بچوں کا الفضل

گلدستہ معلومات

حکایتِ مسیح الزماںؑ

نیکی کی کشش

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’انسان کے اندر نیکی اور بدی کی ایک کشش ہے ۔ آدمی نیکی کرتا ہے مگر نہیں سمجھ سکتا کہ کیوں نیکی کرتا ہے ۔ اسی طرح ایک شخص بدی کی طرف جاتا ہے لیکن اگر اس سے پوچھا جاوے تُو کدھر جاتا ہے تو وہ نہیں بتا سکتا ۔ مثنوی رومی میں ایک حکایت اس کشش پر لکھی ہے کہ ایک فاسق آقا کا ایک نیک غلام تھا ۔ صبح کو جو مالک نوکر کو لے کر بازار سودا خرید نے کو نکلا تو راستہ میں اذان کی آواز سن کر نوکر اجازت لے کر مسجد میں نماز کو گیا اور وہاں جو اسے ذوق اور لذت پیدا ہوا تو بعد نماز ذکر میں مشغول ہو گیا آخر آقا نے انتظار کر کے اس کو آواز دی اور کہا کہ تجھے اندر کس نے پکڑ لیا؟
نوکر نے کہا کہ جس نے تجھے اندر آنے سے باہر پکڑ لیا غرض ایک کشش لگی ہوئی ہے اسی کی طرف خدا نے اشارہ فرمایا ہے کُلٌّ یَّعْمَلُ عَلیٰ شَاکِلَتِہٖ ہر ایک فریق اپنے اپنے طریق پر عمل کر رہا ہے۔ ‘‘

(ملفوظات جلد چہارم صفحہ141۔ ایڈیشن 1984ء)

٭… ٭… ٭… ٭… ٭

قربانی

حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے یہ سمجھاتے ہوئے کہ اولاد کی قربانی، درحقیقت مال اور جان کی قربانی سے بڑھ کر ہے، فرمایا:’’ہمایوں کے متعلق بھی بابرنے جب یہ سوچا کہ ہمایوں کی زندگی بچانے کے لئے میں خدا کے سامنے اپنی کوئی پیاری چیز پیش کروں۔ تو کہتے ہیں کہ بابر اس کے گرد گھومتا رہا اوراس نے سوچا کہ میں یہ ہیرا جو مجھے بہت پیارا ہے دے دوں۔ پھر خیال آیا کہ ہیرا کیا چیز ہے میں یہ دے دوں۔ پھر خیال آیا کہ پوری سلطنت مجھے بہت پیاری ہے میں پوری سلطنت دے دیتا ہوں اور پھر سوچتا رہا۔ پھر آخر اس کو خیال آیا۔ اس کے نفس نے اس کو بتایا کہ تجھے تو اپنی جان سب سے زیادہ پیاری ہے۔ اس وقت اس نے یہ عہد کیا اور خدا سے دعا کی کہ اے خدا واقعی اب میں سمجھ گیا ہوں کہ مجھے سب سے زیادہ پیاری چیز میری جان ہے۔ اے خدا! تو میر ی جان لے لے اور میرے بیٹے کی جان بچالے۔ تاریخ میں لکھا ہے کہ واقعۃً اس وقت کے بعد سے پھر ہمایوں کی صحت سدھرنے لگی اور بابر کی صحت بگڑنے لگی۔ ‘‘(خطبہ جمعہ فرمودہ 3؍اپریل1987ء مطبوعہ خطبات طاہر جلد 6صفحہ245)

٭… ٭… ٭… ٭… ٭

تحریک وقفِ نو

٭…3؍ اپریل 1987ء کو حضرت خلیفة المسیح الرابعؒ نے وقفِ نَو کی الٰہی تحریک جاری فرمائی۔
٭…وقفِ نَو کی تحریک حضرت مریمؑ کے وقف قبل از پیدائش کی مثال پر قائم کی گئی۔
٭…وقفِ نَو میں شمولیت کے لیے والدین کی جانب سے اپنے ہونے والے بچے کو قبل از پیدائش حضرت خلیفة المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں وقف کے لیے پیش کرنا لازمی ہے۔
٭…نیشنل اور مقامی سطح پر وقفِ نَو کے نگران کا نام سیکرٹری وقفِ نَو اور شعبہ کا نام شعبہ وقفِ نَو ہے۔ مجلس خدام الاحمدیہ میں معاون صدر برائے وقفِ نَو اور پھر قیادت اور زعامت کی سطح پر ایک معاون واقفین کے نگران ہیں۔ اسی طرح نیشنل اور مجالس کی سطح پر معاونہ صدر برائے واقفات نَو واقفات کی نگران ہیں جو واقفینِ نَو کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کرتے ہیں۔
٭…وقفِ نَو کا مرکزی دفتر وکالت وقفِ نَو، تحریک جدید انجمن احمدیہ کہلاتا ہے جس کے انچارج وکیل وقفِ نَو کہلاتے ہیں۔
٭…لند ن میں شعبہ وقفِ نَو مرکزیہ کا دفتر دنیا بھر کے واقفین کا ریکارڈ رکھنے کے علاوہ ان سے رابطہ کرتا ہے اور ان کی کونسلنگ اور کیریئر گائیڈنس کے حوالہ سے راہنمائی کرتاہے ۔
٭… شعبہ وقفِ نَو کی مرکزی ویب سائٹ waqfenauintl.org ہے۔
٭…واقفینِ نَو کا نصاب ’’نصاب وقفِ نَو‘‘ کہلاتا ہے جو عمر کے لحاظ سے تین حصوں میں شائع کیا جاتا ہے۔
٭…حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے 28؍ اکتوبر 2016ء کو کینیڈا میں خطبہ جمعہ میں واقفینِ نَو کو توجہ دلائی کہ وہ کیسے سپیشل بن سکتے ہیں۔
٭…جلسہ سالانہ یوکے 2018ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ نے لجنہ اماء اللہ سے اپنے خطاب میں مذکورہ بالا خطبہ کو واقفینِ نَو کے لیے ایک لائحہ عمل قرار دیا۔
٭…حضور انور ایدہ اللہ کی راہنمائی سے واقفینِ نَو کی تعلیم و تربیت کے لیے ’’اسماعیل‘‘ اور واقفاتِ نَو کے لیے ’’مریم‘‘ رسالہ ہر سہ ماہی میں شائع ہوتا ہے۔ اور آن لائن بھی دستیاب ہے۔
٭…انڈیا میں ’’اسماعیل‘‘ میگزین ’’گلدستہ وقف نَو‘‘ کے نام سے شائع ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جرمن، انڈونیشین زبان میں اور بنگلہ زبان میں بھی ہر دو رسائل کے بعض حصے شائع ہوتے ہیں۔
٭… پندرہ سال کی عمر میں واقفینِ نَو اپنا تجدید وقف فارم پُر کرتے ہیں اس کے بعد 18 سال اور تعلیم مکمل کرنے پر بھی یہ فارم پُر کیا جاتا ہے۔
٭… الله تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ یوکے 2024ء تک دنیا بھر میں واقفین نَو کی کُل تعداد 83ہزار 55 ہے جس میں 48 ہزار 582 لڑکے اور 34 ہزار 473 لڑکیاں ہیں۔ کُل 2ہزار947 واقفین نَو بشمول مربیان مختلف فیلڈز میں خدمات بجا لارہے ہیں۔

٭… ٭… ٭… ٭… ٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button