کینیڈا میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لجنہ اماء اللہ کا تبلیغی پروگرام
مکرمہ امۃ السلام ملک صاحبہ، معاونہ صدر لجنہ اماء اللہ کینیڈا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ کینیڈا کو ۸؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ، جماعت احمدیہ کینیڈا کے مرکزی مشن ہاؤس ’’ایوان طاہر‘‘ (واقع پیس وِلیج، Vaughan) میں خواتین کے عالمی دن (International Women’s Day) کے موقع پر ایک تبلیغی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ نیشنل سیکرٹری صاحبہ تبلیغ نے تمام مہمانان کو اس پروگرام میں خوش آمدید کہا اور ’’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور بعثت کی غرض‘‘، ’’جماعت احمدیہ میں خلافت کا بابرکت نظام‘‘ اور ’’خلافت کے تابع احمدی مسلمان عورتوں کی تنظیم لجنہ اماءاللہ‘‘ کا تعارف پیش کیا۔
نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیڈا نے تین پینلسٹس (Panellists) کے ہمراہ مہمانوں کو ۱۵۰۰؍سال قبل اسلام میں عورت کو دیے گئے سماجی اور معاشی حقوق کے ساتھ روحانیت میں مرد کے برابر ترقی کرنے کے لیے اسلام کی راہنمائی کے بارے میں بتایا۔
یہ پروگرام اذانِ مغرب سے ذرا پہلے تک جاری رہا۔ اس موقع پر تمام شرکاء کو کھجوریں اور پانی پیش کیا گیا تاکہ روزہ دار، روزہ افطار کرسکیں۔ نمازِ مغرب کے بعد تمام شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ کھانے کے دوران بھی مختلف موضوعات پرگفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام شاملین نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ آج انہیں اسلام کی تعلیمات کو سمجھنے اور بہت ساری غلط فہمیوں مثلاً عورت اور مرد کی برابری، وراثتی حقوق اور چار شادیوں کے بارے میں اسلام کی تعلیم کو صحیح رنگ میں سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ سیاسی، تعلیمی اور پولیس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین سمیت ۲۰۳؍ مہمان خواتین اس پروگرام میں شامل ہوئیں۔ مہمان خواتین کو ایوانِ طاہر سے ملحقہ مسجد بیت الاسلام کا دورہ بھی کرایا گیا۔ مہمان خواتین نے آئندہ ہونے والے پروگراموں میں شامل ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین!
(مرسلہ: محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کینیڈا کی لوکل امارت وان اور جماعت بریدفورڈ ایسٹ میں جلسہ یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد