ایشیا (رپورٹس)

قرغیزستان میں جلسہ ہائے یومِ مسیح موعود کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قرغیزستان کی جماعتوں بِشکیک (Bishkek)، کاراکول اور اَوش کو جلسہ ہائے یومِ مسیح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
۱۔جماعت بِشکیک: جماعت احمدیہ قرغیزستان کے مرکزی مشن بِشکیک میں مورخہ ۲۳؍مارچ۲۰۲۵ء بروز اتوار جلسہ یومِ مسیح موعود منعقد کیا گیا۔شام سوا پانچ بجے نماز ِعصر کی ادائیگی کے بعد جلسے کی کارروائی کا آغاز محترم الیاس کُباتوف صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم وقرغیز ترجمہ سے ہوا۔ اُس کے بعد ’’شرائطِ بیعت‘‘ قرغیز اور رشین زبانوں میں پڑھ کر سنائی گئیں۔ پہلی تقریر بعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عشقِ رسولﷺ‘‘ محترم نیشنل صدر صاحب نے رشین زبان میں کی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اردو منظوم کلام مع رشین ترجمہ پیش کیا گیا۔ دوسری تقریربعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ مکرم میرلان کِدِربائیوف صاحب سیکرٹری تبلیغ نے قرغیز زبان میں کی۔ جلسے کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جو مکرم نیشنل صدر صاحب نے کرائی۔


مستورات نے ایک الگ ہال میں بڑی سکرین پر جلسے کی کارروائی براہِ راست دیکھی اور سنی۔جلسے کے بعد تمام شاملین کے لیے افطاری کا انتظام کیا گیا تھا۔
جلسے میں ۱۱؍انصار، ۲۲؍خدام، ۱۵؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۱۱؍اطفال، ۳؍ناصرات اور ۴؍بچگان شامل ہوئے۔ اس طرح کل حاضری ۶۶؍رہی۔
۲۔جماعت کاراکول: مورخہ ۲۳؍مارچ کو قرغیزستان کی مقامی جماعت کاراکول میں بھی جلسہ یومِ مسیح موعو د کا انعقاد کیا گیا۔ نمازِ عصر کے بعد جلسے کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ کاراکول جماعت کے مربیِ سلسلہ نے یومِ مسیح موعود کا مختصر تعارف اور جلسے کے انعقاد کی اہمیت و مقصد کو بیان کیا۔ بعدازاں ’’شرائطِ بیعت‘‘ رشین زبان میں پڑھ کر سنائی گئیں۔ تین تقاریر بعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بچوں سے محبت و شفقت‘‘بزبان رشین از الخان صاحب، دوسری تقریر بعنوان ’’حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عشقِ رسول‘‘ بزبان رشین از قناعت بیگ صاحب، تیسری تقریربعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت اور پہلی بیعت کا پسِ منظر‘‘ از محترم ضمیر بَخماتَوف صاحب صدر مقامی جماعت نے پیش کیں۔ آخر پر کاراکول جماعت کے مربی سلسلہ نے دعا کروائی اور دعا کے ساتھ اِس بابرکت جلسے کا اختتام ہوا۔جلسے کے بعدتمام شاملین کے لیے افطاری کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس جلسے کی کُل حاضری ۲۱؍رہی۔


۳۔ جماعت اَوش: مورخہ ۲۹؍مارچ بروز ہفتہ جماعت اَوش میں جلسہ یومِ مسیح موعود منعقد کیا گیا۔ تلاوت قرآنِ کریم کے بعد حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔ مربی سلسلہ غیاث بیگ صاحب نے تقریر بعنوان ’’جلسہ یومِ مسیح موعود کے انعقاد کی غرض و غایت‘‘ کی۔ اُس کے بعد منظوم کلام پیش کیا گیا۔ اختتامی تقریر مربی سلسلہ فاتح ملک صاحب نے ’’کسوف و خسوف صداقت حضرت مسیح موعودؑ کا نشان‘‘ کے موضوع پر کی۔
جلسے کے اختتام پر ایک بچی صوفیہ سمیطہ کی آمین ہوئی۔ پھر دعا کے ساتھ مجلس کا اختتام ہوا۔ بعدازاں تمام حاضرین کے لیے افطاری کا انتظام کیا گیا۔ اس جلسے میں ۱۳؍افراد نے شرکت کی۔

(رپورٹ:صباح الظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: قزاقستان میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button