کیوں؟
پیارے بچو! ایک دلچسپ سوال کے ساتھ حاضر ہیں۔ آج کا سوال ہے کہ
سورج گرہن اورچاندگرہن کیوں ہوتاہے ؟
بچو! زمین سورج کے گرد اپنے مدار پر گھومتی ہے اور چاند زمین کے گرد اپنے مدار پر گھومتا ہے۔ جب یہ ایک دوسرے کے سامنے آ جاتے ہیں جس سے ایک کا سایہ دوسرے پر پڑتا ہے۔ چاند پر سایہ پڑتا ہے تو چاند گرہن اور سورج پر پڑتا ہے تو سورج گرہن کہلاتا ہے ۔ یہ اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیاں ہیں، یہ ظاہر کرنے کے لیے کہ قادر مطلق اللہ تعالیٰ جو سورج سے روشنی دیتا ہے اور چاند سے چاندنی دیتا ہے وہی اللہ تعالیٰ ان کو ماند کر دینے پر بھی قادر ہے ۔ عربی زبان میں سورج گرہن کو ’’کُسُوْفُ الشَّمْسِ‘‘ کہتے ہیں اور چاند گرہن کو ’’خُسُوْفُ الْقَمَرِ‘‘ کہتے ہیں۔

بچو! سورج گرہن کے وقت سورج کو نہیںدیکھنا چاہیے کیونکہ اس وقت سورج کی روشنی سے بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسےتماشا سمجھنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی حمد اور اس سے پناہ مانگنے کا وقت ہے۔
بچو! اس سال ماہِ رمضان المبارک میں دنیا کے بعض حصوں میں سورج گرہن اور چاند گرہن ہوئے۔ چنانچہ سنت رسولﷺ کی پیروی میں جماعتوں میں نماز کسوف ادا کی گئی۔ اسلام آباد ٹلفورڈ میں تقریباً دو ہزار احباب جماعت نے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی اقتدا میں نماز کسوف ادا کی۔ حضور انور نےخطبہ کسوف شمس میں یہ حدیث بیان فرمائی کہ چاند اور سورج اللہ تعالیٰ کے نشانوں میں سے دو نشان ہیں کسی کی موت کی وجہ سے انہیں گرہن نہیں لگتا اور نہ کسی کی زندگی کی وجہ سے یہ گرہن لگتا ہے۔ سو جب سورج اور چاند کو تم گرہن میں لگا ہوا دیکھو تو نماز کے لیے مضطرب ہو کے لپکو یعنی فوری طور پر نماز ادا کرو نفل پڑھو۔
بچو! گرہن ایک فلکیاتی عمل ہے۔ ناسا کہتا ہے کہ چاند گرہن کے دوران چاند زمین کے سائے میں آ جاتا ہے لیکن اس کے باوجود کچھ روشنی چاند پر پہنچتی رہتی ہے۔ چاند گرہن کے دوران سورج کی روشنی زمین کی فضا سے گزر کر چاند پر پڑتی ہے اس ہی وجہ سے گرہن کے دوران چاند سرخ نظر آتا ہے جسے ’’خونی چاند‘‘ (blood moon)بھی کہا جاتا ہے۔
تو بچو! ہمیں بتائیں کہ آپ کے ملک میںچاند یا سورج گرہن کب ہوا تھا؟ امید ہے آپ کو آج کا سوال اور اس کا جواب اچھا لگا ہوگا ۔ آپ کے ذہن میں کوئی سوال ہو تو ضرور بھیجیں ، اور اللہ تعالی ٰکی خوبصورت کائنات پہ غور کرتے رہیں۔
ان شاءاللہ اگلے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ پھر حاضر ہوں گا۔ آپ کا بھائی۔ خلیق احمد شرجیل(جرمنی)