یادکرنےکی باتیں
کامیابی کی راہیں۔ نصاب ستارہ اطفال
سات سے آٹھ سال کی عمر کے بچوں کے لیے نصاب
٭… اللہ تعالیٰ کے متعلق آیات قرآنی یاد کریں:
1۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔ اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ مٰلِکِ یَوْمِ الدِّین۔ (الفاتحہ:1تا 4)
ہر (قسم کی) تعریف کا اللہ (ہی) مستحق ہے (جو) تمام جہانوں کا ربّ (ہے)۔ بے حد کرم کرنے والا‘ بار بار رحم کرنے والا۔ (اور) جزا سزا کے دنکا مالک ہے۔
2۔ قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ۔ اَللّٰہُ الصَّمَدُ۔ لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْ ۔ وَلَمۡ یَکُنۡ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدٌ ۔ (الاخلاص)
تُو کہہ دے کہ وہ اللہ ایک ہی ہے۔ اللہ بے احتیاج ہے۔ نہ اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ وہ جنا گیا۔ اور اس کا کبھی کوئی ہمسر نہیں ہوا(نہ ہو گا)۔
3۔ اَللّٰہُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ ۚ اَلۡحَیُّ الۡقَیُّوۡمُ (البقرہ: 256)
اللہ کے سوا کوئی اس بات کا حقدار نہیں کہ اس کی عبادت کی جائے› وہ کامل حیات والا خود قائم اور سب کو قائم رکھنے والا ہے۔
4۔ اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ۔ (البقرة: 110)
یقینا اللہ ہر ایک امر پرپورا پورا قادر ہے۔
5۔ ہُوَ اللّٰہُ الۡخَالِقُ الۡبَارِئُ الۡمُصَوِّرُ لَہُ الۡاَسۡمَآءُ الۡحُسۡنٰی۔ (الحشر : 25)
اللہ ہر ایک چیز کا پیدا کرنے والا اور ہر چیز کا موجد بھی ہے اور ہر چیز کو اس کی مناسب حال صورت دینے والا ہے۔ اس کی بہت سی اچھی صفات ہیں۔
روز مرّہ دعائیں یاد کریں
خطبہ جمعہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ فرمودہ5؍اپریل 2024ء میں مذکور ادعیۃ المسیح الموعودؑ
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ ’’اے رب العالمین! تیرے احسان کا مَیں شکر نہیں کر سکتا۔ تُو نہایت ہی رحیم و کریم ہے اور تیرے بے نہایت مجھ پر احسان ہیں۔ میرے گناہ بخش تا مَیں ہلاک نہ ہو جاؤں۔ میرے دل میں اپنی خالص محبت ڈال تا مجھے زندگی حاصل ہو اور میری پردہ پوشی فرما اور مجھ سے ایسے عمل کرا جن سے تُو راضی ہو جاوے۔ مَیں تیرے وجہ کریم کے ساتھ اس بات سے پناہ مانگتا ہوں کہ تیرا غضب مجھ پر وارد ہو۔ رحم فرما اور دنیا اور آخرت کی بلاؤں سے مجھے بچا کہ ہر ایک فضل و کرم تیرے ہی ہاتھ میں ہے۔ آمین‘‘ (مکتوباتِ احمدجلد دوم صفحہ 158-159۔ ایڈیشن 2015ء)
اَحَادیث یاد کریں
أَفْضَلُ الصَّدَقَةِ أَنْ يَتَعَلَّمَ الْمَرْءُ الْمُسْلِمُ عِلْمًا، ثُمَّ يُعَلِّمَهُ أَخَاهُ الْمُسْلِمَ
سب سے بہتر اور افضل صدقہ یہ ہے کہ کوئی مسلمان علم دین سیکھے، پھر اسے اپنے مسلمان بھائی کو سکھائے ۔ (سنن ابن ماجه أبواب كتاب المقدمۃ باب ثواب معلم الناس الخیر243)
قصیدہ مع ترجمہ
شعر نمبر 8
يَا بَدْرَنَا يَا آيَةَ الرَّحْمَنٖ
أَهْدَى الْهُدَاةِ وَ أَشْجَعَ الشُّجْعَانٖ
ترجمہ: اے ہمارے کامل چاند ! اے رحمن خدا کے نشان! سب راہنماؤں سے بڑھ کر راہنمائی کرنے والے اور سب بہادروں سے بڑھ کر بہادری کے جوہر دکھانے والے
بَدْر: چودھویں کا چاند ، ماہ تمام ۔ آيَة: نشان، علامت۔ أَهْدَى : سب سے بڑھ کر ہدایت دینے والا۔ الْهُدَاةِ:ھادی کی جمع، ہدایت دینے والے۔ أَشْجَعَ:سب سے بہادر، جرأت مند، الشُّجْعَانِ:بہادر لوگ، حوصلہ رکھنے والے
اَدَب آداب
نماز کے آداب
٭ نماز ہمیشہ چُستی اور توجہ سے ادا کریں سستی اور کاہلی سے نہیں۔
٭ باجماعت نماز ادا کرتے ہوئے امام کی حرکت سے پہلے کوئی حرکت نہ کریں بلکہ امام کی مکمل پیروی کریں۔
٭ نماز سے فارغ ہونے کے بعد فوراً نہیں اٹھ جانا چاہیے بلکہ تھوڑی دیر ذکر الٰہی میں گزاریں۔
٭ کوئی نماز پڑھ رہا ہو تو اس کے پاس شور کرنا یا اونچی آواز میں باتیں کرنا منع ہے۔
٭ نماز جمعہ سے قبل خطبہ خاموشی سے سنیں۔ اگر کسی کو خاموش کرانا ہو تو بھی اشارہ کے ساتھ خاموش کرائیں۔ خطبہ کے دوران تنکوں اور کنکریوں سے بھی نہ کھیلیں کیونکہ خطبہ بھی نماز جمعہ کاہی حصہ ہوتا ہے۔