیق حاصل کی جس میں ممبران پارلیمنٹ، سیاسی و مذہبی نمائندگان، کونسلرز، مختلف مقامی کمیونٹیز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت ۸۰۰؍سے زائد مہمانان اور پانچ سو احمدی احباب شریک ہوئے۔ ایم پی فار مچم اینڈ مورڈن محترمہ شوان میکڈونا صاحبہ اورسابق ایم پی فار ووکنگ محترم جوناتھن لارڈ صاحب کو شمولیت کی خصوصی دعوت دی گئی تھی۔اس تقریب کو بھرپور طور پر کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مختلف اُمور کی انجام دہی میں تین سوانتظامی رضاکاران نے حصہ لیااور خدمت کی توفیق پائی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک


اس موقع پر ایک خوبصورت نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں قرآنِ کریم کے چالیس زبانوں میں تراجم کے علاوہ روحانی خزائن اور ملفوظات کی جلدیں بھی نمائش میں رکھی گئی تھیں جبکہ جماعت احمدیہ کی سو سالہ تاریخ، وائس آف اسلام، ریویو آف ریلیجنزکے حوالے سے مواد کے علاوہ مختلف کتب اور لٹریچر بھی موجود تھا۔ قرآن کریم کے پرانے اور تاریخی نسخوں اور خوبصورت خطّاطی کی نمائش میں حاضرین کی اکثریت نے نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا۔
مہمانوں کے چھوٹے گروپس بناکر انہیں مسجد بیت الفتوح کے خوبصورت نئےکمپلیکس، مسجد کے مرکزی حصّے میں مردوں اور خواتین کے نماز ادا کرنے والے ہالز اور دفاتر کا دورہ بھی کرایا گیا جس کےدوران نہ صرف اُنہیں اسلام، احمدیت اور مسجد کی اہمیت کے حوالے سے بتایا جاتا رہا بلکہ اُن کے مختلف سوالات کے تفصیلی جواب بھی دیے گئے۔
تلاوت قرآن کریم سے اس تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کے بعد سٹیج سیکرٹری صاحب نے پروگرام کی مختصراً غرض و غایت بیان کی اور بعد ازاں جماعت احمدیہ کا تعارف اور بنیادی عقائد، خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں خدمت انسانیت اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے کی جانے والی جماعت احمدیہ کی کاوشوں کے بارے میں ایک معلوماتی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔
محترم جوناتھن لارڈ صاحب نے تقریب میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مجھے پہلے بھی آپ کی جانب سے منعقد ہونے والی اسی قسم کی تقاریب میں شرکت کا موقع ملا ہے اس لیے مجھے رمضان اور روزہ کی اہمیت کا علم ہے۔ میرے لیے یہاں آنا ایک اعزاز ہے اور میں آپ سب کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔


نیشنل سیکرٹری تبلیغ محمد ابراہیم اخلف صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تقریب کے انعقاد سے نہ صرف مذہب اسلام کے بارے میں پائی جانے والی بعض غلط فہمیوں کو دُور کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ خاص طور پر اُن اسلامی عقائد کو واضح کرنے کا موقع بھی ملتا ہے جن پر سب سے زیادہ اعتراضات کیے جاتے ہیں۔
امیر جماعت احمدیہ یوکے محترم رفیق احمد حیات صاحب نے اپنے خطاب میں روزوں کی اہمیت اور فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روزہ روحانی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ خدا تعالیٰ سے ایک مضبوط تعلق کی بنیاد بھی بناتا ہے۔ماہ رمضان میں بُرائیوں سے نجات حاصل کرنے اور زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنے کی طرف توجہ پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہمارے اِرد گِرد ایک پُر امن ماحول بھی بن جاتا ہے۔ محترم امیر صاحب نے دنیا کے موجودہ حالات میں متوقع تیسری عالمی جنگ کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے اس جنگ کو روکنے اوردنیا میں قیام امن کی ضرورت کو اُجاگر کیااور اس ضمن میں حضور انور کی بعض ہدایات اور نصائح کا بھی تذکرہ کیا۔آخر میں محترم امیر صاحب نے دعا کرائی اور یہ خوبصورت تقریب اختتام کو پہنچی۔
شاملین تقریب کو روزہ کھولنےکا طریقہ بتاتے ہوئے دعائے افطاراور مکمل اذان بھی سنائی گئی جبکہ اس تقریب کی انتہائی خاص بات یہ تھی کہ پروگرام کے اختتام پر آٹھ خاندانوں کے افراد نے جماعت احمدیہ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا۔اللہ تعالیٰ اس تقریب کے مزید مثبت نتائج پیدا فرمائے۔آمین
اس پروگرام کی کوریج اور مہمانان اور منتظمین کے انٹرویوز ریکارڈ کرنے کے لیے وائس آف اسلام ریڈیو، ریویو آف ریلیجنز، ٹرو اسلام، ریشنل ریلیجن، ایم ٹی اے یو کے اور ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے علاوہ پاکستانی ٹیلیویژن چینلز جیواور بول، ڈسکور پاکستان جبکہ مقامی طور پر سی سی فور، اسکائی ایف وائی آئی، مرٹن پریس کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس تقریب کے حوالے سے بے شمار پوسٹس کی گئیں۔(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے شعبہ تبلیغ کے تحت تیسرا ’بِگ افطار‘ ڈنر کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button