افریقہ (رپورٹس)

مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ بینن کا پہلا دن

(مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

(۱۹؍اپریل ۲۰۲۵، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن) محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ جماعت احمد یہ بینن کو آج مورخہ ۱۹؍اپریل ۲۰۲۵ء سے بیت التوحید کو تو نو میں مجلس شوریٰ کے بابرکت انعقاد کی توفیق مل رہی ہے۔ نمائندگان مجلس شوریٰ ۱۸؍اپریل کو ہی پہنچ گئے اور آج صبح ساڑھے چار بجے نمازِ تہجد باجماعت ادا کی گئی جو کہ حافظ حلیم احمد صاحب نے پڑھائی جس کے بعد محترم عارف محمود صاحب مبلغ سلسلہ صاحب نے اطاعت خلافت کے موضوع پر درس دیا۔ بعد ازاں محترم امیر صاحب بین محمد لقمان بصیرو صاحب نے نمازِ فجر پڑھائی۔

مجلس شوری کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جو کہ عزیزم اولیس احمد تارڑ صاحب نے کی جس کے بعد لالا مستعین صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے فرنچ زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ حاضری کے بعد محترم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب کیا جس آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مجلس شوریٰ یوکے ۲۰۲۲ء کے موقع پر بیان فرمودہ خطاب سے مجلس شوریٰ کے ممبران کے لیے ہدایات و نصائح پیش کیں اور دعا کروائی۔ جس کے بعد گزشتہ سال کی سفارشات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی گئی جو کہ نیشنل سیکرٹری تحریک جدید، وقف جدید اور امور خارجہ نے کی۔ محترم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بین نے چندہ جات تحریک جدید و وقف جدید میں اضافہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ احباب جماعت اگر سال رواں میں تحریک جدید اور وقف جدید میں بہترین قربانی پیش کریں تو افریقہ میں پہلی دس پوزیشنز میں گذشتہ سال سے اوپر جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے بعد نائب امیر صاحب نے بجٹ پیش کیا۔

امسال مجلس کے شوریٰ میں تین تجاویز پیش ہوئیں جو کہ درج ذیل ہیں:

۱۔لازمی چندہ جات (چندہ عام و جلسہ سالانہ ) کے شاملین کی تعداد میں اضافہ کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جائے؟

۲۔احباب جماعت کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جائے؟

۳۔ احباب جماعت کی مساجد میں باجماعت نمازوں پر حاضری کو بہتر بنانے اور مسجد سے پختہ تعلق جوڑنے کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے؟

ان تجاویر پر کمیٹیاں بنائی گئیں۔ پہلی کمیٹی کے صدر محترم راؤف مالکی صاحب اور سیکرٹری محترم لقمان داؤدا صاحب، دوسری کمیٹی کے صدر محترم پو کو ہولا قاسم صاحب اور سیکریٹری محترم راجی شہود صاحب جبکہ تیسری کمیٹی کے صدر محترم عبد العزیز ابراہیم صاحب اور سیکریٹری محترم سلامی رشیدی صاحب مقرر ہوئے۔ بعد ازاں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور ظہرانہ کے بعد تینوں کمیٹیوں کی علیحدہ علیحدہ مشاورتی میٹنگز ہوئیں جن میں تجاویز زیر بحث رہیں اور سفارشات پیش کی گئیں۔ اسکے بعد نماز مغرب و عشاء امیر صاحب نے پڑھائیں اور عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس طرح مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ بینن کا پہلا دن اختتام پذیر ہوا۔ فالحمد للہ علی ذلک

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button